Updated: November 24, 2026, 7:03 PM IST
| New Delhi
دہلی میںہند-مصر گول میز کانفرنس میں ماہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہہندوستان معتدل اسلام کا عالمی ماڈل بن سکتا ہے، ’ہندوستان اور مصر میں تصوف: امن، تکثیریت اور بقائے باہمی کا مشترکہ ورثہ‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس انڈو اسلامک ہیریٹیج سینٹر نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، نئی دہلی میں منعقد کی۔
’’انڈو اسلامک ہیریٹیج سینٹر ‘‘ کی جانب سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، نئی دہلی میں ’ہندوستان اور مصر میں تصوف: امن، تکثیریت اور بقائے باہمی کا مشترکہ ورثہ‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد کی گئی ۔ کانفرنس میں نامور علماء، مذہبی رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی اور ہندوستان اور مصر کے درمیان تاریخی و روحانی روابط اور موجودہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں ان کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔مباحث میں ہندوستان کی صوفی روایات کو اس کی تہذیبی طاقت، ثقافتی سفارت کاری کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ہندوستان کا جامع روحانی ورثہ ایسے وقت میں مسلم دنیا اور عالمی برادری کے لیے قیمتی سبق پیش کر سکتا ہے جب مذہبی انتہا پسندی، عدم برداشت اور نظریاتی پولرائزیشن بڑے چیلنج ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کی کہانیاں محفوظ کرنے کا عالمی منصوبہ، فلسطینی آوازیں دنیا تک پہنچیں گی
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ الازہر، قاہرہ کے گرینڈ امام کے مشیر اور بین الاقوامی قانون کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عبد الصمد مہنا نے کہا کہ تصوف میں معاصر دنیا میں کامیاب نظریہ بننے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر متنوع صوفی روایات کو جذب کرنے، پروان چڑھانے اور برقرار رکھنے کی ہندوستان کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ملک کا تجربہ اسلام کی معتدل، ترقی پسند اور جامع تفہیم پیش کر کے رول ماڈل بن سکتا ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ میں فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام یزدانی نے ہندوستان اور مصر کے درمیان تاریخی و تہذیبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دو قدیم تہذیبیں قرار دیا جن کی فکری، روحانی اور اخلاقی روایات بھرپور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی تہذیبی خدمات اور مذہبی و اخلاقی اقدار کے ذریعے دنیا کو نئی سمت دے سکتے ہیں۔
درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین پیر سید فرید احمد نظامی نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ بنیادی طور پر رواداری، محبت، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی میں جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے اسلام کی ترقی پسند اور معتدل تفہیم کی ضرورت پر زور دیا جو جامعیت کو اپنائے، تنوع کا احترام کرے اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دے۔اس کے علاوہ مصر میں امام احمد رضا قادری انسٹی ٹیوٹ کے بانی و ڈائریکٹر مفتی غلام محمد قادری نے بھی صوفی روایات میں محبت، امن اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا ہندوستان دنیا میں سب سے بہترین ہے، ہم اس کے بلبل ہیں اور یہ ہمارا باغ ہے۔ مذہب ہمیں ایک دوسرے سے دشمنی رکھنا نہیں سکھاتا۔ ہم ہندوستانی ہیں اور ہندوستان ہمارا وطن ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا کے چیئرمین ڈاکٹر شجاعت علی قادری نے شکریہ ادا کرتے ہوئے ہندوستان کی مقامی صوفی روایات کو فروغ دینے اور معتدل، ترقی پسند اور جامع مذہبی فکر کی حوصلہ افزائی کرنے والے پلیٹ فارمز کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔کانفرنس کا اختتام ہندوستان کے تصوف، امن، تکثیریت اور بقائے باہمی کے پیغام کو وسیع تر بین الاقوامی سامعین تک پہنچانے اور فکری، ثقافتی و روحانی مصروفیت کے ذریعے ہند-مصر تہذیبی تعلقات کو مضبوط کرنے کے اجتماعی عزم کے ساتھ ہوا۔