چین کو ہونے والی ہندوستانی برآمدات میں ۳۹؍ فیصد کا نمایاں اضافہ اہم، جنوبی افریقہ، برازیل اور روس کیلئے بھی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 12:23 PM IST | Agency | New Delhi
چین کو ہونے والی ہندوستانی برآمدات میں ۳۹؍ فیصد کا نمایاں اضافہ اہم، جنوبی افریقہ، برازیل اور روس کیلئے بھی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اپریل سے اگست۲۷-۲۰۲۶ء کے دوران چین، جنوبی افریقہ، برازیل اور روس کو ہندوستان کی برآمدات۳۴؍فیصد بڑھ کر۱۹ء۹؍ارب امریکی ڈالر ہوگئی ہیں۔ اس اضافے میں چین کو ہونے والی برآمدات میں۳۹؍ فیصد کا نمایاں اضافہ اہم رہا۔ یہ اعداد و شمار برکس گروپ کی ہندوستان کی برآمدی ترقی میں بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایاکہ’’جیسے جیسے ہندوستان برکس گروپ کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کررہا ہے، برکس کے رکن ممالک، خاص طور پر اس کے بنیادی بانی شراکت دار چین، جنوبی افریقہ، برازیل اور روسکے لئے برآمدات میں سب سے زیادہ رفتار دیکھنے کو مل رہی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: وائٹ ہاؤس کی وینڈیز کے پرانے انداز میں پیکنگ کا سہرا لینے کی کوشش
برکس میں کون کون سے ممالک ہیں؟
برکس میں ابتدا میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ شامل تھے۔۲۰۲۴ء میں اس گروپ میں مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو شامل کیا گیا، جبکہ۲۰۲۵ءمیں انڈونیشیا بھی اس کا رکن بن گیا۔گزشتہ سال بیلاروس، بولیویا، قازقستان، کیوبا، ملائیشیا، نائیجیریا، تھائی لینڈ، یوگانڈا، ازبکستان اور ویتنام برکس کے شراکت دار ممالک بنے۔وزارت تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق، چار بنیادی برکس معیشتوں کو ہندوستان کی برآمدات اپریل سے اگست ۲۶-۲۰۲۵ء کے دوران۱۴ء۹؍ ارب ڈالر سے بڑھ کر اپریل سے اگست۲۷-۲۰۲۶ءمیں۱۹ء۹؍ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو ۳۴؍ فیصد اضافہ ہے۔
چین کیلئے برآمدات میں اضافہ
برکس کے بنیادی ممالک میں چین ہندوستانی برآمدات میں سب سے بڑا معاون رہا، جہاں۲۷-۲۰۲۶ءکے پہلے پانچ ماہ میں برآمدات۳۹؍فیصدبڑھ کر۹ء۶؍ارب ڈالر ہوگئیں۔ اسی دوران جنوبی افریقہ کیلئے برآمدات میں۵۸؍فیصد اضافہ ہوا۔ برازیل اور روس کو برآمدات میں بھی بالترتیب۱۳؍فیصد اور۱۱؍ فیصد کا دہرے ہندسے والا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: سائنسدانوں نے۲۷-۲۰۲۶ءمیں ہندوستان کو ایک مضبوط ایل نینو اثر سے متنبہ کیا
جاپان کو برآمدات۴۳؍فیصد بڑھ گئیں
جاپان کو ہندوستان کی برآمدات۴۳؍فیصد بڑھ کر ۳ء۴۳؍ارب ڈالر ہوگئیں۔توانائی مصنوعات، الیکٹرانکس اور جدید خام مال سمیت ان شعبوں میں ہندوستان جاپان میں اپنی موجودگی بڑھا رہا ہے ۔ برآمدات میں اضافہ معدنی ایندھن کی وجہ سے ہوا، جس کی برآمدات میں۲۳۱ء۷؍ملین ڈالر یعنی ۷۶؍ فیصد کا اضافہ ہوا۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کی تجارت میں اضافہ کا عکاس ہے۔ الیکٹرانکس اور ایلومینیم کی برآمدات میں بھی نمایاں ترقی ہوئی۔
اٹلی کی درآمدات ۳۰؍ فیصد بڑھ گئیں
۲۷-۲۰۲۶ءکے پہلے ۵؍ ماہ میں اٹلی کو ہندوستان کی برآمدات۳ء۰۲؍ارب ڈالر سے بڑھ کر۳ء۹۲؍ ارب ڈالر ہوگئیں، جو تقریباً۳۰؍فیصد اضافہ ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا کو ہندوستان کی برآمدات۲۲؍ فیصد بڑھ کر۳ء۲۱؍ارب ڈالر ہوگئیں۔ اس اضافے میں معدنیات، ایندھن، الیکٹرانکس، ایلومینیم، لوہا و اسٹیل اور کیمیکلز سمیت مختلف شعبوں کا اہم کردار رہا۔ ہندوستان درآمدات پر خصوصی توجہ دےرہا ہے۔