Inquilab Logo

آٹا، چینی مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے

Updated: February 17, 2020, 2:42 PM IST | Agency | Lahore

اتوارکو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ آٹا چینی مہنگا ہونے میں حکومت ہی کی کوتاہی ہے۔ انہوں نے اس بحران کو ختم کرنے کیلئے پنجاب کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں فوری طور پرمہنگائی روکنے کا حکم دیا ۔

پاکستان وزیر اعظم عمران خان ۔ تصویر : پی ٹی آئی
پاکستان وزیر اعظم عمران خان ۔ تصویر : پی ٹی آئی

  لاہور : اتوار کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ آٹا چینی مہنگا ہونے میں حکومت ہی کی کوتاہی ہے۔  انہوں نے اس بحران کو ختم کرنے کیلئے  پنجاب کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں فوری طور پر مہنگائی روکنے کا حکم دیا ۔ 
   میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کوعمران خان نے اپنے پنجاب دورے کے موقع پر لاہور میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا :’’ میں نے یہ نہیں کہا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، میں نے کہا تھا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر فلاحی ریاست بنائیں گے، منصوبہ بندی کے تحت حکومت کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور پلان کرکے تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک کی صورتحال ٹھیک نہیں، ہر بات پر دوسرا سوال یہ پوچھا جاتا ہے کہ کہاں ہے نیا پاکستان؟‘‘
 عمران خان نے کہا :’’ روپے کی قدر گرنے سے گھی کی قیمت میں اضافہ ہوا، سب پتہ چل گیا ہے کہ کس نے مہنگائی کر کے فائدہ اٹھایا، آٹا چینی مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے یہ میں مانتا ہوں، انکوائری ہور ہی ہے ، مہنگائی سے پیسہ کمانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔‘‘
  انہوں نے کہا :’’ اصلاحات کے تحت اسپتالوں میں انتظامی تبدیلیاں لےکر آرہے ہیںلیکن افسوس ہے کہ کچھ لوگ اسپتالوں میں اصلاحات لانے کے مخالف ہیں۔‘‘
 قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے  پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت  دی:’’ اشیائے خوردونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔‘‘
 وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ان سے وزیراعلی پنجاب نے ملاقات کی جس میں صوبے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے عمران خان کو مہنگائی کو کنٹرول کرنےسے متعلق اقدامات کےبارے میں بتایا ۔  عمران خان نے پنجاب حکومت کو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو کم قیمت  پر اشیاء خورونوش کی فراہمی ہے۔
 عمران خان نے حکم دیا کہ آٹا اور چینی کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اشیاء خوردونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
  واضح رہےکہ  ان دنوں پاکستان کے کچھ  علاقوں میں آٹا اور شکر کی قیمت آسمان چھورہی  ہے جس سے عوام پر یشان ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK