Inquilab Logo

امریکہ اور پاکستان میں مالک اور غلام جیسے تعلقات کا الزام

Updated: November 15, 2022, 11:55 AM IST | Agency | Islamabad

عمران خان کے مطابق امریکہ کا پاکستان سے رویہ غلاموں والا ہوتا ہے لیکن دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہو نے پر واشنگٹن سے باوقار تعلقات کا اعلان کیا

Imran Khan.Picture:INN
عمران خان ۔ تصویر:آئی این این

 پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) سربراہ  اور پاکستان  کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے مطابق امریکہ سے پاکستان کے تعلقات بالکل مالک اور غلام جیسے رہےہیں لیکن اس کی امریکہ سے زیادہ پاکستان کی حکومتیں ذمہ داری رہی ہیں۔پاکستان کو امریکہ کے ساتھ تعلقات رکھنے چاہئیں۔ واضح رہےکہ پی ٹی آئی  کے مطابق  عمران خان کی حکومت مبینہ امریکی ساز ش کے نتیجے میں گری تھی۔   میڈیاپورٹس کے مطابق اتوار برطانوی اخبار ’فائنانشیل ٹائمز‘ کے ایک انٹرویو میں عمران خان نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کا پاکستان سے رویہ غلاموں والا ہوتا ہے البتہ وہ اس کیلئے امریکہ کو مورد الزام نہیں ٹھہراتے۔اس کے ساتھ  انہوں نے  یہ بھی کہا کہ اگر وہ دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہو گئے تو امریکہ سے باوقار تعلقات  رکھیں گے۔   عمران خان نے  مذکورہ انٹرویو میں اپنی حکومت کے خاتمے کی مبینہ سازش  سے متعلق   یہ بھی کہا کہ اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے اور پیچھے رہ گیا ہے۔ وہ جس پاکستان کی قیادت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، اس کے دنیا کے ہر ملک سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں جس میں خاص طور پر امریکہ شامل ہے۔ جہاں تک امریکہ سے پاکستان کے مالک اور غلام جیسے تعلقات کا سوال ہے تو اس کی امریکہ سے زیادہ پاکستان کی حکومتیں ذمہ دار رہی ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کے مذکورہ مؤقف پر تنقید کی ہے۔  اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا گیا  کہ  دنیا کا عمران خان پر اعتماد ختم ہوا کیونکہ دنیا ایک دروغ گو سے معاملات طے نہیں کرنا چاہتی۔  اس انٹرویو میں عمران  خان نے ایک بار پھر اپنا مؤقف دہرایا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام اسی وقت آ سکتا ہے جب ملک میں قبل از وقت انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔ واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں قومی اسمبلی( پارلیمنٹ ) میں حزب اختلاف   نےاس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور کی تھی ۔ اس وقت  عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ہے۔ اس وقت  انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ حکومت کے خاتمے میں امریکہ ملوث ہے۔امریکہ نے عمران خان کے الزامات کی متعدد بار تردید کی ہے۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ واشنگٹن پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ہے۔ امریکی حکام عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے زور دیتے  رہےہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ماہرین کے مطابق امریکی سازش  کے الزام سے عمران خان کا فائدہ ہو ا ہے ، اسی لئے وہ ہر جگہ اس کا ذکر کر رہےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK