Inquilab Logo

پارلیمنٹ: سیشن کے دوران ۲؍ افراد سیکوریٹی توڑ کر داخل، ہاؤس میں افراتفری

Updated: December 13, 2023, 3:33 PM IST | New Delhi

ہندوستانی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں لوک سبھا کی کارروائی کے دوران آج ۲؍ افراد ایوان میں کنستر لے کر داخل ہوئے اور زرد دھواں چھوڑ دیا جس کے سبب پارلیمنٹ میں افراتفری مچ گئی۔ لوک سبھا کی کارروائی فوری طور پر ملتوی کردی گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں ۲؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

A scene of chaos in Parliament. Photo: PTI
پارلیمنٹ میں افراتفری کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں آج لوک سبھا کی کارروائی کے دوران ۲؍ افراد سخت سیکوریٹی  توڑتے ہوئے کنستر لے کر داخل ہو گئے جس کے بعدایوان میں افراتفری کا ماحول تھا۔ تمام ممبران پارلیمان بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ لوک سبھا کی کارروائی فوری طور پر ملتوی کر دی گئی ۔ 
اطلاعات کے مطابق لوک سبھا کی لائیو کارروائی کے دوران ایک شخص نے سیکوریٹی انتظامات کو توڑتے ہوئے پارلیمنٹ کے بینچوں پر چھلانگ لگائی جبکہ دوسرے نے ویزیٹر گیلیری سے لٹکتے ہوئے ایوان میں دھواں اڑایا۔ ان دونوں کے پاس کنستر تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو کے مطابق دھواں اڑانے کے بعد پورا ایوان زرد رنگ کے دھویں سے بھرا ہوا تھا۔ 
لوک سبھا ممبران ان دونوں پر غالب آگئے تھے۔اس ضمن میںکانگریس کے ایم پی گرجیت سنگھ اوجلا نے پارلیمنٹ میں آج پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے کہا کہ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں کنستر تھا جس میں کچھ تھا جو زرد دھوئیں جیسا معلوم ہو رہا تھا۔ میں نے اس سے وہ کنستر چھین لیا اور اسے باہر پھینک دیا۔یہ سیکوریٹی کی سخت خلاف ورزی ہے۔ممبر پارلیمان کنور دانش کے مطابق ان دونوں کو بی جے پی کے لیڈر پرتاپ سمہا کے آفس سے پاس جاری کئے گئے تھے۔ کانگریس کے ایم پی کارتی چدمبرم نے کہا کہ اایوان کی کارروائی کے دوران انہیں اچانک ایسا لگا کہ کوئی ویزیٹر گیلیری  سے داخل ہوا ہے۔ اس کے بعد ہی دوسرے شخص نے چھلانگ لگائی تو مجھے معلوم ہوا ہے اس نے سیکوریٹی اقدامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے جو گیس پارلیمنٹ میں پھینکی وہ زہریلی ہو سکتی تھی۔سماج وادی کی ایم پی ڈمپل یادو ، جو اس واقعے کے دوران پارلیمنٹ میں موجود تھیں ، نے کہا کہ جو لوگ یہاں آتے ہیں چاہے وہ ویزیٹرس ہوں یا رپورٹرس ان کے پاس ٹیگس نہیں ہوتے ہیں۔مجھے لگتا ہے کہ حکومت کو اس پر دھیان دینے کی سخت ضرورت ہے۔ ایوان کے اندر کچھ بھی ہو سکتا ہے۔  
پولیس نے کہاکہ ایوان کے باہر ایک مرد اور ایک خاتون احتجاج کر رہے تھے۔ ان کے پاس کنستر تھا جس میں ایسالگ رہا تھا کہ زرد وھواں ہو۔
انہیں حراست میں لیا گیا ہے اور ان کی شناخت نیلم (۴۲؍) اور امول شندے(۲۵؍) کے طورپر کی گئی ہے۔ انہیں ٹرانسپورٹ بھون کے سامنے سے گرفتار کیا گیا ہے اور آگے کی کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK