• Wed, 04 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ایس آئی آر میں ۳؍ کروڑ دراندازملے ہیں تو اُن کے نام عام کیوں نہیں کرتے‘‘

Updated: November 04, 2026, 9:45 AM IST | Agency | New Delhi

امیت شاہ اورنتن نبین کے دعوے کے بعد چدمبرم نے ۴؍ بنیادی سوال کئے ، بی جے پی ایس آئی آر کو ’’گھس پیٹھیوں ‘‘ سے جوڑنے کی مہم میں جٹ گئی۔

Amit Shah. Photo: INN
امیت شاہ۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جےپی صدر نتن نبین کے  اس دعوے نے سیاسی تنازع کھڑا کر دیا ہے کہ  ایس آئی آر کے دوران ’’غیر حاضر ‘‘قرار دیئے گئے ووٹروں میں تقریباً ۳؍کروڑ بنگلہ دیشی درانداز بھی شامل ہیں۔ اس بیان کے بعد بی جے پی اور این ڈی اے کے لیڈروں نے امیت شاہ کے دعوے کا دفاع کرتے ہوئے اپوزیشن پر غیر قانونی تارکین وطن کو تحفظ دینے کا الزام لگایا ہے جبکہ اپوزیشن نے حکومت سے اس دعوے کے ثبوت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے بی جے پی جھارکھنڈ کے ترجمان پراتل شاہ دیو نے الزام لگایا کہ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن نے بعض علاقوں کی آبادی کے تناسب میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں، خاص طور پر جھارکھنڈ میں۔ شیو سینا (شندے)کی لیڈر شائنا این سی نے بھی بی جے پی کے موقف کی تائید کی اور دعویٰ کیا کہ امیت شاہ نے جن۳؍کروڑ ناموں کا ذکر کیا ہے، وہ حقیقی ووٹر نہیں بلکہ درانداز ہیں۔کانگریس لیڈر ادت راج نے وزیر داخلہ کے دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ دستاویزی ثبوت پیش کریں اور متعلقہ ریکارڈ عوام کے سامنے لائیں۔انہوں نے سوال کیاکہ ’’اگر آپ دعویٰ کر رہے ہیں کہ۳؍ کروڑ افراد موجود ہیں تو ان کا ریکارڈ دکھائیے اور فہرست کو ڈجیٹل شکل میں عوام کے سامنے لائیے۔ جھارکھنڈ، دہلی، بہار اور بنگال میں دراندازوں کی موجودگی کے نام پر بہت شور مچایا گیا۔ جھارکھنڈ میں کتنے درانداز ملے؟ دہلی اور بہار میں کتنے افراد کی نشاندہی ہوئی؟‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی اتنی بڑی تعداد میں درانداز موجود ہیں تو مرکز گزشتہ تقریباً ساڑھے۱۲؍برسوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود ان کی شناخت کرکے انہیں ملک سے باہر نکالنے میں ناکام کیوں رہا۔

  چدمبرم   کے ۴؍ سوال کیا ہیں؟
۱۔آپ نے جن۳؍کروڑ دراندازوں کا ذکر کیا  وہ کون لوگ ہیں؟ کیا مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں نے ان کی شناخت کر لی ہے؟
۲۔ آپ نے کہا تھا کہ ہریانہ کے عوام جانتے ہیں کہ درانداز کون ہیں۔ اگر عوام کو معلوم ہے تو ہریانہ کی حکومت کو بھی ضرور علم ہوگا۔ حکومت ان کے نام عوام کے سامنے کیوں نہیں لاتی اور   کارروائی کیوں نہیں کرتی؟
۳۔  اگر۳؍کروڑ درانداز ہی ہیں تو پھر (فوت شدہ افراد کو چھوڑ کر)۱۳؍کروڑ۳۰؍لاکھ نام ووٹر لسٹ سے کیوں حذف کئےگئے؟
 ۴۔مغربی بنگال میں جن افراد نے اپیلوں میں کامیابی حاصل کی ہے، کیا انہیں بھی درانداز قرار دیا جائے گا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK