Inquilab Logo

یوپی میں گنگا اور جمنا خطرہ کے نشان کے اوپر، کئی درجن گاؤں  سیلاب کی زد پر

Updated: August 28, 2022, 11:08 AM IST | varanasi

ندیوں میں طغیانی کی بنا پر الہ آباد ، بنارس، فتح پور اورباندہ کے کئی دیہاتوں میں پانی بھر گیا، الہ آباد میں ۴؍ ہزار افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیاگیا

Urban areas of Allahabad were also flooded after which people are being evacuated safely.
الہ آباد کے شہری علاقوں میں بھی پانی بھر گیا جس کے بعد عوام کو بحفاظت نکالا جارہاہے۔

 اتر پردیش میں جمنا، گنگا اور بیتوا ندی نے تباہی مچا رکھی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہونے والی بارش اور باندھوں  سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے  تینوں ندیاں خطرہ کے نشان کے اوپر بہہ رہی ہیں اور طغیانی کی وجہ سے متعدد دیہاتوں میں پانی بھر گیا ہے۔  الہ آباد میں گنگا اورجمنا  میں طغیانی کی وجہ سے  این ڈی آر ایف کو سرگرم کردیاگیاہے۔ سیلاب کنٹرول  روم کی جانب سے سنیچر کو فراہم کی گئی جانکاری کے مطابق پریاگ راج میں گنگا کا آبی سطح خطرے کے نشان سے۶۲؍ سینٹی میٹر اور جمنا  ۵۷؍سینٹی اوپر ہے۔ الہ آباد کے علاوہ باندہ، فتح پور اور دیگر اضلاع میں بھی ندیوں کے کنارے آباد گاؤں  کے پانی میں ڈوب جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ 
 الہ آباد میں جمنا اور گنگا  کا خطرے کا  نشان ۸۴ء۷۴؍میٹر ہے۔پھاپھا مئو میں گنگاندی کاپانی رات۱۲؍ بجے  ۸۵ء۳۵؍ میٹر درج کیا گیا ہے جبکہ چھت ناگ میں آبی سطح ۸۴ء۶۶؍ میٹر تھی۔ وہیں  نینی میںجمنا ندی کی سطح آب  ۸۵ء۳۱؍میٹر درج کیا گیا ہے۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹے میں گنگا۔پھاپھا مئو اور چھت ناگ میں خطرے کے نشان سے۵۷؍ سینٹی میٹر جبکہ نینی میں جمنا۶۳؍سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔گنگا اور جمنا کے آبی سطح میں ہورہے اضافے کی بنا پر شہر کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کے مکانوں میں سیلاب  کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ جس سے لوگ اب راحت کیمپوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ الہ آباد میں تقریبا۱۵۰؍ گاؤں اور شہر کے ۲؍درجن سے زیادہ محلے سیلاب کی زد پرہیں۔
 ضلع انتظامیہ نے سیلاب کی خوفناکی کو دیکھتے ہوئے راحت کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ پناہ گزینوں کے لئے ضلع انتظامیہ نے شہر سے منسلک سینٹ جوزف گرلس کالج ممپھورڈ گنج، اینی بیسنٹ اسکول ایلن گنج، سوامی وویکانند اسکول اشوک نگر، یونتی پبلک اسکول کریلی، کینٹ ہائی اسکول صدر بازار، ریگل گیسٹ ہاوس راجا پور، ڈی اے وی انٹر کالج راجا پور سمیت تقریبا ڈیڑھ درجن سے زیادہ راحت کیمپوں کا نظم کیا ہے۔ راحت کیمپوں میں تقریباً ۴؍ ہزارافراد کو بحفاظت پہنچایا گیا ہے۔ کیمپوں میں رہنے والوں کیلئے  انتظامیہ کی جانب سے کھانے کا نظم کیا گیا ہے۔
 اُدھر بنارس میں گنگا میں آنے والے طغیانی نے شہریوں کو خوف وہراس  میں مبتلا کردیا ہے۔ ضلع انتظامیہ  نے اطلاع دی ہے کہ ۱۸؍ میونسپل وارڈ اور ۸۰؍ گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں۔ اس کی وجہ سے ۲۲۸ء۶۹؍ ہیکٹر فصل بھی تباہ ہوگئی ہے۔ نگوا میں ندی کا پانی گھروں  میں داخل ہوگیا ہے اور پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے کیلئے  انتظامیہ کی جانب سے رہائشی علاقوں میں کشتیاں چلا ئی جارہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK