Inquilab Logo

سعودی عرب کی افراط زر میں اضافہ، مکانات کےداموں کے سبب مہنگائی بڑھی

Updated: January 17, 2023, 11:44 AM IST | Riyadh

نومبر میں افراط زر ۲ء۹؍ فیصد تھی جو دسمبر میں بڑھ کر ۳ء۳؍ فیصد ہو گئی ، اس دوران ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے

Inflation in Saudi Arabia is slowly increasing
سعودی عرب میں دھیرے دھیرے ہی سہی مہنگائی بڑھ رہی ہے

 سعودی عرب کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں یہاں  افراط زر کی شرح ۳ء۳؍ فی صد رہی ۔ جبکہ  نومبر میں یہ شرح ۲ء۹؍ فی صد تھی۔سعودی عرب کی جنرل اتھاریٹی برائے شماریات کا کہنا ہے کہ دسمبر میں قیمتوں  میں ۰ء۳؍فی صد اضافہ ہوا جبکہ نومبر میں ۰ء۱؍  فی صد ماہانہ اضافہ ہوا تھا۔
   ملک میں مکانات، پانی، بجلی، گیس اور دیگرایندھن کی قیمتوں میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں ۵ء۹؍  فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور نومبر کے مقابلے  میں ۰ء۹؍فی صد زیادہ تھا۔یہ تمام اشیاء صارفین کی کل ماہانہ خریداری کا ۲۵ء۵؍ فی صدہیں۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ افراط زرکی شرح میں یہ اضافہ `گھروں کے اصل کرایوں میں ۱ء۱؍ فیصد اضافے کے نتیجے میں ہوا ہے۔
  اطلاع کے مطابق  اشیائے خورونوش کی قیمتیں، جو ۲۰۲۲ءکے زیادہ تر عرصے کے دوران  ا فراط زر کا بنیادی محرک تھیں، ماہانہ بنیاد پر ۰ء۱؍فی صد گر گئیں، حالانکہ دسمبر ۲۰۲۱ء کے مقابلے میں ان میں اب بھی ۴ء۲؍ فی صد اضافہ ہوا ہے۔ جنرل اتھاریٹی برائے شماریات نے ایک علاحدہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ۲۰۲۲ءکے سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس میں ۲۰۲۱ء کے مقابلے میں ۲ء۵؍ فی صد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ۳ء۷؍فی صد اور ٹرانسپورٹ کی قیمتوں (کرایوں) میں ۴ء۱؍ فی صد اضافہ ہے۔
 اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ ۲۰۲۲ءمیں مکانات کے زمرے میں ۱ء۸؍فی صد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ ہاؤسنگ کے اصل کرایوں میں ۲ء۰؍ فی صد اضافہ ہے۔واضح رہے کہ سعودی وزارت خزانہ نے مالی سال ۲۰۲۳ء کے بجٹ بیان میں کہا تھا کہ اسے ۲۰۲۲ء کے آخر تک اوسط افراط زر کی شر ح ۲ء۶؍ فی صد رہنے کی توقع ہے۔ یاد رہے کہ سعودی میں ان دنوں تعمیراتی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK