گزشتہ چند برسوں کے حالات کے سبب جو لوگ پریشان پریشان سے رہے اور جن پر مایوسی کے ہلکے ہلکے سے دورے پڑ تے رہے، اُنہیں اب اُمید کی کرن دکھائی دینے لگی ہوگی۔ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ اِس ملک میں الگ الگ فرقوں، طبقوں، مکاتب فکر اور سماجی و معاشی سطح پر تنظیموں اور اداروں کی وجہ سے نگرانی اور توازن (چیک اینڈ بیلنس) کا ایسا نظام موجود ہے جو اس کو یک رُخا نہیں ہونے دیتا۔
گزشتہ چند برسوں کے حالات کے سبب جو لوگ پریشان پریشان سے رہے اور جن پر مایوسی کے ہلکے ہلکے سے دورے پڑ تے رہے، اُنہیں اب اُمید کی کرن دکھائی دینے لگی ہوگی۔ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ اِس ملک میں الگ الگ فرقوں، طبقوں، مکاتب فکر اور سماجی و معاشی سطح پر تنظیموں اور اداروں کی وجہ سے نگرانی اور توازن (چیک اینڈ بیلنس) کا ایسا نظام موجود ہے جو اس کو یک رُخا نہیں ہونے دیتا۔ جب جب ملک کو ایک رُخ پر لے جانے کی کوشش کی جائیگی، یہ نظام سب سے بڑا مزاحم ہوگا اور ملک کے تنوع اور رنگا رنگی کا تحفظ یقینی بنائے گا۔ وقت کے ساتھ یہ ضرور ہوگا کہ کچھ تنظیمیں اور ادارے پہلے کی طرح فعال نہیں رہ جائینگے مگر ان کی جگہ دوسری تنظیمیں اور ادارے آجائینگے (مثلاً کاکروچ جنتا پارٹی)۔ اس کے علاوہ سیاسی سطح پر اپوزیشن بھی اپنا کردار نبھاتی ہے اور ملک کو یک رُخا بنانے کی کوشش کے خلاف سرگرم رہتی ہے۔ گزشتہ بارہ سال کے ابتدائی دور میں اپوزیشن کمزور تھی اسلئے اس کی آواز نقار خانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوتی تھی مگر جب ۲۰۲۴ء کے انتخابات کے ذریعہ اس کمزور اپوزیشن کو سیاسی طاقت ملی تو اس کی آواز بھی توانا ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
کون جانتا تھا کہ ۲۰۲۰ء میں ملک کے کسان دہلی کی سرحد پر یکجا ہونگے؟ کون جانتا تھا کہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف جگہ جگہ خواتین دھرنا دیں گی؟کون جانتا تھا کہ نیٹ ایگزام میں ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف طلبہ کی غیر معمولی تحریک چھڑے گی؟ کون جانتا تھا کہ ملک بھر کی تنظیمیں ایس آئی آر کے خلاف اس طرح سرگرم ہوجائینگی کہ موجودہ وقت میں کوئی دن نہیں جاتا جب کہیں نہ کہیں احتجاج نہ ہوتا ہو۔ جمہوریت پر آنچ آتی ہے تو اس کا مزاحمتی میکانزم ازخود حرکت میں آجاتا ہے۔ یہ اس نظام کی خوبی ہے جس کو مستحکم کرنے کیلئے ہر خاص و عام کو اپنا کردار نبھانا چاہئے۔ یہ میکانزم عوام کے ذریعہ چلتا اور فروغ پاتا ہے۔ دہلی کی سرحد پر کسانوں کے ایک سال سے زیادہ چلنے والے احتجاج میں کسان تنظیموں کے اراکین شامل تھے مگر اسے ہر جانب سے عوامی سپورٹ ملا تھا۔ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف شاہین باغ آندولن میں صرف مسلم خواتین نہیں تھیں۔ تھیں بھی تو کسی تنظیم کی رکن نہیں تھیں۔ عام خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا تھا۔ نیٹ ایگزام کی دھاندلیوں کے خلاف طلبہ نے احتجاج کیا تو اسے بھی عام شہریوں کا زبردست تعاون ملا اور جنتر منتر آباد ہوا۔ جمہوریت کا معنی ہی عوام ہے اور جب جب جمہوریت خطرہ میں آتی ہے تب تب وہ عوام کی مدد سے اپنے تحفظ کا انتظام کرتی ہے۔ اس لئے روزمرہ زندگی میں بھی عوام کو تحفظ و استحکام ِ جمہوریت کی فکر کرنی چاہئے۔ الیکشن کمیشن کے خلاف اب تک کی تحریک کافی کامیاب رہی مگر سماجی تنظیمیں ہنوز متحرک ہیں۔ اس کا ثبوت ’’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘‘ ہے۔ کئی تنظیموں کا یہ اتحاد ۲۶؍ نومبر تا ۲۰؍ دسمبرمزید احتجاجی مظاہرے کریگا۔ اسے عوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ دیجئے تعاون اسے اور مضبوط کیجئے جمہوریت کو۔