Inquilab Logo

عمران خان افغانستان کے دورے پر،بین الافغان مذاکرات پر گفتگو

Updated: November 20, 2020, 10:00 AM IST | Agency | Kabul

افغان صدر نے ناموس رسولؐ کے تعلق سے اقدامات کیلئے عمران خان کی تعریف کی تو عمران نے افغانستان میں جنگ کے بجائے گفتگو پر زور دیا

Imran Khan and Ashraf Ghani - Pic : Agency
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی( تصویر: ایجنسی

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان  افغانستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے افغان  صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔کہا جا رہا ہے کہ ملاقات کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اطلاع  کے مطابق کابل میں  ہوئی اس ملاقات کے دوران  باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور اور افغان مفاہمتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ پریس بریفنگ
 ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں افغان صدر نے کہا کہ وہ افغانستان آنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی نوعیت سے سب آگاہ ہیں، پاکستان اور افغانستان میں تعاون ترقی کیلئے ناگزیر ہے، علاقائی روابط کا فروغ اور معاشی سرگرمیاں ہمارے مفاد میں ہیں، ہم افغانستان میں تشدد کے خاتمے کیلئے جنگ بندی کے خواہاں ہیں۔اشرف غنی  نے ناموس رسول ؐ کے تعلق سے عمران خان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔  انہوں نے کہا  کہ رسول اللہؐ کی ناموس کا تعلق  تمام مسلمانوں کی عزت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ  آزادی اظہار رائے کے حوالے سے منفی اور مثبت رویوں میں تفریق ضروری ہے۔
’طاقت سے کوئی  بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا‘
  پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ دورے کی دعوت پر افغان صدر کے مشکور ہیں،  پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، پاکستان  افغانستان کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری کا خواہاں  ہے، کابل اور اسلام آباد کے درمیان مسلسل رابطے رہنے چاہئیں، پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، ان کا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ طاقت سے کوئی  بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا، پاکستان حکومت اور افغان عوام امن چاہتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
 عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے تھے ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اورافغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی تھیں۔کابل ایئر پورٹ پر وزیراعظم عمران خان اوروفد کا استقبال افغان وزیرخارجہ محمد حنیف اتمر نے کیا۔ جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ عمران خان افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر پہلی بارکابل کا دورہ کرنے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK