Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مسائل کی نشاندہی کر کے اس کا حل نکالیں ‘‘، تیجسوی یادو کی بہار حکومت کو نصیحت

Updated: April 06, 2026, 10:54 AM IST | Patna

اپوزیشن لیڈر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ریاست کے کئی مسائل اور پسماندگی کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے پوچھاکہ بہار اب تک پیچھےکیوں ہے؟

Leader of Opposition in Bihar Assembly Tejashwi Yadav has targeted the government. Photo: INN
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ تصویر: آئی این این

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی ایگزیکٹیو صدر تیجسوی یادو نے اتوار کو ایک بار پھر این ڈی اے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے جرائم، غربت، نقل مکانی اور بدعنوانی جیسے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ’’جب تک آپ مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا حل نہیں نکالیں گے تب تک اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے ہر بار ایسے ہی انتخابات میں الیکشن کمیشن جیسے اداروں، بدعنوان افسروں کے گٹھ جوڑ اور سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرنا پڑے گا۔ ‘‘
بہاراسمبلی میں اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ملک میں سب سے زیادہ جرائم، غربت، ہجرت، بدعنوانی اور سب سے زیادہ بے روزگاری بہار میں ہے۔ پُرتشدد جرائم اور اغوا میں بہار اول ہے۔ دوسری جانب ملک میں سب سے کم شرح خواندگی، فی کس آمدنی، کسانوں کی آمدنی اور فی کس سرمایہ کاری بہار میں ہے۔ ‘‘تیجسوی یادو نے مزید لکھا ’’یہی نہیں، ملک میں سب سے زیادہ ڈاکٹروں کے عہدے بہار میں خالی ہیں۔ تقریباً۵۸؍ فیصد عہدے خالی ہیں اور ملک میں جھوپڑپٹیوں میں رہنے والے لوگ بہار میں ہیں۔ بہار کی۱۴؍ فیصد آبادی جھوپڑیوں میں رہتی ہے۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: بسوا شرما کی اہلیہ کے پاس ۳؍ ملکوں کے پاسپورٹ!

تیجسوی یادو نےمزید لکھا کہ ’’سنجیدگی سے اس پر غور و فکر کرو اور بتاؤ کہ۲۱؍ سال کے این ڈی اے دور حکومت کے بعد بھی بہار ترقی کے ان تمام اشاریوں میں قومی اوسط سے اتنا پیچھے کیوں ہے؟‘‘
آر جے ڈی لیڈر کے مطابق۲۱؍ سالہ این ڈی اے حکومت اور۱۲؍ سالہ ’ڈبل انجن‘ حکومت کے باعث گزشتہ۲؍ دہائیوں سے تعلیم، روزگار، آمدنی، صنعتی ترقی، پیداوار اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات اور غذائیت سے لے کر اکثر سماجی، انسانی اور اقتصادی اشاریوں میں بہار سب سے نچلے پائیدان پر ہے۔ واضح رہے کہ تیجسوی یادو اتوار کو جھارکھنڈ کے دورہ پر ہیں۔ جھارکھنڈ جانے قبل انہوں نے بہار میں شراب بندی کے قانون پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی کی حالت سب کے سامنے ہے، حکومت کے لوگ ہی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK