Inquilab Logo

جمہوریت کو بچانا ہے تو عوام تک آزادی کا اصل پیغام پہنچانا ہوگا

Updated: August 22, 2021, 9:20 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

آزادی کے ۷۵؍ ویں سال میں مختلف سماجی تنظیموں کامجاہدین آزادی کی قربانی کا اصل مقصد ملک بھر میں عام کرنے کا عزم۔ ۱۵؍ اگست سے سلسلے کا آغاز کیا جا چکا ہے لیکن آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی خاطر سماجی کارکنان کی اہم میٹنگ۔ سال بھر مجاہدین آزادی کو یاد کرنے، ہندو مسلم اتحاد کیلئے کام کرنے اور عوام کو ان کے آئینی حقوق اور موجودہ حکومت کے جبری اقدامات سے آگاہ کرنے کا منصوبہ

Social workers can be seen meditating during a meeting in Mumbai`s Sarvodia Mandal.Picture:Inquilab
میں ممبئی کے سروودیہ منڈل میں منعقعدہ میٹنگ کے دوران سماجی کارکنان کو غور وخوض کرتے دیکھا جا سکتا ہے تصویر انقلاب

آزادیٔ وطن کے ۷۵؍ ویں سال  مختلف سماجی تنظیموں نے آزادی کے پیغام کو عام کرنے کا عز کیا ہے۔ اس کیلئے انہوں نے متحدہ کوشش شروع کی ہے۔ اس کیلئے سب سے اہم قدم یہ ہے کہ سال بھرالگ الگ پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔اس تعلق سے گرانٹ روڈ کے  سروودیہ منڈل  میں سنیچر کو ایک  میٹنگ  منعقد کی گئی تھی جس میں مختف سماجی کارکنان  نے حصہ لیا ۔ اس  دوران حاضرین نے کہاکہ جمہوریت کی بقاء اورنفرت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل جل کرکوشش کرنی ہوگی تبھی آزادی مجاہدین آزادی  کا خواب شرمندۂ تعبیرہوسکے گا ۔ حالانکہ مختلف تنظیموں کے  نمائندوں نے اس مہم کا آغاز ۱۵؍ اگست کواگست کرانتی میدان سے ہتاتمام چوک تک ریلی نکال کرکردیا ہے۔
وقت کی سب سے اہم ضرورت 
 ’سیوڈیموکریسی ‘نامی تنظیم کی رکن اپرنادلوی نے کہا کہ ’’یہ موجودہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے کہ ہم ملک کے ہرطبقے کویہ بتائیںکہ آزادی کا مقصد کیا تھا اورآج کیا ہو رہا ہے ؟ کس طرح من مانی کرکے ایک خاص نظریہ تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی لئے یہ طے پایاہےکہ پورے سال پروگراموںکا انعقاد کیاجائے گا، شہیدوں کی یادگار  پرہم سب اکٹھا ہوںگے اورالگ الگ مواقع پراسی عنوان سے لوگوں کو جوڑاجائے گاورنہ آج جو کچھ ہورہا ہےاس پرخاموشی اختیار کی گئی تو ایک دن آزادی کا مقصدہی فوت ہوکر رہ جائے گا اور مجاہدین آزادی کی قربانی ضائع ہو جائےگی ۔‘‘
 جن مکتی سنگھرش واہنی اورسروودیہ منڈل کےرکن جینت دیوان نے کہاکہ ’’ ہم سب کی کوشش اندھیرے میںچراغ جلانے کی ہے،دیکھنا ہوگا کہ کتنی کامیابی ملتی ہے۔ ‘‘ ان کے مطابق ’’ ملک کی آزادی کیلئے قربانی دینے والو ں کابنیادی مقصد یہ تھا کہ سارے ہندوستانی آزاد فضا میں سانس لیں،اونچ نیچ ختم ہو، پیار ومحبت کی ہوا چلے ، خوشحالی آئے  لیکن آج ان سب کو چھوڑکر انسان کو انسان کے بجائے ہندو مسلم میں بانٹ دیا گیا ہے ۔لیکن ہم نے یہ عزم کیا ہے  ہےکہ ہم نہ بٹیںگے اورنہ ہی سماج کوبٹنے دیںگے۔‘‘ 
 ڈاکٹر وویک کورڈے نے کہاکہ’’سال بھر ہم سب سماج کوبیدارکرنے کی کوشش کریںگے۔ہمیںیہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ گاندھی ،امبیڈکراوربھگت سنگھ کے  ہندوستان کاکیا خواب تھا ، اسے عام کرنا،اپنے بچوںاورنوجوانوں کواس سے واقف کرانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔‘‘سلیم الوارے نے کہاکہ ’’یہ بہترین موقع ہوگا جب آزاد ی کے ہیروکو یاد کیا جائے گا اور ان کے سپنوں کا ہندوستان عوا م کےسامنے لانے کی کوشش کی جائے گی۔‘‘ انہوںنے نوجوانوں کو ملازمت کے نام پربے وقوف بنانے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ریلوے میںبھرتی کے نام پر۲؍کروڑطلبہ سے ۵۰۰؍روپے فی امیدوارکے حساب سے تقریباً ۱۰؍ہزارکروڑروپے محض فیس کے نام پرلئے گئے لیکن حکومت نے اس کے بعدسے خاموشی اختیار کرلی اوریہ نہیںبتایا کہ ان طلبہ کا کیاہوگا؟ملازمت ملے گی یا نہیں؟اورملے گی تو کب ؟
آئین  کو  بدلنے کی کوشش
 سلیم صابو والا نے کہاکہ’’ آج ملک کے جو حالات میںاورخاص طور پراقلیتوں کو جس طرح کے مسائل کا سامنا ہے اس سے عام آدمی کومزیدواقف کروانا ہے۔‘‘ انہوںنے  کہا کہ ’’آج تعلیم کی نجکاری ہورہی ہے جس سے ایک وقت وہ آئے گا جب عام آدمی مہنگی ہونے کےسبب تعلیم سے محروم ہوجائے گا ۔ ‘‘ انہوں نےبتایاکہ ’’اس کےعلاوہ سال بھر چلائی جانے والی مہم کے دوران عوامی کے حقوق کوکس طرح پامال کیا جارہا ہے ، اس سے بھی آگاہ کرواناہے تاکہ موجودہ حکومت کی اصلیت عام آدمی کواچھی طرح معلوم ہوسکے ۔‘‘ایم اے خالدنے کہاکہ’’ جمہوریت کی بقاء کیلئے نوجوانوں اور خواتین تک ہمیں پہنچنے کی ضرورت ہےتاکہ ان کو جوڑا جا سکے ۔ ‘‘ میتری نامی تنظیم کے رکن سورج بھوئیر نے کہاکہ ’’ آج برسرِ اقتدار طبقہ اوراس کی سرپرستی کرنے والی کچھ طاقتیں ملک کاآئین بدلنے کی بات کررہی ہیںبلکہ انہوںنے کوششیں شروع کردی ہیں۔ یعنی ہم سب کے آئینی  حقوق چھیننے کی تیاری ہے ۔ یہ انتہائی خطرناک ہےاوراس کیلئےہم سب کابیدار ہونا اوردوسروں کو بیدار کرناسب سے اہم کام ہے۔‘‘
سال بھر کا پروگرام
 ۷۵؍ویں سالگرہ کی مناسبت سے پورے سال کا پروگرام کچھ اس طرح ہوگا :(۱) ملک کی آزادی کیلئے قربانی دینے والی گمنام شخصیات کو یاد کرنا (۲)دستور میں دیئےگئے شہریوں کے حقوق کو بتانے کیلئےعلاقے کی سطح پر چھوٹی چھوٹی میٹنگیںکی جائیں گی (۳)خواتین کی خدمات کویاد کیاجائے گا (۴)ہندومسلم اتحاد کومستحکم کرنے کی کوشش ہوگی (۵) ان مقاصد کے حصول کیلئےکوشاں رہنے والے جن لوگوں کونشانہ بنایا گیا ہے انہیںیاد کیاجائے گا۔

democracy Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK