’ویوم متر‘ نامی یہ روبوٹ جسے خاتون کی شکل دی جائے گی مشن میں انسان کی جگہ ذمہ داریاں نبھائےگا، اِسرو سربراہ وی نارائنن کا اعلان۔
EPAPER
Updated: September 20, 2025, 4:02 PM IST | Agency | New Delhi
’ویوم متر‘ نامی یہ روبوٹ جسے خاتون کی شکل دی جائے گی مشن میں انسان کی جگہ ذمہ داریاں نبھائےگا، اِسرو سربراہ وی نارائنن کا اعلان۔
ہندستان جلد ہی خلائی سائنس کے شعبہ میں ایک اور بڑی چھلانگ لگانے والا ہے۔ اسرو کے سربراہ وی نارائنن نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر ۲۰۲۵ء میں ’’گگن یان مشن‘‘ کے تحت ہندوستانی خلائی ایجنسی اپنے مشن میں انسان کی جگہ’’ویوم متر‘‘ نامی روبوٹ کو بھیجے گا۔ اس روبوٹ کو عورت کی شکل دی گئی ہے جو مشن کے دوران انسان کی جگہ ذمہ داریاں ادا کرے گا۔
یہ مشن یہ طے کرے گا کہ ہندستان انسان کو خلا میں بھیجنے کیلئے کتنا تیار ہے یا نہیں۔ اس کا مقصد ان تمام نظاموں کو پرکھنا ہے جو انسان کو خلا تک لے جانے اور بحفاظت واپس لانے میں کارآمد ہوں گے۔ نارائنن کے مطابق اگر یہ پرواز کامیاب رہی تو آئندہ سال مزید ۲؍بغیر انسان والے مشن بھیجے جائیں گے۔اس کے بعد۲۰۲۷ء کے آغاز میں ہندستان اپنا پہلا ’’گگن یاتری‘‘خلا میں بھیجے گا اور اسے صحیح سلامت واپس لائے گا۔ گگن یاتریوں کا انتخاب پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور ان کی تربیت بھی جاری ہے۔
’’ویوم متر‘‘ دراصل ’ہاف ہیومنائڈ‘ ہوگا جس کے نچلے اعضا نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ انسان نما روبوٹ کو ہیومنائڈ کہا جاتا ہے۔ ’ویوم متر‘ مصنوعی ذہانت سے لیس ہے اور اسے اس طرح بنایا گیا ہے کہ پرواز کے دوران جھٹکوں اور ہچکولوں کو برداشت کر سکے۔ اس روبوٹ کو انسان جیسا بنایا گیا ہے جس میں چہرے کے تاثرات، بولنے اور دیکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس روبوٹ کی مدد سے ایئر ڈراپ، پیڈ ابورٹ ٹیسٹ اور ٹیسٹ وہیکل فلائٹس کے آپریشن کو سمجھنے میں آسانی ہوگی اور جو بھی خامیاں ہوں گی انہیں درست کیا جا سکے گا۔