Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندور لگاتار چوتھے سال ملک کا سب سے صاف ستھرا شہر قرار دیا گیا

Updated: August 21, 2020, 8:59 AM IST | Agency | New Delhi

سورت دوسرے نمبر پر جبکہ نوی ممبئی کو تیسرا رینک دیا گیا ، ایم پی کے وزیر اعلیٰ نے اندور کے شہریوں اور وہاں کے انتظامیہ کو مبارکباد دی

Indore City
اندور لگاتار چوتھی مرتبہ سب سے صاف شہر قرار دیا گیا ہے

 مرکزی حکومت کی جانب سے صاف صفائی کے حوالہ سے کئے گئے قومی سطح کے ’سوچھ سرویکشن۲۰۲۰ء میں مدھیہ پردیش کے اندور کو پہلا، گجرات کے سورت کو دوسرا اور مہاراشٹر میں نوی ​​ممبئی کو تیسرا مقام دیا گیا ہے۔مرکزی وزیر برائے شہری امور  ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو یہاں ’سرویکشن۲۰۲۰ء کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صفائی کے حوالہ سے عوام میں شعور کی بیداری میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس کا اثر پورے ملک میں نظر آرہا ہے۔
 صفائی کے سروے میں لگاتار چوتھے سال اندور پہلے نمبر پر رہا۔گجرات کا صنعتی شہر سورت دوسرے اور نوی ممبئی تیسرے نمبر پر رہا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کو دریائے گنگا کے کنارے ایک صاف ستھرا شہر قرار دیا گیا۔ چھاؤنی شہروں میں جالندھر چھاؤنی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ہردیپ سنگھ پوری نے جیتنے والے شہروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صاف ستھرائی کے تئیں مقامی لوگوں کی لگن کے اشارے ملتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر فاتح شہروں کے مقامی افسران کو انعام سے بھی نوازا۔ مرکزی وزیر نے مقامی بلدیات کے صفائی ملازمین سے بھی بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ 
 وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان نے اس سلسلے میں ٹویٹ کرتے ہوئے اندور کے شہریوں، افسران اور صفائی کےملازمین جنہیں صفائی واریئرس بھی کہا جاتا ہے ، کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کے تئیں اظہار تشکر کیا ہے۔چوہان نے لکھا ہے کہ آج مدھیہ پردیش کے لئے فخر اور خوشی کا لمحہ ہے۔ صفائی ستھرائی سروےمیں ملک کے سب سے صاف ستھرے شہر میں پہلے مقام کے اعزاز کے لئے اندور کے لوگوں، افسران، صفائی ملازمین کو مبارکباد۔ اس حوصلہ افزائی اور اعزاز کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کا بھی دل سے شکریہ۔ چوہان نے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے تئیں بھی اظہار تشکر کیا ہے۔
  واضح رہے کہ صفائی سروے۲۰۲۰ءکے نتیجے کا اعلان آن لائن پروگرام کے ذریعہ کیا گیا۔  اس سال ۴۲۴۲؍ شہروں میں سروے کیا گیا تھا جن میں سے اندور کو پہلا مقام ملا ہے جبکہ سب سے گندے شہروں میں بہار کے پٹنہ اور گیا کو بالترتیب پہلا اور دوسرا مقام دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سب سے پہلے سروے میں میسور کو پہلا مقام ملا تھا لیکن اس کے بعد سے ہی اندور نے اس مقام پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے۔صاف شہروں کی فہرست میں امبیکاپور چوتھے، میسور پانچویں ،وجے واڑہ چھٹے ، احمد آباد ساتویں ، نئی دہلی آٹھویں ، چندرپور نویں  اورکھرگون  دسویں نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ راجکوٹ ، تروپتی ، جمشیدپور ، بھوپال اور چنڈی گڑھ کو بھی صاف ستھرے شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مہاراشٹر کا سرحدی ضلع دھولیہ اورایم پی کا سرحدی ضلع برہانپور بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK