• Mon, 24 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوہاٹی ٹیسٹ: جنوبی افریقی گیند بازوں کی حکمرانی، ہندوستان ۲۰۱؍ رنز پر ڈھیر

Updated: November 24, 2025, 9:53 PM IST | Guwahati

مارکو جینسن (۶؍ وکٹ) اور سائمن ہارمر (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پیر کو لنچ کے بعد ہندوستان کو پہلی اننگز میں۲۰۱؍رن پر آل آؤٹ کرکے ۲۸۸؍ رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی اور میچ پر مضبوط گرفت بنا لی۔

South Africa Team.Photo:PTI
جنوبی افریقہ کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

 مارکو جینسن (۶؍ وکٹ) اور سائمن ہارمر (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پیر کو لنچ کے بعد  ہندوستان کو پہلی اننگز میں۲۰۱؍رن پر آل آؤٹ کرکے ۲۸۸؍ رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی اور میچ پر مضبوط گرفت بنا لی۔
 ۲۸۸؍ رنز کی سبقت کے باوجود جنوبی افریقہ نے فالو آن نہیں کروایا اور دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ خراب روشنی کے باعث وقت سے پہلے کھیل روکے جانے تک مہمان ٹیم نے بغیر نقصان کے ۲۶؍ رنز بنا لیے تھے، اور مجموعی برتری ۳۱۴؍ رنز تک پہنچا دی تھی۔ اسٹمپس پر رائن ریکلٹن ۱۳؍ اور ایڈن مارکرم ۱۲؍ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ لنچ کے بعد ۷۹؍ویں اوور میں ہارمر نے واشنگٹن سندر کو ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ کروا کر جنوبی افریقہ کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو نے آٹھویں وکٹ کے لیے ۷۲؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ واشنگٹن سندر ۹۲؍ گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۸؍ رنز بنائے۔ ہندوستان کا آٹھواں وکٹ ۱۹۴؍رن کے اسکور پر گرا۔ اسی اسکور پر  جینسن نے جم کر بیٹنگ کرنے والے کلدیپ یادو کو آؤٹ کرکےہندوستان کو  ۹؍واں دھچکا دیا۔ کلدیپ یادو نے۱۳۴؍ گیندوں پر۱۹؍ رنز بنائے جن میں ۳؍ چوکے شامل تھے۔ بعد ازاں  جینسن نے ۸۴؍ویں اوور کی پانچویں گیند پر جسپریت بمراہ (پانچ) کو وکٹ کیپر کائیل ویرین کے ہاتھوں کیچ کروا کرہندوستان کی اننگز ۲۰۱؍ رنز پر سمیٹ دی۔ 
 ہندوستانی ٹیم نے اگرچہ اچھی شروعات کی تھی جب راہل اور جیسوال نے نصف سنچری شراکت قائم کی، لیکن اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ مارکو  جینسن کی قیادت میں جنوبی افریقی بولرس  نے بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے ہندوستانی بلے بازوں کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ کلدیپ اور واشنگٹن سندر کے درمیان نصف سنچری شراکت ضرور بنی مگر وہ ناکافی ثابت ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان: لیبر قوانین نافذ: کم از کم اجرت اور سماجی تحفظ کا دعویٰ

اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے ابتدائی جھٹکوں سے سنبھلتے ہوئے لنچ تک سات وکٹوں کے نقصان پر۱۷۴؍ رنز بنا لئے تھے، جس میں واشنگٹن سندر (۳۳؍رن) اور کلدیپ یادو (۱۴؍رن) نے اہم کردار ادا کیا۔ چائے کے وقفے کے بعد  جینسن نے رشبھ پنت(سات) کو آؤٹ کرکے ہندوستانی کوششوں کا خاتمہ کیا۔ پھر انہوں نے نتیش کمار ریڈی (۱۰؍رن) اور رویندر جڈیجا (۶) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔ ایسے میں واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی اننگز کو سہارا دینے کی کوشش جاری رکھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:مارکو جینسن نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کردی

دن کے پہلے سیشن میں، یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کی اچھی شروعات کے باوجود جنوبی افریقہ کے  بولرس  نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔ سائمن ہارمر کی قیادت میں انہوں نے چائے کے وقفے تک ہندوستان کے ۱۰۲؍رن  پر چار کھلاڑی آؤٹ کر دیے تھے۔ ایڈن مارکرم ایک ٹیسٹ اننگز میں پانچ کیچ لینے والے جنوبی افریقہ کے دوسرے فیلڈر بن گئے  اس سے قبل گریم اسمتھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK