Inquilab Logo

لکھنؤ میں دوڑ کی اجازت نہ ملنےپربھی خواتین کا جم غفیر پہنچا

Updated: December 27, 2021, 9:49 AM IST | Agency/Mohammad Aamir Nadvi | Lucknow

’ لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں‘ عنوان کے تحت یوپی میں لڑکیوں کیلئے کانگریس کی اجتماعی دوڑ کولکھنؤ میںمنعقد نہیں ہونے دیاگیا، جھانسی میں جوش وخروش کے ساتھ میراتھن کاانعقاد یوگی آدتیہ ناتھ پر لڑکیوں  سے ڈر جانے اوران کے عزائم کو چکناچور کرنے کا الزام، کانگریس نے وزیراعلیٰ کو ’بلڈوزر ناتھ‘ کے لقب سے نوازا، جھانسی میںکم وبیش  ۱۰؍ ہزارخواتین نے دوڑ میں شرکت کی

Priyanka Gandhi`s efforts will see an increase in the popularity of the Congress in UP.Picture:INN
پرینکا گاندھی کی کوششوں سے یو پی میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ نظر آنے لگا ہے۔۔ تصویر: آئی این این

 کورونا سے متعلق  پابندیوں  کا  حوالہ دیتے ہوئے لکھنؤ میں خواتین کیلئے کانگریس کی اجتماعی دوڑ ’میراتھن‘ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود اتوار کی صبح یہاں بڑی تعداد میں لڑکیاں دوڑ میں شرکت کیلئے پہنچ گئیں دوسری طرف جھانسی میں کم وبیش ۱۰؍ ہزار لڑکیوں نے اس دوڑ میں شرکت کی۔  کانگریس کی جانب سے پرینکا گاندھی کی تحریک پر اتوار کو ’لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں‘ کے عنوان سے اس دوڑ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔  کانگریس نےمیراتھن جیتنے پراسکوٹی  اور فون بطور انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
یوگی آدتیہ ناتھ کو بلڈوزر ناتھ کا لقب  
 لکھنؤ میں اجازت نہ ملنے پرلڑکیوں  نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ کانگریس کا الزام ہے کہ حکومت کورونا پروٹوکال پر دوہرا رویہ اختیار کررہی ہے۔ ایک روز قبل سنیچر کو یوگی آدتیہ ناتھ کے پروگرام میں  اکاناکرکٹ اسٹیڈیم میں لاکھوں کی بھیڑ جمع ہوئی ، لیکن کانگریس  کےمیراتھن کو اجازت نہیں دی گئی ۔ کانگریس نے یوگی آدتیہ ناتھ پر نوجوانوں کے عزائم کو چکناچور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ’’بلڈوزرناتھ‘‘ کے لقب سے نوازا ہے۔ اس نے الزام لگایا کہ یوگی حکومت لڑکیوں سے گھبراگئی ہے ۔   انتظامیہ نے لکھنؤ میں دفعہ ا۴۴؍کا حوالہ دیتے ہوئے میراتھن کی اجازت نہیں دی۔ اس کے باوجود دوڑ میں شرکت کیلئے  ’۱۰۹۰؍ چوراہے‘ پر  لڑکیوں کا جم غفیر پہنچا۔ 
کورونا کی پابندیوں سے متعلق یوگی سرکار کادہرا معیار
 کانگریس دفتر میں کانگریس کی قومی ترجمان سپریا سرینیٹ نے یوگی حکومت پر دو رخی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ایک روز قبل سنیچر کو حکومت نے اٹل بہاری واجپئی اکانا اسٹیدیم میں لاکھوں کی بھیڑ جمع کی تھی ، اس کے علاوہ ۱۰۹۰؍چوراہے پر محکمہ سیاحت نے کچھ دن قبل دوڑ کرائی تھی  تو کس وجہ سے کانگریس کے پروگرام کو اجازت نہیں دی گئی ؟ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ پرینکا گاندھی کی خواتین میں بڑھتی مقبولیت سے حکومت گھبراگئی ہے ۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے بھی میراتھن کی اجازت نہ ملنے پر برہمی کااظہار کیا ہے۔ انہوں  نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ’’ ہم جانتے ہیں کہ تم اس انقلاب سے ڈر گئے  ہو، لکھنؤ کی اجازت منسوخ کرنے کے پیچھے تمہاری منشا بیچ چوراہے پر اجاگر ہوگئی ۔ ‘‘
 جھانسی میں ۱۰؍ ہزار لڑکیوں نے دوڑ میں شرکت کی
 جھانسی میں کانگریس کے سینئر لیڈر  اورسابق مرکزی وزیرپردیپ جین آدتیہ،راہل رچھاریا اوراین ایس یو آئی کے جنرل سیکریٹری ناوید خان نے ہری جھنڈی کو دیکھا کر میراتھن کا آغاز کیا۔ راہل رچھاریا نے بتایا کہ’’ میراتھن میں شرکت کیلئے  ۶۸۰۰؍لڑکیوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، لیکن میراتھن شروع ہونے سے پہلے صبح سے ہی لڑکیوں کی بھیڑجمع ہونی شر وع ہوگئی اور تعداد تقریبا ۱۰؍ہزار کے آسپاس پہنچ گئی ۔ سبھی لڑکیاں اس میں شرکت کرنے کے لئے جوش و جذبے سے لبریز نظر آئیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘‘ کی تھیم کے تحت پوری ریاست میں نئی تاریخ رقم کی جائے گی اور ایک نیا انقلاب آئے گا۔ان لڑکیوں میں خود اعتمادی پیدا ہوائی ہے کہ انہیں نئی بنیاد رکھ کر نیا ہندوستان تعمیر کرنا ہے۔ پردیپ جین آدتیہ نے کہا کہ ’’اترپردیش میں پرینکا گاندھی کی قیادت میں خواتین کے اندر اعتماد پیدا ہوا ہے۔اس کے لئے جھانسی میں’ منی کرنکا میراتھن‘ ہورہی  ہے۔تاکہ لڑکیوں میں خوداعتمادی پیدا ہوسکے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK