Inquilab Logo

مرکز میں حکومت بنی تو سبھی پسماندہ ریاستوں کو خصوصی درجہ دیا جائے گا

Updated: September 16, 2022, 9:37 AM IST | patna

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کا مشن۲۴؍کے پیش نظر بڑا اعلان،پسماندہ ریاستوں کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش،بی جے پی کے ساتھ جانے کے فیصلے کو ایک بار پھر اپنی غلطی بتایا

Bihar Chief Minister Nitish Kumar and Deputy Chief Minister Tejashwi Yadav in a happy mood on the occasion of the launch of `Rural Solar Light Project`.
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو ’رورل سولر لائٹ منصوبے‘ کے آغازکے موقع پر خوشگوار موڈ میں

:لوک سبھا انتخابات یعنی مشن- ۲۰۲۴ءکی تیاریاں شروع کرچکے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنےمرکز میں سرکار بننےکے بعد بہارکےساتھ سبھی پسماندہ ریاستوںکو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کرکے وزارت عظمیٰ کے عہدہ کے امیدوارکے طور پر خود کو غیر اعلانیہ پیش کرنےکی کوشش کی ہے۔حالانکہ، وہ اب تک خود کےاگلے وزیراعظم کےامیدوار ہونےسے انکار کرتےرہےہیں۔اتنا ہی نہیں، بی جے پی کو مرکز کےاقتدار سے بے دخل کرنے کےلئے ایک مضبوط صف بندی کیلئےکوشاں نتیش کمار نے اس بیان کے ذریعہ ملک کی پسماندہ ریاستوںکو بھی ساتھ لانے کیلئےدائو چل دیا ہے۔ان میں اکثر وہ ریاستیں شامل ہیں جو مرکزی حکومت سے خصوصی درجہ کا بار بار مطالبہ کرتی رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نتیش کمارنے کہاکہ اگر ۲۰۲۴ء میںمرکز میں ہماری حکومت بنتی ہے تو پسماندہ ریاستوں کو ضرور خصوصی ریاست کا درجہ ملے گا۔ انہوں نےکہاکہ ہم صرف بہارکی بات نہیں کہہ رہے ہیںبلکہ ان پسماندہ ریاستوں کی بھی بات کہہ رہے ہیں جن کو یہ درجہ ملناچاہئے۔نتیش کمارنے جمعرات کو وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں ’رورل سولر لائٹ منصوبے‘ کا آغاز کرتے ہوئے مذکورہ اعلان کیا۔
 نتیش کمارنےکہا کہ بہار کو خصوصی درجہ ملنا چاہیےتھا۔جب میں بی جے پی کے ساتھ تھا تو امید تھی کہ یہ مطالبہ پورا ہوجائے گا،لیکن بی جے پی نے میری بات نہیں سنی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پارٹی اور موجودہ مرکزی حکومت بہار کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی۔نتیش نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بہار کو اس کاحق ملنا چاہیے۔ پسماندگی دور کرنے کے لئے بہارجیسی ریاستوں کو خصوصی درجہ دیا جانا چاہیے۔ اگر موجودہ حکومت یہ درجہ نہیں دیتی ہے تو۲۰۲۴ءمیں اگراپوزیشن جماعتوں کی حکومت آتی ہے تو خصوصی ریاست کادرجہ دیا جائےگا۔نتیش کمار نے کہا کہ خصوصی ریاست کادرجہ پسماندہ ریاستوں کا حق ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ لمبے عرصے سے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ حکومت کی جانب سے یہ مطالبہ اٹھاتے رہے ہیں۔ اس کیلئے مہم بھی چلائی لیکن مطالبہ پورا نہیں ہوا۔ اگر  بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ مل گیاہوتا تو بہت فائدہ ہوتا۔
 انہوںنےکہا کہ اگرہم لوگ جیسا چاہ رہے ہیں،متحد ہوجاتےہیں اور بی جے پی کی جگہ دہلی میں ’مین فرنٹ‘ کی حکومت بنتی ہے تو یقینی طور پر پسماندہ ریاستوں کو خصوصی ریاست کادرجہ ملے گا۔
 نتیش کمارنےسخت تیور دکھاتے ہوئے ایک بار پھر مرکزی حکومت اور اس کی قیادت کررہی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ کام کے نام پر صرف تشہیرکرتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نےکہاکہ دہلی میں بیٹھے لوگ اور ان کی حکومت کوئی کام نہیں کرتی ہے، وہ لوگ صرف پروپیگنڈہ والےہیں۔ نتیش کمار نےایک بار پھرکہا کہ بی جے پی کے ساتھ جانا ان کی بڑی غلطی تھی۔خیال رہے کہ بہار کے علاوہ آندھرا پردیش، گوا، راجستھان اور اڈیشہ پچھلے کئی سال سے خصوصی ریاست کے درجے کا مطالبہ کرتی رہیں ہے۔نتیش کمارکے اس اعلان کو اس لئے بھی اہم مانا جارہاہےکہ وہ اس کے ذریعہ کئی ریاستوں کو سادھنے کی کوشش کرتے نظر آرہے ہیں۔ 
بی جے پی الجھانے کی کوشش کرے گی
 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کےمجوزہ بہار دورہ پر طنز کرتےہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگ جھنجھٹ پیدا کرنے کے چکر میںرہتے ہیں،لیکن ہم سبھی کو ہوشیار رہنا ہے۔ نتیش نے کہا کہ بی جے پی کا کام ہی بدامنی پھیلانا ہے، لیکن ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ہوگااور ریاست میں آپسی محبت اور بھائی چارےکا ماحول قائم رکھنا ہے۔
بیگوسرائےمیں پولیس اپنا کام کررہی ہے
 بیگو سرائےمعاملے میں بی جے پی کے رد عمل کو انہوں نےغیرضروری بتایا اور کہا کہ پولیس مستعدی سے اپنا کام انجام دےرہی ہے۔۷؍غیرذمہ دارپولیس اہلکاروں کو معطل کردیاگیاہے ۔ پولیس افسران کو اس معاملے میں ہر پہلو پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔مجرمین کی گرفتاری کے بعد سب کچھ سامنے آجائے گا۔
گری راج اور سشیل مودی کےبیان پر سخت رد عمل 
  بی جے پی لیڈر گری راج کے بیان پر نتیش کمار نےکہا کہ ایسے لوگوں کے بولنے کاکوئی مطلب نہیں ہے ۔ کل کیا بولتےتھے اور آج کیا بول رہے ہیں ۔اس دوران انہوںنے کہاکہ کچھ لوگ اس معاملے کو جان بوجھ کر طول دینا چاہتے ہیں ، مگر ہمیں اس الجھن میںنہیںپڑنا چاہئے۔بیگو سرائے گولی باری میںزخمی لوگوں کی ذات کے سوال پر نتیش کمار نے کہا کہ سبھی ذات کے لوگ زخمی ہوئےہیں ۔بی جے پی کانام لئے بغیرانہوںنے کہا کہ ہم لوگ کام کرتےہیں صرف ’پرچار پرسار‘ میںنہیں لگے رہتے ہیں ۔ وہ کچھ بھی اس لئےبولتے رہتےہیں کیونکہ  ایسے بیان دینے سے ہی دلی والے کچھ عزت دیں گے۔سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سشیل مودی جی کوخاص جگہ مل جائے تو ہمیں خوشی ہوگی۔یہ بھی مودی ہیںلیکن کہیں جگہ نہیں ملی اس لئے آج کل کچھ کچھ بولتے رہیں گےتو مودی جی(وزیر اعظم) مودی جی(سشیل مودی)کو جگہ دے دیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK