سرحد پار سے دہشت گردی کو باقاعدہ جنگ قراردیا ، اعلان کیا کہ ’’اگر وہ جنگ چاہتے ہیںتو اس کا بھی جواب دیا جائیگا ‘‘
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 11:18 PM IST | Ghandi nagar
سرحد پار سے دہشت گردی کو باقاعدہ جنگ قراردیا ، اعلان کیا کہ ’’اگر وہ جنگ چاہتے ہیںتو اس کا بھی جواب دیا جائیگا ‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو بڑودہ میں روڈ شو کرنے کے بعد منگل کو گاندھی نگر میں بھی عظیم الشان روڈ شو کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے ایک بار پھر پاکستان کو للکارتے ہوئےکہا کہ اگر پاکستان جنگ چاہتا ہے تواسے ویساہی جواب ملےگا۔
منگل کی صبح وزیراعظم مودی نےگورنر ہاؤس سے مہاتما مندر تک روڈ شو کیا جس میں ان کےخیر مقدم کیلئے ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا۔ روڈ شو میں ہزاروں افراد بشمول بچے، بوڑھے اور خواتین سڑک کے کنارے کھڑے ترنگا لہراتے اور مودی- مودی اور بھارت ماتا کی جے کے نعرے لگارہے تھے۔
اس موقع پر گجرات حکومت کے ایک سرکاری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کو نشانہ بنایا۔انہوںنے کہا کہ ’’ہم پوری دنیا کو اپناپریوار مانتے ہیں لیکن اگر تم ہماری طاقت کو چیلنج کروگے تو ہندوستان بہادروں کو ملک ہے۔‘‘ سرحد پار سے دہشت گردی کو ’’دانستہ جنگی حربہ‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ’’اگر وہ جنگ چاہتے ہیں توانہیں ویساہی جواب ملےگا۔ ‘‘انہوں نے سندھ آبی معاہدہ کی معطلی کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی سابقہ حکومتوں پر بھی تنقید کی۔