شہری انتظامیہ کی عدم توجہی، راہگیرجان خطرے میں ڈال کر سڑک پر چلنے پر مجبور۔
EPAPER
Updated: August 29, 2026, 2:56 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
شہری انتظامیہ کی عدم توجہی، راہگیرجان خطرے میں ڈال کر سڑک پر چلنے پر مجبور۔
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی عدم توجہی کے سبب کلیان ریلوے اسٹیشن کے بالمقابل فٹ پاتھ ایک بار پھر غیر قانونی تجاوزات کی زد میں آ چکے ہیں جس کے نتیجہ میں روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں اور عام شہریوں کیلئے پیدل چلنا محال ہو گیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے ماضی میں کی گئی دکھاوے کی کارروائیوں کے چند ہی روز بعد دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر دوبارہ تسلط جما لیا ہے جس پر شہریوں میں شدیدغصہ پایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:شکرکی قلت اور قیمتوں پر قابو پانے کیلئے ہدایات جاری
سینٹرل ریلوے کے مصروف ترین جنکشن میں شمار ہونے والے کلیان اسٹیشن پر صبح سے دیر رات تک مسافروں کا شدید ہجوم رہتا ہے۔ قاعدے کے مطابق اسٹیشن کے سامنے فٹ پاتھ راہگیروں کی محفوظ آمد و رفت کیلئے مکمل آزاد ہونے چاہئیں لیکن زمینی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ان فٹ پاتھوں پر کباڑیوں نے اپنے ڈھیر لگا رکھے ہیں جبکہ ہوٹل مالکان نے کھلے عام چولہے، سلنڈر اور دکانوں کا دیگر سازوسامان سجا رکھا ہے۔ فٹ پاتھ پر تل دھرنے کی جگہ نہ ہونے کے سبب راہگیر جان خطرے میں ڈال کر بیچ سڑک پر چلنے پر مجبور ہیں۔
اسٹیشن کے گرد و پیش میں آٹو رکشا، بسوں اور نجی گاڑیوں کی کثرت پہلے ہی ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کرتی ہے اوپر سے آٹو رکشا ڈرائیوروں کی من مانی اور سڑکوں پر چلتے راہگیروں کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں یہاں گھنٹوں بدترین ٹریفک جام رہتا ہے اور پیدل چلنے والے افراد ہر لمحہ تیز رفتار گاڑیوں کے خوف کے سائے میں چلتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی بڑے حادثے سے قبل انتظامیہ کا خوابِ خرگوش سے جاگنا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایم پی ایس سی امتحان میں عمدہ کارکردگی والے طلبہ سے پوچھ تاچھ
کے ڈی ایم سی کی سابقہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے شہریوں نے پوچھا کہ جب مئی اور جون کے مہینوں میں اسٹیشن، اسکائی واک اور بازار کے علاقوں سے ۲۷؍ سے زائد ہاتھ گاڑیاں اور غیر قانونی شیڈ ہٹائے گئے تھے تو چند ہی دنوں میں یہ تجاوزات دوبارہ کیسے قائم ہو گئیں؟ عوام کا الزام ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ پشت پناہی اور چشم پوشی کے بغیر قبضہ مافیا کا دوبارہ سر اٹھانا ممکن نہیں۔ شہریوں اور مسافر تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ وقتی مہم چلانے کے بجائے اس سنگین مسئلے کا مستقل تدارک کیا جائے۔ اسٹیشن روڈ کے تمام فٹ پاتھوں کو فی الفور خالی کروا کر وہاں مستقل چوکسی کا نظام نافذ کیا جائے اور فٹ پاتھ پر قبضہ جمانے والے دکانداروں سمیت اپنے فرائض میں غفلت برتنے والے میونسپل افسران کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔