Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش میں یوم آزادی کی تقریبات ،طلبہ نے جوش وخروش سے حصہ لیا

Updated: August 16, 2026, 5:51 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

شہر ومضافات کےاسکولوںمیں ثقافتی تقریبات کےعلاوہ سماجی مسائل جیسے ناخواندگی سے پاک معاشرہ، پلاسٹک کے استعمال، جنک فوڈ اور نشہ کی لت سے ہونے والے نقصانات پر پروگرام پیش کئے گئے

Students of Malad Pathanwadi Urdu School. Photo: INN
ملاڈ پٹھان واڑی اُردو اسکول کے طلبہ۔ تصویر: آئی این این
 شہر ومضافات میں ہونے والی بارش کے باوجود سنیچر کو اسکولوں میں جوش وخروش سے ۸۰؍ویں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔طلبہ، اساتذہ سیاسی لیڈران اور سماجی کارکنوں نے پرچم کشائی میں حصہ لیا اور ثقافتی پروگراموں میں شرکت کی۔ متعدد اسکولوںمیں یوم آزادی سے متعلق روایتی ثقافتی تقریبا ت جیسے تقریری ،ڈرائنگ، کرافٹ، فینسی ڈریس اور دیگر مقابلوں، نکڑناٹک ، ریلی اور ڈراموں کے ساتھ سماجی مسائل مثلاً ناخواندگی سے پاک معاشرہ، پلاسٹک کے استعمال، جنک فوڈ اور نشہ کی لت سے ہونے والے نقصانات کے عنوانات پر پروگرام پیش کئے گئے ۔
 
 
مدنپورہ کے انجمن خیر الاسلام گرلز ہائی اسکول سے یوم آزادی کے موقع پر ثقافتی پروگراموں کے علاوہ قومی جوش و جذبے کے تحت خواندگی کے فروغ کا پیغام دیا گیا ۔’اُلاس نو بھارت ساکشرتا پروگرام ‘کے مطابق ناخواندگی سے پاک وارڈ ‘کا حلف لیا گیا ۔پرچم کشائی کے بعد اسکول کی پرنسپل نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو حلف دلایا ۔ تمام حاضرین نے عہد کیا کہ وہ اپنے علاقے کو صدفیصد خواندہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ یہ حلف محکمہ تعلیم کے ناخواندگی مخالف مہم کے تحت لیا گیا۔ملاڈ پٹھان واڑی اُردو اسکول کی معلمہ صبیحہ خان کے مطابق ’’ہمارے اسکول میں جمعہ اور سنیچر کو یومِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جمعہ کو ہونے والے فینسی ڈریس مقابلہ میں اوّل جماعت کے بچوں نے مہاتماگاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، لال بہادر شاستری، مولاناابوالکلام آزاد اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی شبیہ اپنائی اور ان سب کے معروف مکالمحوں کو دہرایا ۔‘‘ اس کے علاوہ سیکنڈری اسکول کے طلبہ نے بھی مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام پیش کئے  ۔‘‘
 
 
ملاڈمشرق کےایک مزید اسکول میں یوم آزادی کے موقع پر جہاں ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیاگیا ، وہیں گزشتہ سال کینسر جیسے موذی مرض پر قابو کیلئےایک تنظیم نے اسکولی طلبہ کے ذریعے فنڈ اکٹھا کیا تھا، اس تنظیم نے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں سرٹیفکیٹ اور دیگر انعامات سے نوازا ۔اسی طرح شہرومضافات کے دیگر اسکولوں میں یوم آزادی سے متعلق مختلف قسم کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK