Inquilab Logo

کورونا کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے نئی رہنماہدایات جاری کیں

Updated: August 22, 2020, 11:06 AM IST | Patna

بہار الیکشن اور دیگر ریاستوں کےضمنی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی نئی ہدایات کے تحت امیدوار اب نامزدگی کے کاغذات آن لائن جمع کراسکتے ہیں ، حلف نامہ اور ضمانت کی رقم بھی آن لائن جمع کرانے کی سہولت مہیا،اب محض ۵؍افراد ہی گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلاسکیں گے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کورونا بحران کے درمیان کئی ریاستوں میں خالی اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہونے والےہیں اور جلدہی کچھ ریاستوں بشمول بہار و اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخاب بھی ہونےوالےہیں ۔اس کو مدنظر رکھتے ہوئے جمعہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نئی گائیڈ لائن یعنی رہنما ہدایات جاری کی ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت کے تحت امیدوار کو اب آن لائن نامزدگی کے کاغذات جمع کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی اورآن لائن حلف نامہ بھی وہ جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ چاہیں تو اپنی ضمانت کی رقم بھی آن لائن جمع کرسکتے ہیں ۔
 الیکشن کمیشن نے کورونا انفیکشن کے اثرات سے بچنے کے لیے نامزدگی کے کاغذات بھرتے وقت امیدوار کے ساتھ رہنے والے لوگوں اور گاڑیوں کی تعداد بھی محدود کر دی ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امیدوار سمیت صرف ۵؍لوگ ہی گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلاسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ جلسہ عام اورروڈ شو کی تبھی اجازت مل سکتی ہے جب وزارت داخلہ اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے جاری ہدایات کی پیروی کی جائے۔
 الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری نئی رہنما ہدایات کے مطابق ووٹروں کو ای وی ایم بٹن دبانے کے وقت اور ووٹر رجسٹرپر دستخط کرتے وقت دستانے مہیا کرانے کا خاص نظم کیا جائے گا تاکہ وہ کسی بھی طرح کورونا انفیکشن کی زد میں نہ آئیں ۔ کمیشن نے کورونا بحران کو دیکھتے ہوئے سبھی ریاستوں میں انتخابی تیاریوں کے وقت ان ہدایات کی پیروی کرنے اور احتیاطی تدابیر کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ۱۷؍ جولائی کو قومی اور علاقائی سیاسی پارٹیوں سے کورونا کے دوران انتخابات کرائے جانے کے بارے میں ان کے مشورے ۳۱؍ جولائی تک طلب کئے تھے جس کی تاریخ بڑھا کر بعد میں ۱۱؍ اگست کردی گئی تھی۔ سبھی پارٹیوں کے مشورے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمیشن کے ذریعہ ترمیم شدہ نئی ہدایات جاری کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK