ممبئی میں اہم سرکاری، تجارتی اور عوامی اداروں کو موصول ہونے والی بم دھماکوں کی دھمکیوں کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 4:11 PM IST | Agency | Mumbai
ممبئی میں اہم سرکاری، تجارتی اور عوامی اداروں کو موصول ہونے والی بم دھماکوں کی دھمکیوں کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔
ممبئی میں اہم سرکاری، تجارتی اور عوامی اداروں کو موصول ہونے والی بم دھماکوں کی دھمکیوں کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔ ممبئی پولیس اترپردیش اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) کےذریعے گرفتارشدہ انکت شنکھوار(۲۴) کے اس معاملے میں ممکنہ رول کی بھی چھان بین کر رہی ہے جس پر جعلی ای میل اکاؤنٹس بنانے اور انہیں دوسروں کو فراہم کرنے والے نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے۔پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا شنکھوار کی جانب سے مبینہ طور پر تیار کئے گئے ای میل اکاؤنٹس ممبئی کی میئر، امیتابھ بچن کے بنگلے ، بی ایم سی ہیڈکوارٹرز ،میٹرو اسٹیشنوں اور دیگر اہم اداروں کو حالیہ دنوں میں بھیجی گئی دھمکی آمیز ای میل کیلئے استعمال کئے گئے تھے۔ تفتیش کار اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان واقعات کے پس پشت کوئی منظم نیٹ ورک سرگرم ہے۔
اترپردیش اے ٹی ایس کے مطابق انکت شنکھوار کے بنائے گئے ای میل اکاؤنٹس کا استعمال۱۲؍ نومبر کو ممبئی کے متعدد اہم اداروں کو بم کی دھمکیاں بھیجنے کیلئےکیا گیا تھا۔ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے یہ اکاؤنٹس ایک بنگلہ دیشی شہری کو فروخت کئے تھے جس نے بعد ازاں ان کے ذریعے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے۔ اے ٹی ایس نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ انکت شنکھوار کو ای میل اکاؤنٹس فراہم کرنے کے عوض ترکی اور مصر سمیت مختلف ممالک سے۵۰؍ ہزار امریکی ڈالر یعنی تقریباً ۴۷؍ لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: گوریگاؤں: ممبئی کیتھولک سبھا اور سنویدھان جاگر سمیتی کی ’جمہو ریت بچاؤ‘ ریلی
ممبئی میں مسلسل موصول ہونے والے دھمکی آمیز ای میل نے پولیس اور سیکوریٹی ایجنسیوں کیلئے بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ ہر دھمکی کے بعد احتیاطی طور پر عمارتوں کو خالی کرانے، بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ، اسنیفر ڈاگ اسکواڈ اور مقامی پولیس کے علاوہ کرائم برانچ کی ٹیموں کو تعینات کرنے جیسے اقدامات کئے جاتے ہیں۔اگرچہ اب تک جانچ کی گئی دھمکیوں میں کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور یہ تمام دھمکیاں افواہ ثابت ہوئی ہیں۔ تاہم ان کے نتیجے میں کئی اہم اداروں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور عوامی خدمات میں بھی خلل پڑا ہے۔
اس سلسلے میں بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کو۱۰؍ جون کو موصول ہونے والے ایک ای میل میں عمارت کے اندر آر ڈی ایکس نصب کئے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس کے بعد سیکوریٹی ایجنسیوں نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی تھی۔دوسری جانب ممبئی پولیس نے دھمکی آمیز ای میل کے ایک اور سلسلے میں۲۸؍ سالہ شرتھ سبرامنیم شنکر کو بھی مشتبہ قرار دیا ہے۔ تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والا شرتھ پیشے سے سافٹ ویئر انجینئر ہے اور امریکہ میں ملازمت کر رہا تھا۔اس پر گزشتہ۲؍ برس کے دوران۱۵۰۰؍ سے زائد دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کا شبہ ہے۔ ان ای میل کے مبینہ نشانے پر برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کا صدر دفتر، ممبئی میٹرو اسٹیشن، بی ایس ای، عدالتیں، تعلیمی ادارے، اہم تنصیبات اور امیتابھ بچن کی رہائش گاہ بھی شامل ہیں۔
کرائم برانچ کے کریمنل انٹیلی جنس یونٹ اور مختلف مقامی پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے ان واقعات کی الگ الگ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تفتیش کار دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کے طریقہ کار، ان کے پس پردہ مقاصد اور ای میل اکاؤنٹس کی تیاری و ترسیل میں ملوث افراد کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔تحقیقات کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ آیا انکت شنکھوار اور شرتھ سبرامنیم شنکر کے درمیان کوئی رابطہ یا مشترکہ نیٹ ورک موجود ہے یا دونوں کے مبینہ طور پر الگ الگ گروہ سرگرم تھے۔تاہم ممبئی پولیس نے تاحال ممبئی کی میئر اور دیگر شخصیات کو موصول ہونے والی حالیہ دھمکیوں میں انکت شنکھوار کے براہ راست کردار کی تصدیق نہیں کی ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔