Inquilab Logo Happiest Places to Work

فوج کی توہین، بی جےپی لیڈر پر برہمی، برطرفی کا مطالبہ

Updated: May 16, 2025, 10:39 PM IST | New Delhi

ایم پی میں  پہلے وزیر وجے شاہ نےکرنل قریشی کو ’’دہشت گردوں کی بہن‘‘ قرار دیا ،اب نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ فوج اوراس کے جوان مودی کے آگے سرتسلیم خم کرتے ہیں۔ کانگریس نے دونوں کوبرخاست کرنے کی مانگ کی، ریاست بھر میں پُتلے نذر آتش کرنے کی تیاری

Madhya Pradesh Deputy Chief Minister Jagdish Deora delivers a controversial speech.
مدھیہ پردیش کے نائب وزیراعلیٰ جگدیش دیوڑا متنازع تقریر کرتے ہوئے۔

 ’آپریشن سیندور‘ کا سہرا وزیراعظم مودی کے سر باندھنے کی کوشش میں بی جےپی کے لیڈر یکے بعد دیگرے ایسے بیان دے رہے ہیں جو فوج کی توہین کے مترادف ہیں۔  پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے ’’آپریشن سیندور‘‘ کی قیادت کرنےوالی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن قرار دے دیا اب ریاست کے نائب وزیراعلیٰ جگدیش دیوڑا  نے  ہندوستانی فوج کے تعلق سے متنازع تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم مودی کے آگے جھکی ہوئی ہے۔ کانگریس نے اس پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کو اپنے دونوں وزراء  مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا اور وزیر وجے شاہ کو فوج اور بہادری سے ملک کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کی توہین کرنے والے بیانات دینے پر فوراًبرطرف کرنا چاہیے۔
کانگریس کی پریس کانفرنس
 کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینت نے جمعہ کو پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ  دیوڑا اور شاہ نے ہندوستانی فوج اور فوجیوں کی توہین کرنے والے بیانات دیئے ہیں، اس لئے ان دونوں وزراء کو فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ’’ملک کا ہر فرد ہماری فوج کا احترام کرتا ہے اور پوری قوم اس کی شکر گزار ہے کہ فوج کی وجہ سے ہی ہم محفوظ رہ سکے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ فوج کے بارے میں اس قدر بدتمیزی اور گندے خیالات رکھتے ہیں۔ انہیں کسی بھی  عہدہ  پر فائز رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’ اس بار معافی مانگنے سے کام نہیں چلے گا۔ بی جے پی خاموش تماشائی نہیں  رہ سکتی۔ اگر کچھ گھنٹوں میں بی جے پی جگدیش دیوڑا کو برخاست نہیں کرتی ہے تو یہ مان لیا جائے گا کہ ’ فوج  کو اپنے چرنوں میں نت مستک‘ کرنے کی بات    مودی کہہ رہے ہیں، اس بیان کو ان کی خاموش رضامندی اور تحفظ ہے، ورنہ کوئی یہ کہنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔‘‘
وجے شاہ کے خلاف کمزور ایف آئی آر
 کانگریس لیڈر نے نشاندہی کی کہ کرنل صوفیہ کو ’’دہشت گردوں کی بہن‘‘ کہنے والے ریاستی وزیر کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ’’ملک کی سب سے ہونہار اور بہادر بیٹی کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں  وزیر وجے شاہ کے  نفرت انگیز ریمارکس کو ۴۸؍ گھنٹے بھی نہیں گزرے ہیں۔ اس پورے معاملے میں بی جے پی نے وزیر وجے شاہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت اس وقت تک خاموش رہی جب تک کہ جبل پور ہائی کورٹ میں ایف آئی آر کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ عدالت کے حکم کے بعد اس کی سچائی سامنے آگئی ہے کہ بی جے پی مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جبل پور بنچ نے کہا تھا کہ ایف آئی آر میں ایسا کچھ نہیں ہے جس سے اس معاملے میں آسانی سے بہتری لائی جاسکے مداخلت کے بغیر، دباؤ کے بغیر آگے بڑھایا جانا چاہئے ۔ یہ مدھیہ پردیش حکومت، پولیس اور بی جے پی کی حقیقت ہے۔
ریاست بھر میں پُتلے جلانے کافیصلہ
  کانگریس قیادت نے دیوڑا کے خلاف احتجاج کرتےہوئے ریاست بھر میں ان کے پُتلے جلانے کی وکالت کی ہے۔ کانگریس کی مدھیہ پردیش اکائی  کے صدر جیتو پٹواری نے سوال کیا ہے کہ  دونوں وزراء کے معاملے پر بی جےپی  خاموش کیوں ہے اور کیا بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے فوج کی توہین کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پٹواری نے میڈیا کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا اور وزیر وجے شاہ دونوں کے معاملات پر خاموش ہے۔ جب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کانگریس کو کوسنا شروع کر دیا۔ پٹواری نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ مادر وطن کی توہین کرنے والے  دونوں  وزراء کو وہ بچارہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK