Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند جاپان سربراہی اجلاس :مودی اورجاپان کی وزیراعظم تاکائچی کے درمیان کئی اہم امور پر گفتگو

Updated: July 02, 2026, 10:39 PM IST | New Delhi

تاکائچی نے ہندوستان اور جاپان کو دنیا کی اہم معیشتوں کے طور پرپیش کیا،دونوں لیڈروںکا متعدد شعبوں میںتعاون بڑھانے پرا تفاق ، مودی نے تاکائچی کو اپنی ’چھوٹی بہن‘ قراردیا

Prime Minister Modi and Prime Minister Takaichi at Hyderabad House
حیدر آبادہاؤس میں وزیر اعظم مودی اوروزیراعظم تاکائچی

وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائچی نے جمعرات کو نئی دہلی میں ہند جاپان سربراہی اجلاس کے دوران تفصیلی ملاقات کی اور متعدد اہم امور پر گفتگو کی جن میں دفاع، ٹیکنالوجی، تجارت، بنیادی ڈھانچے، لچکدار سپلائی چین ،توانائی، طب اور اے آئی جیسے موضوعات شامل رہے۔دونوں سربراہوں نے ہند-بحرالکاہل خطے میں تعاون پر نئے سرے سے توجہ دینے اور ہند-جاپان خصوصی اسٹراٹیجک  اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کے بعد حیدرآباد ہاؤس میں منعقدہ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات، ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے درمیان ایشیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹراٹیجک ہم آہنگی کو اجاگر کرتی ہے۔ واضح رہےکہ تاکائچی کا بطور وزیر اعظم ہندوستان کا پہلا باضابطہ دورہ ہے۔تاکائچی وزیر اعظم مودی کی دعوت پریکم جولائی کو ہندوستان پہنچی ہیںاوروزیر اعظم مودی نے  ان کے ساتھ جمعرات کو اعلیٰ سطحی ہند جاپان سالانہ اجلاس میں شرکت کی اوردونوں سربراہوں کے درمیان کئی اہم موضوعات پر گفتگوہوئی نیز دونوں نےمعاشی اوراختراعی شعبوں میںتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے گزشتہ روز جاپانی وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئےانہیںاپنی چھوٹی بہن  قرادیا تھا ،اس بارے میںجب انہیں جاپانی زبان میں ترجمہ کرکے بتایا گیا توانہوں نے ایک مسکراہٹ کے ساتھ اس کا جواب دیا ۔ 
 وزارت خارجہ کے مطابق، اس سربراہی اجلاس نے دونوں لیڈروں کو دوطرفہ تعاون کے مکمل  دائرہ کارکا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی حالات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا ۔ بات چیت میں اسٹراٹیجک، اقتصادی، تکنیکی اور سیکوریٹی کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ۔  اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے راشٹرپتی بھون کے صحن  میں اپنی جاپانی ہم منصب کا رسمی گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا، جہاں انہوں نے باضابطہ گفتگو کیلئے آگے بڑھنے سے پہلے اپنی کابینہ کے اراکین اور سینئر ہندوستانی حکام کا تعارف کرایا۔ دوطرفہ بات چیت میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور دونوں اطراف کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
 جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکایچی نے جمعرات کو کہا کہ ہند-جاپان سالانہ سربراہ کانفرنس  سے دونوں ملکوں کے درمیان  خصوصی اسٹراٹیجک اور عالمی شراکت داری میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے اور اس میں اعلان کردہ اقدامات علاقائی امن، استحکام اور پائیدارخوشحالی کو فروغ دیں گے۔حیدرآباد ہاؤس میں سربراہ کانفرنس  کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران تاکائچی نے ہندوستان اور جاپان کو دنیا کی اہم معیشتوں کے طور پرپیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK