Inquilab Logo

ہند- برازیل کے درمیان تحقیق وترقی اورتجارت وسرمایہ کاری پر گفتگو

Updated: May 24, 2022, 12:22 PM IST | Agency | New Delhi

مویشی و ماہی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزیر پرشوتم روپالا کا دورۂ برازیل،مختلف تجارتی اور پیداواری شعبوں میں باہمی اشتراک اورتعاون بڑھانے پر زور

Union Minister Proshotam Rupala talking to his Brazilian counterpart Montes Cordeiro.Picture:INN
مرکزی وزیر پروشوتم روپالا اپنے برازیلی ہم منصب مونٹس کورڈیئرو سے گفتگو کے دوران تصویر: آئی این این

: ہندوستان اور برازیل نے تحقیق اور ترقی، جینیاتی بہتری اور تجارت و سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیری کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفاد کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ حیوانات، ماہی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے برازیل کے وزیر زراعت کی دعوت پر۱۶؍ سے۲۰؍ مئی تک برازیل کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے ایک وفد کی قیادت کی، جس میں مویشی پروری اور ڈیری کے شعبے کے ماہرین اور نجی شعبے کے نمائندے بھی شامل تھے۔روپالا نے اپنے برازیلی ہم منصب  وزیر زراعت، لائیو سٹاک اور سپلائیز مسٹر مارکوس مونٹس کورڈیئرو کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی۔ دونوں وزراء نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ روپالا نے برازیلین ایسوسی ایشن آف زیبو بریڈرز (اے بی سی زیڈ)، اوبیربا کے میئر، کنفیڈریشن آف برازیلین ایگریکلچر اینڈ لائیواسٹاک (سی این اے) اور برازیلین کوآپریٹو آرگنائزیشن (اوسی بی) کے صدور کے ساتھ میٹنگیں کیں۔ انہوں نے تحقیق اور ترقی، جینیاتی بہتری اور تجارت و سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیری سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جنوری ۲۰۲۰ء  میں صدر بولسونارو کے ہندوستان کے دورے  پر برازیل نے اپنی تاریخ میں پہلی بار کسی ملک کے ساتھ۱۵؍ مفاہمت ناموں اورمعاہدوں پر دستخط کیے تھے اور اس میں مویشی پروری اور ڈیری، تیل اور قدرتی گیس، بائیو انرجی، ایتھانول، تجارت، سرمایہ کاری اورکئی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاتھا ۔ صدر بولسونارو کے دورہ ہند کے  موقع پر نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (این ڈی ڈی بی) اور برازیلین زیبو بریڈرز ایسوسی ایشن (اے بی سی زیڈ) کے درمیان تکنیکی تعاون کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے گئے۔مرکزی وزیر نے ابیربا میں زیبومیوزیم کا دورہ کیا اور چارجدید ترین مویشی جینیات اورجنین سے متعلق تجربہ گاہوں  کا کام کاج دیکھا۔  روپالا نے  ان کے کاموں کی تعریف کی  اورمویشی پروری اوراس سے متعلقہ شعبوں کی سرگرمیوں میں  مشترکہ طورپر مفادات پر مبنی شراکت داری کے لئے  تعاون بڑھانے میں ان کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ ۲۰۱۶ء میں  مویشی پروری اور ڈیری کے محکمے (ڈی اے ایچ ڈی) اور  برازیل کی  زرعی تحقیقات کارپوریشن (ای ایم بی آر اے پی اے) کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کئے گئے تھے۔ اسی سلسلے میں مرکزی وزیرنے جوئز ڈیفورا میں ایمبریپا کیٹل ڈیری (ایمبراپا گیڈو ڈی لائٹ) تحقیقی مرکز کا دورہ کیا  اورمفاہمت نامہ کے تحت جلد ازجلد ایک ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے اوراسے نافذ کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔پروشوتم  روپالا نے برازیل میں یوگا۲۰۲۲ء  کے بین الاقوامی دن سے متعلق تقریبات میں حصہ لیااور بڑی تعداد میں  برازیل کے یوگا ٹیچروں سے گفتگو کی ۔ وزیر نے آیوروید کو فروغ دینے کی غرض سے آیوروید چترکتھا بک ’پروفیسر آیوشمان ‘ کااجراء بھی کیا۔ اس کا ترجمہ ہندوستانی سفارتخانہ نے برازیل کے آیوروید کے ماہر  ڈاکٹر جوس روگو کےساتھ مل کر کیا ہے۔ روپالا نے وہاں سرکاری اورنجی شعبوں کی مختلف اعلیٰ مرتبت  شخصیات سے بھی گفتگو کی۔ ہندوستان کی آزادی کے۷۵؍ برسوں کے تناظر میں منعقدہ سرگرمیوں کے حصے کے طورپر ہندوستانی سفارت خانہ ہندوستان کی خلائی ایجنسی اسرو کی حصولیابیوں کی نمائش کے لئے۲۱؍ مئی  سے۱۰؍ جون۲۰۲۲ء  تک برازیلین  سیارہ گاہ  میں ایک خلائی نمائش کا اہتمام کررہا ہے۔ وزیر نے۲۰؍ مئی۲۰۲۲ء کو کواس  خلائی نمائش کا افتتاح کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK