Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشرق وسطیٰ کیلئے ہندوستان سے ایکسپورٹ میں کمی

Updated: April 28, 2026, 9:54 AM IST | Agency | New Delhi

انجینئرنگ اشیاء کی برآمدات ۵۰؍ فیصد گھٹ گئیں، لوہا ،آلات، مشینری، گاڑیاں اور ان کے پرزے شامل ، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اہم وجہ۔

Ship.Photo:INN
جہاز۔تصویر:آئی این این
ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کے بند ہونے کی وجہ سے ایندھن کی  درآمدات کے ساتھ ہی مشرق وسطیٰ کیلئے ہندوستان کی برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اس کا  بڑا اثر  انجینئرنگ اشیاء پر پڑا ہے ۔  مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ خطے کیلئے ہندوستان سے   انجینئرنگ اشیاء کا ایکسپورٹ مارچ میں گزشتہ سال کے اسی  دورانیہ کے مقابلے میں۵۰؍ فیصد کم ہو کر۸۶۴؍ ملین ڈالر رہ گئیں ہے۔ اس کا انکشاف انجینئرنگ ایکسپورٹس پروموشن کونسل (ای ای پی سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار  سے ہوا ہے۔ 
مالی سال ۲۶-۲۰۲۵ءمیں عالمی سطح پر ہندوستان کی کل برآمدات میں انجینئرنگ اشیا کا حصہ تقریباً ایک چوتھائی تھا جبکہ   مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ  کے خطے کیلئے  یہ حصہ تقریباً۱۰؍فیصد تھا۔ مغربی ایشیا کو برآمدات میں کمی نے مارچ میں مجموعی انجینئرنگ برآمدات کو بھی متاثر کیا، جو صرف۱ء۱؍ فیصد رہ گئی ہیں ۔ فروری میں یہ۱۲ء۹۰؍ فیصد بڑھی تھیں۔ ان برآمدات میں لوہا،  اسٹیل، ہینڈ ٹولز، صنعتی مشینری،گاڑیوں کےپرزے اور گاڑیاں شامل ہیں۔
ایکسپورٹرس کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کا اثر اس  لئے  بھی زیادہ ہوا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت میں اضافہ ہوا تھا  جو۲۰۲۲ء میں آزاد تجارتی معاہدے کے بعد ایک بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔ انجینئرنگ ایکسپورٹس پروموشن کونسل   کے مطابق’’متحدہ عرب امارات کی حیثیت چونکہ ’’ٹریڈ ٹرا نزٹ حب ‘‘ (کسی ملک کا ایسا تجارتی مرکز جہاں سامان کو ایک ملک سے  لا کر تیسرے ملک تک پہنچانے سے پہلے رکھا جاتا ہے) بن گیا ہے  اس لئے کئی  ہندوستانی ایکسپورٹرس کے وہاں گودام وہیں ہیں۔ وہیں  سے یورپ، افریقہ اور امریکہ کو سامان بھیجا جاتا ہے۔  ایران جنگ کی وجہ سے پیدا ہونےوالے حالات نے  ان گوداموں کے استعمال کو بھی    متاثر کیا ہے۔‘‘اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں آئی سی انجن اور گاڑیوں  کے  پرزہ جات جیسی انجینئرنگ مصنوعات کی برآمد  بالترتیب ۱۳؍ فیصد اور۶؍  فیصد کم ہوئی ہے۔
اگرچہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی برآمدات میں۲۶؍ فیصد اضافہ ہوا، لیکن کرین، لفٹ اور وِنچیزوغیرہ میں۲۲؍ فیصد، طبی و سائنسی آلات میں۱۸؍ فیصد، سائیکل اور اس کے پرزہ جات میں۹؍  فیصد، جبکہ ہینڈ ٹولز اور کٹنگ ٹولز کی برآمدات میں۱۰؍ فیصد کمی  آئی ۔
انجینئرنگ ایکسپورٹس پروموشن کونسل نے بتایا کہ مارچ میں برآمدات۱ء۱؍ فیصد بڑھ کر۱۰ء۹؍ ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات ۵ء۶؍  فیصد بڑھ کر۱۳ء۳؍ ارب ڈالر ہو گئیں، جو مارچ۲۰۲۵ء میں ۱۲ء۶؍ارب ڈالر تھیں۔ انجینئرنگ ایکسپورٹس پروموشن کونسل  کے چیئرمین پنکج چڈھا نے تصدیق کی کہ ’’مغربی ایشیا کو برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو برآمدات بالترتیب۶۶؍ فیصد اور۴۵؍ فیصد کم ہوئیں۔ امریکہ کو برآمدات میں بھی۲؍فیصد سے زائد کمی آئی ہے، تاہم دیگر ممالک میں اضافہ ہوا ہے جس سے مجموعی نمو برقرار رہی۔ اپریل میں اصل اثرات سامنے آئیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK