Inquilab Logo

عمران خان کی مشکلوں میں اضافہ، غیر ملکی فنڈنگ کا الزام ثابت

Updated: August 03, 2022, 11:22 AM IST | Agency | Islamabad

الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا، ۳۴؍ غیر ملکی شہریوں اور ۳۵۱؍ غیر ملکی اداروں سے فنڈ لینے پر جواب طلب، تحریک انصاف پر پابندی بھی لگ سکتی ہے، اپوزیشن نے خیر مقدم کیا

Akbar Babar is a former leader of PTI filed a complaint against Imran Khan`s party.Picture:AP/PTI
اکبر بابر جو پی ٹی آئی کے سابق لیڈر ہیں، نے عمران خان کی پارٹی کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔وہ منگل کو فیصلہ سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن سے باہر آتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: اے پی / پی ٹی آئی

 الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس میں منگل کو اپنے متفقہ فیصلے میں عمران خان کی پارٹی ’پاکستان تحریک انصاف‘ (پی ٹی آئی) کو بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈز حاصل کرنے کا مجرم قرار دیا۔ یہ اعلان چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سہ  رکنی بنچ نے منگل کو اپنے فیصلے میں کیا۔ ای سی پی کے فیصلے کے اعلان سے قبل فائنانشیل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کو ابراز کے بانی عارف نقوی سے تعلق رکھنے والے ووٹن کرکٹ کلب سے فنڈز ملے تھے اور یہ رقم چیریٹی میچ کے ذریعے کمائی گئی تھی۔ فائنانشیل  ٹائمز کی رپورٹ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ایک سیاسی محاذ قرار دیا اور پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی طرف سے۲۰۱۴ء میں دائر کیے گئے مقدمے میں فیصلے کے جلد اعلان کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق بابر نے عمران خان کو بار بار وضاحت کی کہ پی ٹی آئی کے کچھ اعلیٰ لیڈر مالی بددیانتی میں ملوث ہیں۔ اس کے باوجود انہوں  نے  اس تعلق سے  آنکھیں بند کر لیں  جس کے بعد  پارٹی  کے سابق لیڈر  نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن  میں اٹھایا۔  ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی  الیکشن کمیشن کے خلاف جاتی ہے تو اس کا اپنا ہی نقصان ہوگا۔ کیونکہ کچھ معاملے  جو عوام کے سامنے نہیں تھے وہ بھی سماعت کے دوران سامنے آئیں گے۔ عمران خان کی پارٹی پر الزام ہے کہ ۲۰۱۴ء میں  عطیہ جمع کرانے کیلئے  میچ منعقد کئے گئے تھے جس کے دوران ۳۴؍ غیر ملکی شہریوں اور ۳۵۱؍ غیر ملکی اداروں  نے عمران خان کی پارٹی کو عطیہ دیا۔ مجموعی طور پر پی ٹی آئی کو ۲۱؍ لاکھ ۲۱؍ ہزار ۵۰۰؍  امریکی ڈالر اس میچ کے  دوران عطیہ کے طورپر ملے تھے۔ ان عطیہ دہندگان میں ایک ہندوستانی نژاد خاتون بھی شامل ہے۔پی ٹی آئی پر الیکشن کمیشن سے اپنے ۱۳؍ بینک کھاتوں کو مخفی رکھنے کا بھی الزام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK