صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ، کانگریس سربراہ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اورکئی مرکزی اور ریاستی وزیروں نے بھی بالی ووڈ فنکار کو یاد کیا ہے
EPAPER
Updated: November 24, 2025, 11:00 PM IST | New Delhi
صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ، کانگریس سربراہ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اورکئی مرکزی اور ریاستی وزیروں نے بھی بالی ووڈ فنکار کو یاد کیا ہے
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نیز لوک سبھا میں اپوزیشن کےلیڈر راہل گاندھی سمیت کئی سیاسی شخصیات نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو ہندوستانی سنیما کی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔
دروپدی مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’’سینئر اداکار اور سابق رکن پارلیمان دھرمیندر جی کا انتقال ہندوستانی سنیما کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔ مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک، انہوں نے اپنے دہائیوں پر محیط شاندار کریئر کے دوران کئی یادگار کردار ادا کئے ہیں۔ ہندوستانی سنیما کی ایک عظیم شخصیت کے طور پر، وہ ایسی وراثت چھوڑ گئے ہیں جو فنکاروں کی نوجوان نسل کو ہمیشہ ترغیب دیتی رہے گی۔ ان کے کنبے کے افراد، دوستوں اور مداحوں کے تئیں میری دلی تعزیت۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ’ ’ دھرمیندر جی کا انتقال ہندوستانی سنیما کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ لاکھوں فلم شائقین کو اپنی اداکاری کا دیوانہ بنانے والے اس فنکار نے اپنی قابل ذکر کارکردگی اور فن کے تئیں پختہ لگن کے ذریعے ہندوستانی سنیما کے کینوس کو مالا مال کیا ہے۔ ہندوستانی فلم انڈسٹری کی قابل تعریف شخصیات میں سے ایک دھرمیندر اپنے بعد ایک لازوال وراثت چھوڑ گئے ہیں جو فنکاروں کی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے دھرمیندر کے انتقال کو ہندوستانی سنیما کی دنیا کیلئے ایک عہد کا اختتام قرار دیا۔ انہوں اپنے پیغام میں کہا کہ وہ غیر معمولی اداکار تھے ۔ وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ ایک معزز فلمی شخصیت اور ایک غیر معمولی اداکار تھے جو اپنے ہر کردار میں کشش اور گہرائی پیدا کردیتے تھے۔ جس طرح سے انہوں نے متنوع کردار ادا کئے، اس نے ان گنت لوگوں کو متاثر کیا۔ دھرمیندر جی اپنی سادگی، عاجزی اور گرم جوشی کیلئے یکساں طور پر سراہے جاتے تھے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میرے احساسات و جذبات ان کے کنبے، دوستوں اور ان کے بے شمار مداحوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی ان کے نام ایک تعزیتی پیغام جاری کیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’مشہور ہندی فلم اداکار اور سابق رکن پارلیمان دھرمیندر جی کے انتقال سے انتہائی دکھ ہوا۔ انہوں نے اپنی بے مثال، دلکش اور ایمانداری سے کئی یادگار کرداروں کو زندہ بنا دیا۔ ہندوستانی سنیما میں ان کے قابل ذکر تعاون کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔‘‘وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی اداکار دھرمیندر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ چھ دہائیوں تک ہر ہم وطن کے دل کو چھونے والے دھرمیندر جی کا انتقال ہندوستانی سنیما کی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے لکھا کہ ’’ہندوستانی فلمی دنیا نے آج ایک بیش قیمت ستارہ کھو دیا۔۲۰۱۲ء میں پدم بھوشن اعزاز یافتہ دھرمیندر نے دہائیوں تک سنیما کے شائقین کے دلوں پر راج کیا اور اپنی غیر معمولی اداکاری اور سادہ زندگی سے ایک گہری چھاپ چھوڑی۔اب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ ان کی وفات ایک دور کا خاتمہ ہے۔‘‘
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ عظیم اداکار دھرمیندر جی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ ہندوستانی فن کی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سنیما میں ان کے منفرد تعاون کو ہمیشہ احترام اور محبت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ دھرمیندر جی کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے کہا کہ فلم اداکار دھرمیندر کا انتقال ہندوستانی سنیما کے ایک سنہرے دور کا اختتام ہے۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’’ہندی فلموں کے مقبول اداکار اور سابق رکن پارلیمان پدم بھوشن دھرمیندر کا انتقال فلمی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے کہا کہ دھرمیندر نے اپنی اداکاری، سادہ شخصیت اور غیر معمولی صلاحیت کے دم پر کروڑوں ناظرین کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی۔ ان کا جانا ہندوستانی فلم انڈسٹری کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ادیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ انہوں نے اپنی اداکاری سے دہائیوں تک ناظرین کو مسحور کیا۔ ان کی وراثت فنکاروں اور سینما سے محبت کرنے والوں کی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا نے ابھی انہیں یاد کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں نڈا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ہندوستانی سنیما اور فن کی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان اور لیجنڈ اداکار کے لاکھوں مداحوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ۔
ان کے علاوہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔