Inquilab Logo

خریف کی۱۴؍ فصلوں کی کم از کم قیمتوں میں اضافہ، زراعتی قرض کی ادائیگی کی مدت میں توسیع

Updated: June 02, 2020, 11:05 AM IST | Agency | New Delhi

مرکزی کابینہ کے اجلاس میں خریف کی فصلو ںکی اقل ترین قیمتیں طے کردی گئیں،لاگت سے ۵۰؍تا ۸۳؍ فیصد زیادہ قیمتوں کا اعلان

Farm - Pic : INN
کھیت ۔ تصویر : آئی این این

حکومت نے سال ۲۱۔۲۰۲۰ء  کے لئے خریف فصلوں کی اقل ترین قیمتیں(ایم ایس پی) طے کردی ہیں اور پیر کو۱۴؍ اقسام کی فصلوں کیلئے لاگت  سے۵۰؍ فیصد  تا ۸۳؍فیصد زیادہ قیمتوں کا اعلان کیا ۔حکومت نے کاشتکاروں کو مزید راحت دیتے ہوئے قلیل مدتی زراعتی قرضوں کی ادائیگی کی تاریخ۳۱؍مئی  سے ۳۱؍اگست تک بڑھا دی ہے۔ پیر کے روز یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں اس سے متعلق تجاویز کو منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد ، زراعت اور کسانوں کی بہبود  کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زراعتی لاگت کمیشن کی سفارش پر عام دھان کی لاگت کا ۵۰؍ فیصد منافع طے کرکے اس کی کم از کم قیمت ( ایم ایس پی)۱۸۶۸؍ روپے فی کوینٹل مقرر کی گئی ہے۔
 انہوں نے بتایاکہ جوارکی ایم ایس پی اس کی لاگت  پر۵۰؍ فیصد منافع کے  ساتھ۲۶۲۰؍ روپے اور باجرہ کی ایم ایس پی اس کی لاگت  پر۸۳؍ فیصد منافع کے ساتھ۲۱۵۰؍ روپے فی کوینٹل طے کی گئی ہے۔اسی طرح مکئی کی لاگت  پر۵۳؍ فیصد ، ارہرمیں ۵۸؍ فیصد، مونگ میں۵۰؍ فیصد ، اُرِد میں ۶۴؍ فیصد فیصد ، سورج مکھی میں ۵۰؍ فیصد ، سویا بین میں ۵۰؍ فیصد اور کپاس میں لاگت  سے۵۰؍ فیصد اضافہ کے ساتھ ایم ایس پی طے کی گئی ہے۔ 
 حکومت نے  دھان  اے گریڈ کی  ایم ایس پی۱۸۸۸؍روپے، راگی کی ایم ایس پی۳۲۹۵؍ روپے، مکئی کی  اقل ترین قیمت۱۸۵۰؍ روپے، ارہر کی ۶۰۰۰؍ روپے، مونگ کی ایم ایس  پی۷۱۹۶؍ روپے، اُرِد کی ایم ایس پی۶۰۰۰؍ روپے، مونگ پھلی کی ایم ایس  پی۵۲۷۵؍ روپے، سورج مکھی کی ایم ایس  پی۵۸۸۵؍ روپے اور سویابین کی ایم ایس  پی۳۸۸۰؍ روپے فی کوینٹل مقرر کی ہے۔ حکومت نے  کپاس(متوسط فائبر) کی قیمت۵۵۱۵؍ اور کلاں فائبر کی قیمت۵۸۲۵؍ روپے فی  گٹھری طے کی ہے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ اس سال ربیع کی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور اس خریداری بھی کم ازکم امدادی قیمت پر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK