Inquilab Logo

انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اطراف غیر قانونی پارکنگ

Updated: January 25, 2024, 9:21 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹریفک نظام متاثر، مقامی افراد کو دشواری ، شکایت کے باوجود ٹریفک پولیس اور بی ایم سی کی جانب سے کارروائی نہ کرنے کا الزام

Similarly, the traffic system is affected day by day.
اسی طرح آئے دن ٹریفک نظام متاثر ہوتا ہے۔( تصویر، انقلاب: سمیر مارکنڈے)

چھترپتی شیواجی مہاراج انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور اس کے اطراف نوپارکنگ زون میں غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کا انتہائی سنگین مسئلہ  پید ا ہوگیاہے جس سے نہ صرف مضافات میں سفر کرنے والے پریشان ہیں بلکہ ایئر پورٹ کے آس پاس رہنےوالےافراد بھی مسلسل غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے سبب پیدا ہونے والے مسائل سے جوجھ رہے ہیں۔ ایئر پورٹ کے اطراف رہنےوالوں کا الزام ہے کہ ٹریفک اور غیر قانونی پارکنگ کے مسئلے کو ختم کرنے کے سلسلے میں  بارہا درخواستوں کے باوجود ٹریفک پولیس اور شہری انتظامیہ کی جانب  ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا  ہے ۔ ادھرشہری انتظامیہ ایئر پورٹ  اور اس کے اطراف کئی پارکنگ زون کی سہولت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنا دامن بچانے کی کوشش کررہا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نو  پارکنگ   زون  میں پارکنگ کرنے والوں کیخلاف نہ صرف مسلسل کارروائی کی جاتی ہے۔
  مرول ناکہ ، جے بی نگر ،سہار ویلیج ، سہار پولیس اسٹیشن کی حدود  کے  علاقوں نیز ایئر پورٹ کے ٹرمنس ۲؍ میں پرائیویٹ ٹور آپریٹر ،  پرائیویٹ کار ، ٹیکسی، ٹرک اور ٹیمپو کی غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے سبب مسلسل ہارن بجتا  ہے جس  سے  صوتی آلودگی بڑھتی ہے۔آمد و رفت میں بھی دشواری ہوتی ہے ۔اس سلسلے میںواچ ڈاگ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ سہار ٹریفک ڈیویژن کی موجودگی کے باوجود نہ تو ٹریفک کا مسئلہ حل کیا جاتا ہے اور نہ غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوتی ہے ۔
 مرول ناکہ میں رہنےوالے سنتوش کامبلے کا کہنا ہے کہ’’ مسلسل ٹریفک اور غیر قانونی پارکنگ کے مسئلے کے حل کیلئے بارہا شکایت کی گئی ہے لیکن  بی ایم سی اس کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور نہ ہی ٹریفک پولیس ہی ہماری  پریشانی کو دور کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ایئر پورٹ پر اپنے دوست، رشتہ دار اور اہل خانہ کو کار میں رخصت کرنے کیلئے آنے والے اکثر شہری  ٹرمنس ۲؍ پر اس طر ح غیر قانونی پارکنگ کرتے ہیں کہ اس کی وجہ سےمقامی افراد کے علاوہ شہر اور مضافات میںسفر کرنے والوں کو بھی گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنا پڑتا ہے ۔‘‘
  اپنے بھائی کو رخصت کرنے ایئر پورٹ آنے والے ندیم خان کا کہنا تھا کہ ’’اس علاقے میں پارکنگ میں جاکر گاڑی پارک کرنے کیلئے گھنٹوں ٹریفک میں پھنسنا پڑتا ہے، نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ لوگ مجبور ہوکر نو پارکنگ زون  ہی میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں ۔‘‘ 
  ٹریفک او رنوپارکنگ  سے متعلق سہار ویلج پر پے اینڈ پارک میں ملازمت کرنے والے ششی پانڈے نے  اس نمائندۂ انقلاب  سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ’’ اس علاقے میں اکثر پارکنگ کی جگہ کے اطراف پہلے ہی سے پرائیویٹ کار  ،ٹرک اور ٹیمپو اس طرح غیر قانونی طریقے سے پارک کئےجاتے ہیں کہ کوئی خالی جگہ میں گاڑی پارک کرنا چاہے تو راستہ ہی نہیں ملتا ہے ۔‘‘ اس سلسلے میں انقلاب نے کے ایسٹ وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر منیش ولنجو سے سوال کیا تو  انہوںنے کہا کہ’’ پارکنگ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،  ایئر پورٹ کے قریب وسنت اوسس عوامی پارکنگ ہے جس میں ایک ہزار ۵۱۷؍ گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ پریل اسکوائر مال میں ۴۴، لائٹ موٹر کار جے وی ایل آر میں ۱۲۹ ؍اور بپنالہ میں ۱۹۷؍ گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔‘‘کمشنر نے پارکنگ زون کے اطراف غیر قانونی قبضوں پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے  انکار کردیا ۔ غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے مسئلے پر سہار ڈیویژن کے پولیس افسر جے سنگھ نائک کا کہناتھا کہ’’ ٹریفک پولیس، ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے فراہم کردہ مارشل کی مدد سے۳؍ شفٹوں میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے  کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔  ایئر پورٹ اور اس کے اطراف غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کیخلاف بھی مسلسل کارروائی کرتی ہے ۔‘‘اس دوران  افسر جے سنگھ نائک نے ٹریفک کے مسئلے  کے حل کیلئے افرادی قوت کی کمی کا بھی اعتراف کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK