Updated: March 10, 2026, 6:04 PM IST
| Mumbai
فلم ’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ کے عنوان کو تبدیل کرنے سے متعلق افواہوں کے بعد اداکار اور پروڈیوسر عامر خان نے واضح کیا ہے کہ فلم کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ یہ فلم معروف ادیب اصغر وجاہت کے ڈرامے پر مبنی ہے جس میں سنی دیول اور پریتی زنٹا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کو اگست ۲۰۲۶ء میں ریلیز کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
فلم ’’لاہور ۱۹۴۷‘‘ کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی آنے والی فلم’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے عنوان کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فلم کا نام تبدیل کر کے ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ رکھا جا سکتا ہے، تاہم فلم کے پروڈیوسر اور اداکار عامر خان نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق عامر خان نے واضح کیا کہ فلم کا عنوان تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ نے یہ کہاں سے سنا؟ نہیں، ہماری فلم کا ٹائٹل نہیں بدلا ہے۔ ابھی تک یہ ’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ ہی ہے، اور میں چاہوں گا کہ یہی نام برقرار رہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بھارتی سنگھ نے مداحوں کو دھوکہ بازوں کے خلاف متنبہ کیا
مشہور ڈرامے پر مبنی فلم
یہ فلم معروف مصنف اصغر وجاہت کے مشہور اسٹیج ڈرامے ’’جس لاہور نے دیکھیا او جمیا نے‘‘ سے متاثر ہو کر بنائی جا رہی ہے۔ کہانی تقسیمِ ہند کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے اور اس میں انسانی رشتوں اور سماجی حالات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم میں مرکزی کردار سنی دیول اور پریٹی زنٹا ادا کررہے ہیں۔ یہ دونوں اداکار ایک طویل عرصے بعد بڑے پردے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کی وجہ سے شائقین میں فلم کے لیے خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شکیرا کا جادو، ممبئی میں مانگ کو دیکھتے ہوئے کنسرٹ اب ۲؍ دن
عنوان پر ابتدائی خدشات
ابتدائی طور پر کچھ حلقوں میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ایک پاکستانی شہر کے نام پر مبنی فلم شاید ہندوستانی ناظرین کو متاثر نہ کر سکے۔ تاہم عامر خان کو اس بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کی اصل طاقت اس کی کہانی ہے اور انہیں یقین ہے کہ شائقین اسے پسند کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کو ۱۳؍ اگست ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فلمی مبصرین کا کہنا ہے کہ تقسیمِ ہند کے تاریخی پس منظر، مضبوط کہانی اور معروف اداکاروں کی موجودگی کے باعث ’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ آنے والے برسوں کی اہم فلموں میں شمار ہو سکتی ہے۔