سلمان خان کی آنے والی جنگی فلم کا نام ’’بیٹل آف گلوان‘‘ سے بدل کر ’’ماتر بھومی‘‘ رکھ دیا گیا ہے، جس کی وجہ مبینہ طور پر ہندوستان چین کشیدگی سے جڑی سفارتی حساسیت بتائی جا رہی ہے۔
EPAPER
Updated: March 17, 2026, 6:00 PM IST | Mumbai
سلمان خان کی آنے والی جنگی فلم کا نام ’’بیٹل آف گلوان‘‘ سے بدل کر ’’ماتر بھومی‘‘ رکھ دیا گیا ہے، جس کی وجہ مبینہ طور پر ہندوستان چین کشیدگی سے جڑی سفارتی حساسیت بتائی جا رہی ہے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی جنگی فلم میں پہلی بار ایک فوجی افسر کا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، جس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کر رہے ہیں۔ تاہم فلم کے ٹائٹل میں اچانک تبدیلی نے فلمی حلقوں میں حیرت پیدا کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر فلم کا نام’’بیٹل آف گلوان‘‘ رکھا گیا تھا، جو ہندوستان اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والے تصادم کی طرف اشارہ کرتا تھا۔ لیکن اب اس کا نام تبدیل کر کے ’’’ماتر بھومی‘‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تبدیلی کی بڑی وجہ موجودہ جغرافیائی اور سفارتی حساسیت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے موضوع اور عنوان پر بعض سرکاری اور اسٹریٹجک حلقوں کی جانب سے مشورے دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: جیکی شروف کی سپر ہیرو صنف میں شاندار واپسی، نئی فلم کا اعلان
ذرائع کے مطابق: ’’سلمان خان کو مشورہ دیا گیا کہ وہ نہ صرف فلم کے عنوان پر نظر ثانی کریں بلکہ چین مخالف عناصر کو بھی کم کریں۔ اس فیڈ بیک کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فلم کو زیادہ متوازن اور وسیع قومی جذبات کے مطابق ڈھالا گیا۔‘‘ ان اطلاعات کے مطابق فلم کے اسکرپٹ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ اسے ایک زیادہ جذباتی اور حب الوطنی پر مبنی کہانی بنایا جا سکے۔ نئے ورژن میں مرکزی کردار کی ذاتی اور جذباتی جدوجہد کو زیادہ نمایاں کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا: ’’اب فلم کے مرکز میں ایک فوجی افسر کی کہانی ہے جو ایک حقیقی جنگ اور اپنی ذاتی زندگی، خاص طور پر محبت کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔‘‘ فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور دونوں کے درمیان تعلق کو کہانی میں اہم مقام دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایک ماہ بعد سلیم خان اسپتال سے ڈسچارج، اہلِ خانہ اور شوبز شخصیات کی عیادت
رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا بڑا حصہ مکمل ہو چکا ہے، تاہم گرمیوں میں کچھ اضافی مناظر (پیچ ورک) کی شوٹنگ کی جائے گی۔ بجٹ کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ فلم کی لاگت ابتدائی اندازوں سے بڑھ گئی ہے، لیکن سلمان خان اس حوالے سے زیادہ فکر مند نہیں ہیں اور پروڈکشن کو جاری رکھا گیا ہے۔