Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا کی ۱۰۰؍ مشہور ترین آئس کریمز میں ہندوستانی ذائقوں کی دھوم

Updated: May 16, 2026, 10:01 PM IST | Mumbai

عالمی فوڈ گائیڈ ٹیسٹ اٹلس نے دنیا کی ۱۰۰؍ مشہور ترین آئس کریمز کی فہرست جاری کی ہے جس میں ہندوستان کی کئی مقبول آئس کریمز نے نمایاں جگہ حاصل کی۔ ممبئی کی کے رستم اینڈ کمپنی کی آئس کریم سینڈوچ، نیچرلز کی ٹینڈر کوکونٹ آئس کریم، اپسرا کا امرود فلیور، بنگلور کے کارنر ہائوس کا ڈیتھ بائے چاکلیٹ اور منگلور کی مشہور گڑبڑ آئس کریم کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ یہ کامیابی ہندوستانی ذائقوں کی ثقافتی، جذباتی اور روایتی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آئس کریم صرف ایک میٹھی چیز نہیں بلکہ یادوں، ذائقوں اور جذبات کا نام بھی ہے۔ گرمیوں کی شامیں، اہل خانہ کے ساتھ کھانے کے بعد میٹھا کھانے کی روایت، یا کسی پسندیدہ آئس کریم پارلر پر اچانک رک جانا ، یہ سب یادیں اکثر ایک اسکوپ آئس کریم سے جڑی ہوتی ہیں۔ ہندوستان میں آئس کریم محض ایک میٹھا نہیں، بلکہ مقامی ذائقوں، روایتی دکانوں اور ثقافتی یادداشت کا حصہ ہے۔ اب ان میں سے کئی ہندوستانی آئس کریمز کو عالمی سطح پر بھی شناخت حاصل ہوئی ہے۔خوراک اور سیاحت سے متعلق عالمی گائیڈ ٹیسٹ اٹلس TasteAtlas نے حال ہی میں دنیا کی ۱۰۰؍سب سے مشہور آئس کریمز کی فہرست جاری کی، جس میں دنیا بھر کے معروف آئس کریم برانڈزکو شامل کیا گیا۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس فہرست میں ہندوستان کی کئی مقبول آئس کریمز نے بھی جگہ بنائی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستانی ذائقے عالمی سطح پر بھی اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : سوڈان: ریاست نیل ابیض میں۲۰۲۶ء کے آغاز سے اب تک تقریباً۵۰؍ ہزار افراد بے گھر

ممبئی کی مشہور آئس کریم سینڈوچ: کے رستم اینڈ کمپنی 
چرچ گیٹ اسٹیشن کے قریب واقع کے رستم اینڈ کمپنی کی آئس کریم سینڈوچ اس فہرست میں نمایاں طور پر شامل کی گئی۔ ۱۹۵۳ءمیں شروع ہونے والی یہ قدیم دکان ممبئی کی پہچان سمجھی جاتی ہے۔ یہاں آئس کریم کو خستہ ویفرس کے درمیان پیش کیا جاتا ہے، جو اسے منفرد بناتا ہے۔ آم، چاکلیٹ اور وینیلا جیسے ذائقے آج بھی لوگوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونے پر مجبور کرتے ہیں۔ ممبئی کی پرانی نسل کے لیے یہ محض آئس کریم نہیں بلکہ ایک خوشگوار یاد ہے۔


 
بنگلور کا ’ڈیتھ بائے چاکلیٹ‘
 بنگلور کے کارنر ہائوس کا مشہور ڈیزرٹ ڈیتھ بائے چاکلیٹ بھی عالمی فہرست میں شامل ہوا۔ چاکلیٹ سے بھرپور اس میٹھے میں چاکلیٹ کیک، ونیلا آئس کریم، گاڑھی چاکلیٹ ساس، کریم اور خشک میوہ جات کی کئی تہیں شامل ہوتی ہیں۔ بنگلور کے رہنے والوں کے لیے یہ صرف ایک ڈیزرٹ نہیں بلکہ ایک جذباتی وابستگی رکھتا ہے۔


 
نیچرلز کی ٹینڈر کوکونٹ آئس کریم
ممبئی سے شروع ہونے والا معروف برانڈ نیچرلز اپنی ’ٹینڈرکوکونٹ آئس کریم‘ کے سبب عالمی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ ۱۹۸۴ء میں قائم ہونے والے اس برانڈ نے اصلی پھلوں اور قدرتی اجزاء کے استعمال سے اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔ ناریل کے اصل ٹکڑوں سے مزین یہ ذائقہ ملک بھر میں آج بھی سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔


 
ممبئی کی اپسرا آئس کریم کا امرود کا منفرد ذائقہ 
ممبئی کی اپسرا آئس کریم کا ایک فلیور اس فہرست میں شامل ہوا ہے۔ یہ ذائقہ ہندوستانی سڑکوں پر فروخت ہونے والے مصالحہ دار امرود سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ میٹھے پھل اور ہلکے مصالحے کا امتزاج اسے ایک منفرد تجربہ بناتا ہے جو لوگوں کو اپنے بچپن اور گلی محلوں کی یاد دلاتا ہے۔


یہ بھی پڑھئے : مودی کی اپیل کے بعد حکومت کی وضاحت، ایندھن اور توانائی کا وافر ذخیرہ ہے
منگلور کی مشہور ’گڑبڑ آئس کریم
ساحلی کرناٹک کے شہر منگلو کی مشہور پبّا کی گڑ بڑ آئس کریم بھی دنیا کی مشہور آئس کریمز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ مختلف آئس کریمز، پھلوں، جیلی، میوہ جات اور شربت سے تیار ہونے والا یہ رنگا رنگ ڈیزرٹ اپنے منفرد ذائقے اور ساخت کی وجہ سے برسوں سے لوگوں کی پسند بنا ہوا ہے۔

یہ کامیابی اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستانی آئس کریم صرف ذائقے میں ہی منفرد نہیں بلکہ اپنی ثقافتی اور جذباتی اہمیت کے باعث بھی دنیا بھر میں پسند کی جا رہی ہے۔ چاہے ممبئی کی پرانی آئس کریم سینڈوچ ہو، بنگلور کی چاکلیٹ سے بھری سوغات، یا منگلورکی رنگین ’گڑبڑ ‘یہ سب ہندوستانی ذائقوں کی وہ داستانیں ہیں جو اب عالمی سطح پر بھی پسند کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK