Inquilab Logo

کرناٹک: بی جے پی کا مسلمانوں کے خلاف متنازع ویڈیو، پولیس کا ایکس کو نوٹس

Updated: May 07, 2024, 9:46 PM IST | Bangluru

کرناٹک میں مسلمانوں کو نشانہ بنا کر بنائے گئے بی جے پی کے ویڈیو کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے کر پولیس کی جانب سے ایکس کو نوٹس بھیج کر اسے ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آج کرناٹک میں تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل ہوگئی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستان ٹائمزکےمطابق منگل کو کرناٹک پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس‏کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کے ویڈیو کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت ہٹائے۔ واضح رہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ قواعد کا ایک مجموعہ ہے جس کی تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور حکومتوں کو انتخاب کے دوران عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ ‏ایکس کو پولیس نوٹس اتوار کو الیکشن کمیشن کے حکم پر کرناٹک کے چیف الیکٹور ل افسر کے ذریعے جاری کیا گیا۔ خیال رہے کہ کرناٹک میں لوک سبھا کی ۲۸؍میں سے ۱۴؍سیٹوں کیلئے منگل کو تیسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہو گئی ہے۔ عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں ۲۶؍اپریل کو چودہ حلقوں میں پولنگ ہوئی تھی۔ 
یاد رہے کہ ۴؍مئی کو بی جے پی کے کرناٹک سوشل میڈیا ہینڈلز نے ایک کارٹون ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو دکھایا گیا تھا جس میں ایک گھونسلے میں ’’ایک انڈےپرمسلمان ‘‘لکھا ہوا تھا، اس کے ساتھ تین دیگر انڈوں پر ایس سی (درج فہرست ذاتیں )، ایس ٹی (درجہ فہرست قبائل) اور او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) لکھا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: فون میں لادن کی تصویر ہونا دہشت گرد تنظیم کے رکن کا جواز نہیں: دہلی ہائی کورٹ

پولیس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ۵ ؍ مئی کو اس کی جانب الیکشن کمیشن کے ای میل مواصلات کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ الیکشن کمیشن نے انٹرنیٹ سے مبینہ مواد کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے کیونکہ یہ لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۴ء کے دوران نافذ کردہ ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ویڈیو نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرواسن اے وی نے کہا کہ ۵؍مئی کو کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر نے الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ وہ ایکس کوویڈیو ہٹانے کی ہدایت جاری کرے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کارگل میں نیشنل کانفرنس کوبڑا جھٹکا، پارٹی کے تمام اراکین کااجتماعی استعفیٰ

چیف الیکٹورل آفیسر نے اس معاملے کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سائبر کرائم ڈویژن، بنگلورو کو بھی بھیجا، جو انفارمیشن ٹکنالوجی کے قواعد، ۲۰۲۱ءکے تحت غیر قانونی مواد کو ہٹانے کا نوڈل دفتر ہے۔ سرواسن نے کہا کہ ہم نے اسے الیکشن کمیشن کے ساتھ پولیس کو بھیجا تھا۔ ہمارے ہینڈ بک کے مطابق ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے براہ راست بات نہیں کر سکتے۔ کرناٹک پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا، پارٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیل کے سربراہ امیت مالویہ اور اس کی کرناٹک یونٹ کے سربراہ بی وائی وجیندرا کے خلاف بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی ہے جس میں مسلمانوں کی کردارکشی کی گئی تھی۔ اس پوسٹ نےآن لائن غم و غصے کو جنم دیا اس کے علاوہ ناقدین نے اس پرکافی تنقید کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK