Inquilab Logo

گورکھپور یونیورسٹی میں اے بی وی پی کارکنوں کی غنڈہ گردی، وائس چانسلر اورپراکٹر کی پٹائی کی

Updated: July 23, 2023, 10:45 AM IST | gorakhpur

گورکھپور یونیورسٹی میں احتجاج کے نام پر آر ایس ایس کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد(اے بی وی پی) نے جم کر غنڈہ گردی کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پراکٹر کی پٹائی کردی۔

In Gorakhpur University, there was a scuffle with the Vice-Chancellor.
گورکھپور یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی۔

گورکھپور (ایجنسی):  اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ کے آبائی شہر گورکھپور کی دین دیال اُپادھیائے گورکھپور یونیورسٹی میں احتجاج کے نام پر آر ایس ایس کی طلبہ تنظیم  اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد(اے بی وی پی) نے   جم کر غنڈہ گردی کرتے ہوئے  یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پراکٹر کی پٹائی کردی۔  یوپی کانگریس کے سابق صدر اجئے کمار للو نے اس کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بی جے پی حکومت میں مبینہ’’دیش بھکتوں‘‘کو غنڈہ گردی کی کھلی چھوٹ ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی لکھا کہ ’’آر ایس ایس-بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کے کارکنان نے گورکھپور یونیورسٹی کے وی سی اور پراکٹر کو جم کر پیٹا۔نظامِ قانون پر دَم بھرنے والے وزیر اعلیٰ کی قلعی کھل گئی ہے۔‘‘ 
 گورکھپور یونیورسٹی میں فیس میں  اضافہ اور ساتھی طلبہ کی معطلی کیخلاف  اے بی وی پی کارکن  ۴؍دن سے مظاہرہ کر رہے تھے۔ جمعہ کو انہوں  نے  یونیورسٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے وائس چانسلر اور پراکٹر کے ساتھ بدتمیزی  اور  مار پیٹ کی۔ پولیس نے جب اے بی وی پی کے کئی کارکنان کو حراست میں لیا تو ان کے ساتھیوں نے کینٹ تھانے پہنچ کر  وہاں بھی زوردار ہنگامہ کیا اور  جام لگا دیا۔
 دراصل گورکھپور یونیورسٹی میں اس تعلیمی سال  میں فیس  میں ۴۰۰؍  فیصد تک  اضافہ کیا گیا ہے۔ آر ایس ایس- اے بی وی پی کارکنان کئی دنوں سے اضافہ واپس لینے کیلئے احتجاج کر رہے تھے۔ گزشتہ دنوں یونیورسٹی انتظامیہ نے مظاہرہ میں شامل افراد  کو معطل کر دیا تھا۔ اس کے خلاف احتجاج میں اے بی وی پی کے کارکنان ۱۸؍ جولائی سے پرتشدد مظاہرہ کر رہے تھے۔
 جمعہ کی صبح  وہ  وائس چانسلر دفتر پہنچ کر گیٹ پر بیٹھ گئے اور اعلان کیا کہ جب تک فیس میں ہوئے  اضافہ کی واپسی کا اعلان نہیں ہوتا، تب تک وہ کسی کو اندر یا باہر نہیں آنے جانے دیں گے۔   دوپہر بعد تقریباً ساڑھے ۳؍ بجے  مظاہرین  نےوائس چانسلر دفتر میں پہنچ کرتوڑ پھوڑ شروع کر دی۔   وائس چانسلر پروفیسر راجیش سنگھ جب چیمبر سے نکلے   ان سے دھکا مکی کی   اور رجسٹرار  پہنچے  توان سے بھی مار پیٹ کی گئی ۔ پولیس بھی بے بس رہی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK