Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمل ناڈو میں مزدوروں پر حملوں کے نام پربہار میں سیاست تیز

Updated: March 06, 2023, 1:22 AM IST | patna

آرجے ڈی نے افواہ کوبی جے پی کی سازش قرار دیا،کہا کہ اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،تیجسوی کی مرکز پر تنقید،پرشانت کشور نےدعویٰ کیا کہ واقعی مارپیٹ ہوئی ہے

Deputy Chief Minister of Bihar Tejaswi Yadav talking to news agency
بہار کےنائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے

تمل ناڈو میں بہار کے مزدوروں پر مبینہ حملے کو مہاگٹھ بندھن میں شامل پارٹیوںنےبی جےپی کی سازش قراردیتے ہوئے کہا ہےکہ اس کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تیجسوی نے مرکزی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا
  بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے تمل ناڈو میں بہار کے مزدوروں پر مبینہ حملےکےمعاملے میں مرکزی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوںنےاتوار کو یہاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں  نے تمل ناڈو حکومت کےذریعےدی گئی معلومات کی بنیاد پر ایوان میں بیان دیا تھا۔ اگر تمل ناڈو میں بہار کے مزدوروں پرحملےہوئےہیںتو مرکزی حکومت کو اس پر اب تک نوٹس لیناچاہیےتھا۔مرکزی وزارت داخلہ اس کی فکر کیوںنہیں کر رہی ہے، مودی حکومت اس معاملے پر خاموش کیوں ہے؟۲؍ ریاستوں میں تنازعہ کی بات چل رہی ہے ،مرکز کو اس کا حل نکالنا چاہیے۔ تیجسوی یادو نے بہار کے مزدوروں کو واپس تمل ناڈو جانے کے سوال پر کہا کہ کیوں نہیں جانا چاہیے، ایک دم جانا چاہیے،ملک میں کہیں بھی کسی کے آنے جانےپرکوئی روک نہیںہے۔ اگر کہیںکوئی ایک شخص غلطی کرتاہےتو اس کے لیے پوری ریاست کو ذمہ دارنہیں قرار دیا جاسکتا ہے۔ 
اپوزیشن کی کامیاب ریلی سے گھبراکرایسی حرکت کی جارہی ہے
 اس بارے میں جے ڈی یوکےپرنسپل جنرل سکریٹری کےسی تیاگی نےکہاکہ تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالین نے بیان دیا ہے اور نتیش جی سے بات بھی کی ہےکہ ایسے واقعات نہیں ہوئے جیسے واقعات کوبی جےپی دکھانے کی کوشش کررہی ہے۔ کے سی تیاگی نے کہا کہ تمل ناڈو میں اپوزیشن جماعتوں کی بہت کامیاب ریلی ہوئی ہے،جس سے ڈر کر اور گھبراکراور قومی سطح پرایسےکسی بھی بڑے اتحاد کو روکنے کے لیے جس میں نتیش کمار اور ایم کے اسٹالین کا اہم کردار ہو، شمالی ہنداور جنوبی ہند کے درمیان بٹوارہ دکھایا جارہا ہے۔جے ڈی یو لیڈر نےکہاکہ اس سب کے باوجود، اگرلگتا ہے کہ بہار کے لوگوں کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے تو اس کی جانچ کیلئےوزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ۴؍ رکنی ٹیم بھیج دی ہے۔یہ ٹیم جلد ہی اپنی رپورٹ دے گی ، جس کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ 
فرضی ویڈیو پردو خطوں کو لڑانے کی کوشش:منوج جھا
 اس دوران آرجے ڈی کےقومی ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پروفیسرمنوج جھا نے کہا ہے کہ فرضی ویڈیوکی بنیاد پر۲؍خطوں کو لڑانے کی جو کوشش کی جارہی تھی ، اس کا پردہ فاش ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جےپی اور اس کی ٹرول آرمی اس کام میں لگی ہوئی تھی لیکن بہت جلد اس کا نقاب اتر گیا۔ انہوں نےکہاکہ فرضی ویڈیو وائرل کرنے اور جھوٹی خبر پھیلانے والے میڈیا اداروں اور صحافیوں پر مقدمہ بھی ہوگیاہے۔
سارے ویڈیو فیک نہیں ہیں:پرشانت کشور
 ادھر پرشانت کشور نے تمل ناڈو میں بہار کے مزدوروں پر ’حملے‘ کے سلسلے میں کہا کہ کچھ لوگ ’ویڈیو کو فیک‘ بتارہے ہیں۔ میں ان کی معلومات کیلئے بتادوں کہ چند ایک صحافیوں نے غلطی کی اور اس واقعہ میں کسی دوسرے واقعات کےدو تین ویڈیو کو شامل کردیا۔ اس کی بنا ء پر کچھ لوگ اس کو فرضی قرار دے رہے ہیں۔ بہارکے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی اسمبلی میںکہاکہ یہ فیک ویڈیو ہے۔لیکن میں دو دن بعد اس واقعہ کاصحیح صحیح ویڈیو جاری کروں گا۔پرشانت کشورنےکہا کہ تمل ناڈو کے ڈی جی پی نے۲؍ ویڈیو کوخارج کیا ہےلیکن اس سےپہلے۵؍ویڈیو آچکے ہیں۔سچائی یہ ہے کہ تمل ناڈومیں روزگار کے لیے بہار سےجو لوگ گئے ہیں ، ان کے ساتھ مارپیٹ ہوئی ہے۔ اس طرح کے واقعات پچھلے چار ماہ سے ہو رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی حکومت نے بھی ویڈیو جاری کیا ہے۔ 
بی جے پی خیمے میں خاموشی
 اس سب کے درمیان بی جے پی خیمےمیں تمل ناڈومعاملے پر خاموشی نظر آئی۔بی جےپی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر نکھل آنند نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کےتعلق سے ایک ٹویٹ میں تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ انہوں نےکہاہے کہ وزیراعلیٰ اسٹالین اپنے حریفوں پر کیس درج کرکے حقیقت پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ اسٹالین ہندوستان کےوفاقی ڈھانچے کا احترام کریں۔تمل ناڈو میں دوسری ریاستوں کے محنت کشوں اور مزدوروں کی جان مال کی حفاظت کریں۔ اس کےعلاوہ بی جےپی کی ریاستی اکائی کے لیڈران تمل ناڈو معاملے میں تقریباًخاموش رہے۔ البتہ بی جےپی نے ٹویٹر کے ذریعے لوگوں کو ’جنگل راج ‘ کی یاد دلانے کی مہم شروع کی ہے۔ بی جےپی نے ایک پوسٹرجاری کیا ہے جس پر سرخ رنگ میں لکھا ہے:  بھولےتونہیں۔اس میں یکم دسمبر ۱۹۹۷ء کو لکشمن پورباتھے کے واقعہ کا ذکر کیا گیا ہے جس میں متعدد افراد مارے گئے تھے۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK