Inquilab Logo

ایوت محل ایس پی کے عہدے پر ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۳؍ افسران مامور ا ورتبدیل

Updated: October 23, 2022, 10:51 AM IST | ali imran | yakut mahal

جمعرات کی رات دلیپ پاٹل بھجبل کی جگہ گورو سنگھ کو ایس پی بنایا گیا، جمعہ کی دوپہر دوبارہ دلیپ پاٹل کو لایا گیا اور رات ہونے تک ان کی جگہ پون بنسوڑ کو یہ عہدہ سونپا گیا

Ayot Mahal SP office where 3 officers were posted on the same day (file photo)
ایوت محل ایس پی کا دفتر جہاں ایک ہی دن ۳؍ افسران مامور ہوئے ( فائل فوٹو)

  جمعرات کی رات ریاستی وزارت داخلہ نے  ایک حکم نامہ جاری کرکے ۲۴؍ اعلیٰ پولیس افسران کا تبادلہ کیا تھا لیکن اگلے ہی دن ان میں سے بعض افسران کے دوبارہ تبادلے کئے گئے۔کہا جا رہا ہے کہ شاید اس نئے حکم میں   سیاسی طاقتوں کی مداخلت ہے۔   دلچسپ بات یہ ہے کہ ایوت محل  کے سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ایک ہی دن میں ۳؍ تبادلے ہوئے۔ فی الحال اس کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ 
  جمعرات کو وزارت داخلہ نے جو حکم نامہ جاری کیا تھا اس کے مطابق  مہاراشٹر پولیس اکیڈمی ناسک کے سپرنٹنڈنٹ گور و سنگھ کو  ایوت محل کا ایس پی بنا کر بھیجا گیا تھا۔ ان سے پہلے یہاں  دلیپ پاٹل بھجبل  ایس پی کے عہدے پر مامور تھے۔ لیکن جمعہ کو اچانک محکمے نے ایک نیا حکم جاری کیا جس کے مطابق سمیر پاٹل بھجبل سے کہا گیا کہ وہ اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں  اور گورو سنگھ کے تبادلے کو معلق کر دیا گیا۔  لیکن چند گھنٹوں بعد ایک نیا حکم نامہ جاری کیا گیا جس کی رو سے پون بنسوڑ کو  ایوت محل کا ایس پی بنا کر بھیجا گیا۔ واضح رہے کہ پون بنسوڑ اس سے قبل اورنگ آباد ( دیہی) کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تھے لیکن جمعرات کو  جو تبادلے ہوئے تھے اس میں  پون بنسوڑ کو سندھو درگ کا ایس پی بنا کر بھیجا گیا تھا۔ لیکن جمعہ کو انہیں ایک نیا حکم نامہ ملا جس کی رو سے ان کا تبادلہ سندھو درگ سے ایوت محل کر دیا گیا۔ اس طرح ایوت محل میں ایک ہی ان میں ۳؍  افسران نے  سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا عہدہ سنبھالا۔ 
 ایک روز قبل تک ایوت محل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس  دلیپ پاٹل بھجبل کے معاملے کو اس وقت معلق رکھا  گیا ہے۔ انہیں کسی بھی جگہ تقرری نہیں دی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق کچھ عرصہ پہلے ان کی ترقی کی ہدایت جاری کی گئی تھی  اور انہیں انسپکٹر جنرل بنانے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ کہا جا رہا تھا کہ  آئندہ حکم نامے میں انہیں ترقی دے کر کسی اہم مقام پر مامور کیا جائے گا لیکن جمعرات کو ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ، نہ ہی یہ بتایا گیا کہ  گورو سنگھ اگر ایوت محل کے  ایس پی ہوں گے تو دلیپ پاٹل بھجبل کہا جائیں گے؟ بلکہ یہ اطلاع دی گئی کہ ان کے تعلق سے علاحدہ حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔  پھر انہیں جمعہ کو اچانک دوبارہ ایوت محل کے ایس پی کا عہدہ سنبھالنے کیلئے کہا گیا۔  پھر جب شام ہونے تک  ان کی جگہ پون بنسوڑ کو ایوت محل بھیجا گیا تو  ایک بار پھر دلیپ پاٹل کے معاملے کو معلق کر دیا گیا۔ 
  اتنا ہی ، اب تک یہ بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پون بنسوڑ سے پہلے جن گورو سنگھ کو ایوت محل کا ایس پی بنایا گیا تھا وہ اب کہاں جائیں گے؟ کیونکہ ان کے تعلق سے کوئی واضح حکم نامہ اب تک جاری نہیں ہوا ہے۔  یاد رہے کہ جمعرات کو جاری پہلے حکم نامے میں ۲۴؍ افسران کے تبادلے ہوئے تھے جبکہ مجموعی طور  پر۴۰؍ افسران کے تبادلے ہونے تھے۔ کہا یہ گیا کہ بقیہ لوگوں کے تبادلے جلد ہی نئے حکمنامے کے ساتھ کئے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK