نیتی آیوگ میں وزیراعظم نے ترقی کیلئے مرکز اور ریاستوں میں بہتر تال میل پر زور دیا، کہا: ریاستیں ترقی یافتہ ہوں گی تبھی ملک ترقی یافتہ ہوگا
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 9:53 PM IST | New Delhi
نیتی آیوگ میں وزیراعظم نے ترقی کیلئے مرکز اور ریاستوں میں بہتر تال میل پر زور دیا، کہا: ریاستیں ترقی یافتہ ہوں گی تبھی ملک ترقی یافتہ ہوگا
وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’ترقی یافتہ ہندوستان ‘‘کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دہلی میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے۱۰؍ ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ’’ ترقی یافتہ ہندوستان ملک کے ہر شہری کی خواہش بن گیا ہے۔ہمیں ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔ اگر مرکز اور تمام ریاستیں مل کر ٹیم انڈیا کی طرح کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناممکن نہیں ہے۔‘‘
ترقی کیلئے سیاحت کا فروغ
وزیر اعظم نے کہا کہ’’ہندوستان تب ہی ترقی کرے گا جب ہر ریاست ترقی کرے گی۔ یہ ملک کے ۱۴۰؍ کروڑ شہریوں کی خواہش ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ہر ریاست، ہر شہر،ہر نگر پالیکا اور ہر گاؤں کو ترقی یافتہ بنانے کا ہدف طے کرنا ہوگا۔ ان خطوط پر کام کریں تو ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرنےکیلئے ہمیں ۲۰۴۷ء تک انتظار نہیں کرنا پڑےگا۔‘‘ سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے فوائد پر زور دیتےہوئے وزیراعظم نے ہر ریاست میں عالمی معیار کا کم از کم ایک سیاحتی مرکز کے قیام پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو چاہئے کہ وہ ہر ریاست میں کم از کم ایک سیاحتی مقام کو عالمی معیار کے مطابق تیار کریں اور تمام سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں۔ وزیراعظم کے مطابق یہ آس پاس کے علاقوں کی بیھ ترقی دینے کا باعث بنے گی۔
ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ترقی یافتہ ریاست
نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے ۱۰؍ اجلاس کا کلیدی موضوع ’’ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ترقی یافتہ ریاستیں ۲۰۴۷ء‘‘ ہے۔ دارالحکومت دہلی کے ’’بھارت منڈپم ‘‘میں منعقدہ اس میٹنگ میں ہندوستان کو۲۰۴۷ء تک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ریاستوں کی ترقی پر خصوصی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نے ہدف حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مستقبل کیلئے شہروں کی تیاری
وزیراعظم نےوزرائے اعلیٰ سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ’’ہندوستان تیزی سے شہری بن رہا ہے۔ ہمیں مستقبل کے لیے تیار شہروں کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ترقی، اختراع اور پائیداری ہمارے شہروں کی ترقی کا انجن ہونا چاہیے۔‘‘ معیشت میں خواتین کے رول کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے، مودی نے کہاکہ’’ہمیں خواتین کو افرادی قوت میں شامل کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے۔ ‘‘
ممتا،سدارمیا اور وجین شریک نہیں ہوئے
میٹنگ میں ریاستوںکے وزرائے اعلیٰ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کےلیفٹیننٹ گورنرس کے ساتھ مرکزی وزراء اور نیتی آیوگ کے ذمہ دار شریک رہے تاہم مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ، کیرالا کے وزیراعلیٰ پنارئی وجین اورکرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا میٹنگ میں شریک نہیں تھے۔ سدارمیانے اس کیلئے اپنے پہلے سے طے شدہ پروگراموں کا حوالہ دیا ہے جبکہ وجین نے اپنے وزیرمالیات کو بھیجنے کافیصلہ کیا ہے۔ ممتا بنرجی کی غیر حاضری کے تعلق سے ریاستی حکومت نے کوئی وضاحت نہیں کی کہ اس کی وجہ کیا ہے۔