Updated: November 03, 2026, 10:03 PM IST
| London
کولنز ڈکشنری نے۲۰۲۶ء کے’ورڈ آف دی ایئر‘کا اعلان کرتے ہوئے ’’موگنگ‘‘ (Mogging)کو منتخب کیا ہے، جس کے استعمال میں ایک سال کے دوران۲۱۰؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس لفظ کے معنی کسی کو پیچھے چھوڑنے یا اس سے بہتر کارکردگی دکھانے کے ہیں، جب کہ فہرست میں کئی نئے اور دلچسپ الفاظ بھی شامل ہیں ۔
کولنز ڈکشنری نے۲۰۲۶ء کا’ ورڈ آف دی ایئر‘ ’موگنگ‘(Mogging) کو قراردیا، یہ کسی کو پیچھے چھوڑنے یا اس سے بہتر کارکردگی دکھانے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ کولنز ڈکشنری کے ماہرینِ لسانیات۲۷؍ ارب الفاظ پر مشتمل ’’کولنز کارپس‘‘ کا جائزہ لیتے ہیں ۔ اس ذخیرے میں سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ سے حاصل ہونے والے الفاظ شامل ہوتے ہیں ۔ اسی تحقیق کی بنیاد پر ہر سال نئے اور مقبول الفاظ کی فہرست تیار کی جاتی ہے، جس میں سے ایک لفظ کو سال کا سب سے نمایاں لفظ قرار دیا جاتا ہے۔
کولنز ڈکشنری کے مطابق۲۰۲۶ءمیں ’’موگنگ‘‘ کے استعمال میں ۲۱۰؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آرنالڈ شوارزنیگر سے لے کر سر جیکب ریس موگ تک کئی معروف شخصیات نے بھی اس اصطلاح کو اپنایا۔ کولنز کے منیجنگ ڈائریکٹر الیکس بی کرافٹ نے کہا کہ ’’موگنگ‘‘ کو ’ ورڈ آف دی ایئر‘ منتخب کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح ہر نسل زبان پر اپنے اثرات مرتب کرتی ہے۔ یہ اس کی بہترین مثال ہے کہ جنریشن زی اور جنریشن الفا نے ایک لفظ کو اپنا کر اسے مزاحیہ عام بول چال کا حصہ بنا لیا ہے اور زبان کو اپنے انداز میں ڈھال لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پرتگال کے جزیرے کورفو میں ننھے پرندوں کی پہلی پرواز بچانے کیلئے روشنیاں بجھا دی جاتی ہیں
اس سال کی فہرست میں ’’ہائیڈریشن بریک‘‘ (Hydration Break) اور ’’مانچسٹرزم‘‘ (Manchesterism) جیسے الفاظ بھی شامل ہیں۔ ہائیڈریشن بریک سے مراد کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو پانی یا دیگر مشروبات پینے کیلئے دیا جانے والا وقفہ ہے، جبکہ مانچسٹرزم ایک سیاسی نظریے کی وضاحت کرتا ہے، جس میں اختیارات کو مختلف علاقوں تک منتقل کرنے اور معاشی و سماجی ترقی پر زور دیا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح برطانیہ کے وزیرِاعظم اینڈی برنہم کی ویسٹ منسٹر واپسی سے وابستہ سیاسی بحث کے تناظر میں بھی سامنے آئی ہے۔
فہرست میں شامل دیگر الفاظ اور ان کے معنی
بکسی (Bixie): ایسا بالوں کا انداز جو باب کٹ سے چھوٹا لیکن پکسی کٹ سے قدرے لمبا ہوتا ہے۔
کار اسپریڈنگ (Carspreading): گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کا ایسی گاڑیاں تیار کرنے کا رجحان جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ لمبی، چوڑی اور بھاری ہوں ۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کی بھوک اسرائیل میں انتخابی مہم کا ہتھیار جبکہ ۵؍لاکھ فلسطینی امداد سے محروم
فائر ویو (Firewave): مختصر عرصے کے دوران کسی شہر میں لگنے والی جنگلاتی یا دیگر بڑی آگ کے سلسلے کو کہتے ہیں ۔
فریسی (Fricy): ایسی غذا جس میں پھلوں جیسا ذائقہ اور مرچ مصالحے کی تیزی دونوں موجود ہوں ۔
فرینڈ سلاپ (Friendslop): کم بجٹ میں آزادانہ طور پر تیار کیا جانے والا ایسا ویڈیو گیم جسے دوست مل کر کھیلتے ہیں ۔
گھوسٹ جاب (Ghostjob): ایسی ملازمت جس کا اشتہار تو دیا جائے لیکن کسی امیدوار کو ملازمت دینے کا کوئی ارادہ نہ ہو۔
ہائیڈریشن بریک (Hydration Break): کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو پانی یا دیگر مشروبات پینے کے لیے دیا جانے والا وقفہ۔
مانچسٹرزم (Manchesterism): ایسا سیاسی نظریہ جس میں اختیارات کو مختلف علاقوں تک منتقل کرنے اور معاشی و سماجی ترقی کو اہمیت دی جاتی ہے۔
موگنگ (Mogging): کسی شخص یا چیز سے زیادہ نمایاں ہونا، اسے پیچھے چھوڑ دینا یا اس سے بہتر کارکردگی دکھانا۔
پی (ڈوم) (P(Doom)): اس امکان کا اندازہ کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) انسانی تہذیب کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔