• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیگو طیارے کا لینڈنگ گیئر خراب، پونے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

Updated: November 15, 2026, 4:07 PM IST | New Delhi

ہندوستانی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر بردار طیارے کو اتوار کی صبح دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد طیارے کو واپس پونے ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ طیارے کا لینڈنگ گیئر اڑان بھرنے کے فوراً بعد اندر کی جانب واپس نہیں ہوسکا اور کھلی حالت میں ہی رہ گیا تھا۔

Indigo Airline.Photo:INN
انڈیگوایئرلائن۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر بردار طیارے کو اتوار کی صبح دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد طیارے کو واپس پونے ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ طیارے کا لینڈنگ گیئر اڑان بھرنے کے فوراً بعد اندر کی جانب واپس نہیں ہوسکا اور کھلی حالت میں ہی رہ گیا تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پونے ایئرپورٹ پر مکمل ہنگامی حالت    نافذ کردی گئی۔ تاہم پائلٹ کی احتیاط اور متعلقہ حکام کی بروقت کارروائی کے باعث طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ اس طیارے میں سوار تمام ۱۹۲ افراد، جن میں مسافر اور عملے کے اراکین شامل تھے، محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈیگو کی پرواز نمبر 6E 0623 (VT-IZE) اتوار کی صبح پونے سے گوہاٹی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے لینڈنگ گیئر میں تکنیکی خرابی سامنے آئی۔ طیارے کے پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو اس خرابی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ طیارے کا لینڈنگ گیئر اپنی مقررہ جگہ پر واپس نہیں جاسکا ہے اور بدستور کھلی حالت میں موجود ہے۔اطلاع ملتے ہی پونے ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایئر ٹریفک کنٹرول، انڈیگو ایئرلائن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کیا  چونکہ طیارے میں بڑی تعداد میں مسافر سوار تھے، اس لیے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ہنگامی انتظامات شروع کردیے گئے۔

یہ بھی پڑھئے:سوریہ کمار اور مشیر خان کی ہاف سنچریاں، ممبئی نے حیدرآباد کو ہرادیا

پونے ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے والی ہندوستانی فضائیہ  نے صورتحال کے پیش نظر مکمل ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔ اس کے بعد طے شدہ حفاظتی طریقہ کار کے تحت فائر بریگیڈ کی گاڑیوں، ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی امدادی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا تاکہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ایئرپورٹ پر تین فائر فائٹنگ گاڑیاں اور دو ایمبولینس بھی تیار رکھی گئی تھیں۔ حکام نے طیارے کی بحفاظت واپسی اور مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو رن وے کے اوپر سے کم بلندی پر گزارا گیا تاکہ زمین پر موجود ماہرین اس کے لینڈنگ گیئر کی حالت کا بصری جائزہ لے سکیں۔ اس معائنے کے بعد پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت پونے ایئرپورٹ پر اتار لیا۔ حکام کے مطابق طیارے نے صبح ۹ ؍بج کر ۴ ؍منٹ پر کامیاب ہنگامی لینڈنگ کی۔لینڈنگ کے فوراً بعد فائر فائٹنگ کی تین گاڑیوں اور دو ایمبولینس کی مدد سے طیارے کو ایئرپورٹ کے بے نمبر ۷ تک پہنچایا گیا۔ طیارے کی حالت معمول کے مطابق پائے جانے کے بعد صبح ۹ ؍بج کر ۱۰ ؍منٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول نے ہنگامی حالت ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس کے بعد طیارے کے ساتھ ایئرو برج جوڑا گیا اور تمام ۱۹۲؍مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔اس واقعہ کے بعد انڈیگو ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کو ان کی منزل گوہاٹی پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام شروع کردیا۔ ایئرلائن کی جانب سے بنگلورو سے ایک متبادل طیارہ پونے لانے کی تیاری کی جارہی ہے، تاکہ مسافر اپنا باقی سفر مکمل کرسکیں۔انڈیگو کے ترجمان نے بتایا کہ ۱۵ ؍نومبر ۲۰۲۶ ءکو پونے سے گوہاٹی جانے والی پرواز 6E 0623 نے پرواز کے فوراً بعد تکنیکی خرابی سامنے آنے پر اپنے ابتدائی ایئرپورٹ پونے واپس آنے کا فیصلہ کیا اور بحفاظت لینڈنگ کی۔ ایئرلائن نے تمام متعلقہ حکام کو فوری طور پر مطلع کیا اور طے شدہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل کیا۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ طیارے کی تکنیکی جانچ اور مرمت کا عمل جاری ہے۔ ضروری جانچ اور متعلقہ حکام سے اجازت ملنے کے بعد ہی اسے دوبارہ پرواز کی اجازت دی جائے گی۔ ایئرلائن نے مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلسل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا، متبادل پروازوں اور قواعد کے مطابق رقم کی واپسی سمیت ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’’میری خواہش ہے کہ اپنے کریئر میں کوئی اچھا مزاحیہ کردار بھی ادا کروں‘‘

اس واقعہ میں سب سے اطمینان بخش بات یہ رہی کہ طیارے میں سوار تمام ۱۹۲ ؍افراد محفوظ رہے اور کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو چوٹ نہیں آئی۔ پونے ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہندوستانی فضائیہ، ایئر ٹریفک کنٹرول، انڈیگو اور دیگر متعلقہ اداروں نے باہمی تال میل کے ساتھ ہنگامی کارروائی مکمل کی۔اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر دورانِ پرواز تکنیکی خرابیوں سے نمٹنے کے لیے پائلٹوں کی تربیت، ایئرپورٹ کے ہنگامی انتظامات اور مختلف حفاظتی اداروں کے درمیان فوری رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK