Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی کے بعد جے شنکر سے بھی راہل کے ۳؍ سوال

Updated: May 23, 2025, 10:54 PM IST | Mumbai

خارجہ پالیسی کی ناکامی پر آڑے ہاتھوں لیا، عالمی حمایت نہ ملنے اور پاکستان کو ہندوستان کے ہم پلہ کردینے پر جواب مانگا، یہ بھی پوچھا کہ ٹرمپ سے ثالثی کیلئے کس نے کہاتھا

Rahul Gandhi is asking tough questions to the government on the Pahalgam attack and Operation Sindoor.
راہل گاندھی پہلگام حملے اور آپریشن سیندور پر حکومت سے سخت سوال پوچھ رہے ہیں۔

 پہلگام دہشت گردانہ حملے کے ایک ماہ گزر جانے کے بعد ایک طرف جہاں یہ الزام لگ رہا ہے کہ مودی حکومت آپریشن سیندورکا سیاسی فائدہ حاصل کرنے میں جٹ گئی ہےوہیں کانگریس بھی حرکت میں  آگئی ہے۔ لوک سبھا  میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی  نے جمعہ کو لگاتار دوسرے دن حکومت سے تلخ سوال پوچھے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم مودی سے ۳؍ سوال کرنے کے بعد سنیچر کو انہوں نے  ملک کی خارجہ پالیسی کی ’’بربادی ‘‘ پر وزیر خارجہ  ایس جے شنکر کو آڑے ہاتھوں لیا اوران سے بھی ۳؍  کلیدی سوال پوچھے ہیں۔ 
 جے شنکر سے راہل گاندھی کے سوال
 انہوں نے  ’ایکس‘ (جو پہلے ٹویٹر تھا) کے کانگریس  پارٹی کے آفیشیل  ہینڈل سے شیئر کئے گئے  وزیر خارجہ جے شنکر کے انٹرویو  کے ویڈیوکو  ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ’’پاکستان کو ہندوستان کی برابری میں لاکر کیوں کھڑا کیاگیا؟  پاکستان کی مذمت کرنے میں کسی ایک ملک نے بھی ہماری حمایت کیوں  نہیں کی؟ اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ’ثالثی‘ کیلئے ٹرمپ سے کس نے کہاتھا؟‘‘ ان سوالوں کے ساتھ ہی انہوں نے  برہمی کااظہار کرتےہوئے لکھا ہےکہ’’ہندوستان کی خارجہ پالیسی برباد ہوگئی ہے۔‘‘
 جے شنکر کو’جے جے‘کہہ کر مخاطب کیا
 اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے ایس  جے شنکر کیلئے ’’جے جے‘‘ کا مخفف استعمال کیا ہے جو  وزیر خارجہ کے نام کا مخفف نہیں ہے۔  البتہ کانگریس نے بی جےپی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کے ذریعہ راہل گاندھی کاموازنہ ’’میر جعفر‘‘ سے کئے جانے پر  وزیر خارجہ کو ’’جے چند  ‘‘ کے لقب سے نواز دیاتھا۔اس کے بعد سے پارٹی انہیں ’’جے چند جے شنکر‘‘ کہہ کر پکارتی ہے۔اس پس منظر میں راہل گاندھی کا جے شنکر کو ’’جے جے‘‘کہہ کر مخاطب کرنا اہم ہے۔ 
کانگریس پارٹی نے بھی وزیر خارجہ کو نشانہ بنایا
 راہل گاندھی نے ایس جے شنکر  کا جو ویڈیو ٹیگ کیا ہے اس میں وہ ڈچ خبر رساں ادارہ ’’ڈی او ایس‘‘ سے گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں۔  ویڈیو میں وزیر خارجہ جے شنکر سے پاکستان اور  ہندوستان کو ملنے والی بین الاقوامی حمایت اور ملک کی پالیسی پر سوال کئے جا رہے ہیں۔ کانگریس کا الزام ہے کہ ان  پر  جے شنکر کے  جواب غیر واضح اور ہچکچاہٹ  سے پُر ہیں۔ کانگریس پارٹی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ’’ان کی زبان کیوں لڑکھڑا  رہی ہے؟‘‘
 وزیراعظم کی تقریر کو ’’کھوکھلا بھاشن‘‘ قراردیا
 جمعرات کو بیکانیر میں عوامی ریلی میں  وزیراعظم کے اس  دعوے کے بعد کہ ان کا ’’دماغ ٹھنڈا مگر خون گرم‘‘ ہے، راہل گاندھی نے ایکس پوسٹ میں  یہ چبھتا ہوا سوال کر دیا تھا کہ ’’آپ کا خون کیمرہ کے سامنے ہی کیوں گرم ہوتا ہے؟‘‘  اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مودی جی ، کھوکھلے بھاشن بند کیجئے، صرف اتنابتایئے کہ (۱)دہشت گردی پر آپ نے پاکستان کی بات پر بھروسہ کیوں کیا؟ (۲)ٹرمپ کے آگے جھک کر ہندوستان کے مفادات کی قربانی کیوں دی؟   اور(۳) آپ  کا خون صرف کیمرہ کے سامنے ہی کیوں گرم ہوتا ہے؟‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK