’بھارت سمٹ‘ میں راہل گاندھی کا سنسنی خیز دعویٰ، اعتراف کیا کہ ’’سیاسی و انتخابی نظام میں تبدیلی کوسمجھنے میں ایک دہائی لگ گئی۔‘‘
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 7:06 PM IST | Hyderabad
’بھارت سمٹ‘ میں راہل گاندھی کا سنسنی خیز دعویٰ، اعتراف کیا کہ ’’سیاسی و انتخابی نظام میں تبدیلی کوسمجھنے میں ایک دہائی لگ گئی۔‘‘
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نےحیدرآباد میں ’’بھارت سمٹ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے بی جےپی پر ۲۰۱۴ء میں اقتدار میں آتے ہی ملک کی جمہوریت کو تباہ کردینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جے پی کی قیادت والی حکومت میں ہندوستان جمہوریت نہیں رہ گیا۔‘‘ انہوں نے نریندر مودی حکومت پر انتخابی اداروں کو کمزور کرنے، سیاسی نظام میں ہیرا پھیری کرنے اور اپنی مالی طاقت کے ذریعے اپوزیشن کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔
یہ بھی پڑھئے: اسلام مخالف پوسٹس پر بیس بال کھلاڑی انتھونی سانتاندر نے معافی مانگ لی
تلنگانہ حکومت کے زیر اہتمام ۲؍روزہ بھارت سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپوزیشن مودی کو شکست دے کر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کردے گی۔ انہوں نے کہاکہ ’’حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان اب جمہوریت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ’ایس آئی آر‘ کے ذریعہ ۱۴؍ کروڑ ووٹروں کو یا تو غیر حاضر یا ووٹ دینے کیلئے نااہل ٹھہرا دیا گیا ہے۔ انتخابات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے گاندھی نے پوچھا کہ اگر اتنی بڑی تعداد میں ووٹروں کو نااہل قرار دے دیا جائے تو انتخابی عمل کو منصفانہ کیسے کہا جاسکتا ہے؟ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ۲۰۱۴ء میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ہندوستان کے جمہوری ادارے کمزور ہونا شروع ہوگئے تھے ، کانگریس کو انتخابی و سیاسی نظام میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے میں تقریباً ایک دہائی لگ گئی۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے جو کچھ سمجھا اور جسے بلا شبہ ثابت بھی کردیا، وہ یہ ہے کہ ۲۰۱۴ء میں ہندوستان کی جمہوریت تباہ کردی گئی تھی۔‘‘ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے گاندھی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی قیادت والے اتحاد کو لگاتار ۲؍انتخابات میں یکساں تعداد میں ووٹ ملے لیکن صرف تین ماہ کے اندر اس کی انتخابی کارکردگی میں غیر معمولی تبدیلی آگئی۔ اس مدت میں۷۰؍ لاکھ نئے ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل کئے گئے اور ان تمام نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔