Inquilab Logo

گجرات میں مہنگائی ہی سبسے بڑا موضوع

Updated: November 26, 2022, 10:34 AM IST | saeed Ahmed | surat

سورت کے رائے دہندگان میںمختلف موضوعات زیر بحث لیکن مہنگےسلنڈر اور بے روزگاری پر سب سے زیادہ گفتگوہو رہی ہے ، یہاں مسلم ووٹرس کی بھی بڑی تعداد ہے

The famous Delhi Gate area near Surat station where majority community voters are high.
سورت اسٹیشن کے قریب واقع مشہور دہلی گیٹ علاقہ جہاں اکثریتی برادری کے ووٹرس کی تعداد زیادہ ہے۔(تصویر: انقلاب )

 گجرات الیکشن  کےپہلے مرحلے کی پولنگ میں محض ۵؍دن  باقی ہیں۔ ایسے میں ووٹروں کا رجحان  بڑی حد تک قائم ہو جاتا ہے لیکن اس مرتبہ گجرات الیکشن میں یہ صورتحال نظر نہیں آرہی ہے۔ اسی  وجہ سے سیاسی پارٹیوں کو بہت زیادہ پسینہ بہانا پڑ رہا ہے۔  جہاں  رائے دہندگان کے لئے مہنگائی سب سے اہم  موضوع ہے وہیں سیاسی جماعتوں کی حکمت عملی بھی  اسی جہ سےالگ الگ ہے۔  ووٹر اس لئے ناراض ہیں کہ ریاست اور مرکز دونوں جگہ بی جے پی کی حکومت ہے لیکن مہنگائی ، بے روزگاری اور ملازمت نہ ملنے سے ان کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور اس سے نجات کا کوئی راستہ بھی  نظر نہیں آرہا ہے۔
سیاسی پارٹیوں کے وعدے کیا ہیں؟
 بی جے پی جہاں روڈ، گٹر ،صحت کا بہتر نظام  اور بجلی پانی کی مزید بہتر سہولت کے لئے ۵؍سال اور مانگ رہی ہے تو کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے اپنے اپنے انتخابی منشور میں بجلی، سستا سلنڈر، بہتر تعلیم ، شفاخانے اور شہریوں کیلئے دیگر سہولتوں کا وعدہ کیا ہے۔اس سلسلے میں نمائندہ انقلاب نے گجرات میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والے جنوبی شہر سورت کا جائزہ لیا تو یہ بات سامنے آئی کہ یہاں بھی مہنگائی سب سے بڑا موضوع ہے اور مہنگا گیس سلنڈر عوام کے لئے نت نئی پریشانیوں کا سبب ہے۔ اس کے ساتھ ہی بے روزگاری نے بھی انہیں کافی پریشان کر رکھا ہے۔ 
سورت میں ۱۶؍ سیٹیں ہیں
  سورت شہر اور مضافات  میں کل ملاکر اسمبلی کی ۱۶؍ سیٹیں ہیں جن پر تقریباً ۴۷؍ لاکھ ووٹرس امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔  یہاں کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ شہر کی داد الٰہی  مسجد جو مسلم اکثریتی علاقوں میں سے ایک  میں واقع ہے  کے چند رائے دہندگان نے کہا کہ آج ہر چیز مہنگی ہے اور ہم سب سے زیادہ مہنگائی سے پریشان ہیں۔ کچھ وو ٹرس نے کہا کہ ہمیں آپس میں لڑوایا جاتا ہے ورنہ ہمارے درمیان کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے‌۔ ایک بات یہاں یہ بھی سامنے آئی کہ سور ت  میں اصل مقابلہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہے جبکہ کانگریس کا زور کم دکھائی دے رہا ہے اس لئے بی جے پی کی سیٹیں کم‌ ضرور ہوں گی اور جیت بھی آسان نہیں ہوگی۔
مہنگائی سے عام آدمی حیران 
 سورت کا سنیما روڈ جو اکثریتی آبادی والا علاقہ ہے یہاں کے ووٹرس نے بتایا کہ مہنگائی  سے وہ عاجز آچکے ہیں۔ اسے پہلی فرصت میں کم کرنے والی پارٹی کو ہی وہ ووٹ دیں گے ۔ ساتھ ہی گیس سلنڈر کو سستا کرنے والے وعدوں کے بارے میں بھی وہ غور کرنے کے لئے تیار ہیں۔  
الیکشن جیسی سرگرمی نہیں ہے
 سورت اسٹیشن کے قریب واقع دہلی گیٹ  علاقے کے مقامی افراد کا کہناتھا کہ اگر آپ غور سے  دیکھیں تو ایسا نہیں لگتا کہ الیکشن  ہو رہا ہے کیوں کہ یہاں الیکشن جیسی سرگرمی  نہیں ہے۔  اس کی اصل وجہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ایسا لگتا ہے کہ بڑی بڑی ریلیاں اور الیکشن کے نام‌پر ہنگامہ آرائی کرنے کے بجائے سیاسی جماعتیں  خاموشی  پرچار کررہی ہیں۔ ووٹرس نے بتایا کہ اس  الیکشن میں بی جے پی کا وہ انداز نہیں‌ دکھائی دے رہا ہے جو پہلے تھا ۔ اس مرتبہ اس کی حالت کافی خراب ہے۔ اسی لئے پردھان منتری کے ساتھ پوری کابینہ گجرات کے چکر کاٹ رہی  ہے ۔
مسلم ووٹرس کی بھی بہت بڑی تعداد ہے  
  سورت کے تمام ۱۶؍ اسمبلی حلقوں میں مسلم ووٹرس کی بڑی تعداد ہے لیکن مسلم اکثریتی حلقہ انتخاب میں کئی مسلم امیدوار میدان میں ہیں جس سے ووٹوں کے انتشاف کا قوی امکان ہے۔  سورت میں لمبایت وہ اسمبلی حلقہ ہے جہاں ۴۴؍ امیدوار میدان میں ہیں اور ان میں سے ۳۳؍ آزاد مسلم  امید وار ہیں‌۔دلچسپ‌بات یہ ہے کہ جس کی ضمانت ضبط ہونا یقینی ہے وہ بھی اپنی جیت کے دعوے کررہے ہیں۔ اسی طرح سورت ایسٹ اسمبلی حلقہ میں ۹۳؍ ہزارسے زائد مسلم رائے دہندگان ہیں لیکن یہاں بھی ۱۴؍ امیدواروں میں سے ۹؍مسلم آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ سورت نارتھ میں تقریبا ۵۰؍ ہزار مسلم ووٹر ہیں جو فیصلہ کن‌ثابت ہوسکتے ہیں ۔ووٹوں کے بکھراؤ کا ہی یہ نتیجہ ہے کہ اتنی بڑی مسلم آبادی اور ووٹرس کے باوجود سورت  سےایک بھی مسلم رکن اسمبلی نہیں ہے۔ ادھر سورت میںکانگریس  ہے مگر اس نے پرچار کا  اپنا طریقہ تبدیل کیا ہے ۔ خود اس کے امیدوار یہ اعتراف کررہے ہیں کہ کانگریس ہے نہایت خاموشی سے پرچار کررہی ہے ۔ اسی وجہ سے بی جے پی بہت گھبرائی ہوئی بھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK