آج آن لائن قرعہ اندازی ۔ ۳۰؍ہزار سے زائددرخواستیں موصول ہوئیں۔ ریزرو کٹیگری میں شامل ۳؍ ہزار ۱۵۰؍ عازمین اور ۲۰؍ دن کے حج کیلئے ۳؍ہزار ۵۴۰؍ درخواستیں موصول ہوئیں۔ مجموعی طور پر درخواستیں ایک لاکھ ۹۵؍ہزار اور ۲۰؍دن کے حج کیلئے درخواست دہندگا ن کی تعداد ۱۶؍ہزارہے
ریاستی حج کمیٹی میں عملہ مصروف کار ہے۔ (تصویر: انقلاب)
حج ۲۰۲۶ءکے لئے ۲۰؍ اگست کوایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے کی مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے۔ حج ہاؤس کے کمیٹی روم میں بدھ ،۱۳؍ اگست (آج) کی صبح ساڑھے گیارہ بجے سے آن لائن قرعہ اندازی کا آغاز ہوگا۔ اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹیوں اور وزارت برائے اقلیتی امور کے سکریٹریز کومطلع کیا گیا ہے۔
رقم جمع کرانے کے لئے سب سے اہم ہدایت
ایک جانب حج فارم جمع کرانے اور۲۰۲۵ءحج کی تکمیل اورحجاج کی وطن واپسی سے قبل ہی ۲۰۲۶ء کے لئے فارم جمع کرانے کے اعلان سے جہاں عازمین پریشان تھے اور مختلف وجوہات کی بناء پر کئی عازمین کے لئے فارم بھرنا مشکل ہوگیا وہیں اب حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے اور یہ ہدایت نامہ ویب سائٹ پربھی ڈال دیا گیا ہے کہ منتخب کئے جانے والے عازمین ِحج ۱۵۲۳۰۰؍ روپے کی ایڈوانس رقم ۲۰؍ اگست تک حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں ۔ مطلب یہ ہے کہ عازمین کواس رقم کا ایک ہفتے میں انتظام کرنا ہوگا ورنہ حسبِ سابق پھرحج کمیٹی اس تعلق سے بھی انتباہ دیتے ہوئے حکمنامہ جاری کرےگی ۔
مرکزی حج کمیٹی کی جانب سےاس تعلق سے یہ جواز بھی پیش کیا گیا ہے کہ رقم جمع کرانےکی ہدایت فارم بھرنے کی تاریخ میں ۷؍ اگست تک کی جانے والی توسیع کے لئےجاری سرکیولر میںہی کردی گئی تھی۔ اس لئےعازمین کو یاددہانی کرائی جارہی ہے کہ وہ اس کا خیال رکھتے ہوئے قرعہ اندازی میںمنتخب ہونےکے بعد وقت کے اندر رقم جمع کرادیں۔
یادر ہے کہ کئی عازمین کے لئے یہ مرحلہ طے کرنا دشوار ہوسکتا ہے کیونکہ پہلی قسط کے طور پر لی جانے والی رقم حج کے تقریباًنصف خرچ کے قریب ہوگی ۔
ممبئی اورمہاراشٹر سے ۳۰؍ہزار۴؍درخواستیں
ممبئی اور مہاراشٹر سے ۳۰؍ہزار ۴؍ خواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں ریزرو کٹیگری میں ۶۵؍ سال سے زائد ۳؍ ہزار ۱۵۰؍ عازمین اور ۲۰؍ دن کے حج کے لئے ۳؍ ہزار ۵۴۰؍ درخواستیں شامل ہیںجبکہ بغیرمحرم کے حج پرجانے والی ریاست کی ۱۰۸؍ خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب مجموعی طور پرملکی سطح پر درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ ۹۵؍ہزار اور ۲۰؍ دن کے حج کے لئے درخواست دہندگان کی تعداد ۱۶؍ہزار ہے۔یہ تفصیلات مرکزی حج کمیٹی کےسی ای اوشاہنواز سی سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پرفراہم کرائی گئیں۔
دونوں زمروں میںقرعہ اندازی
درخواستیں کوٹے سے زیادہ ہونے کےسبب جنرل کٹیگری اور ۲۰؍ دن کے حج کےلئے (مختصر مدت )موصول ہونے والی دونوں زمروں کی درخواستوں کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ اس لئے کہ جنرل کٹیگری کی جہاں مجموعی طور پردرخواستیں کوٹے سے تقریباً ۵۰؍ہزار زیاد ہ ہیں تو مختصر مدت یعنی ۲۰؍ دن کے لئے حج کے خواہشمندعاز مین کی تعداد ۱۶؍ہزار ہے جبکہ ِاس زمرے میں محض ۱۰؍ہزار سیٹیں ہی ریزرو رکھی گئی ہیں۔