• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوریگاؤں: ممبئی کیتھولک سبھا اور سنویدھان جاگر سمیتی کی ’جمہو ریت بچاؤ‘ ریلی

Updated: November 28, 2026, 3:58 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

عیسائی تنظیموں کی شہریوں سے آئین کی حفاظت، نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے کی اپیل۔

In front of the Ratna Hotel, rally participants can be seen holding placards with various slogans. Photo: INN
رتناہوٹل کے سامنے ریلی کے شرکاء مختلف نعروں والے پلے کارڈز لئے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

’یوم آئین‘ کی مناسبت سے نہ صرف یہ کہ ممبئی کیتھولک سبھا اور سنویدھان جاگر سمیتی نے مختلف مذاہب کے شہریوں کے ساتھ مل کر   ریلی نکالی بلکہ ’میرا دیش میرا ووٹ‘ نامی مہم کی تجویز بھی پیش کی ۔ اس موقع پر ریلی میں شریک افراداور تنظیم کے ذمہ داران نے شہریوں سے آئینی اقدار کو برقرار رکھنے، نفرت انگیز تقاریر ، امتیازی سلوک کا مقابلہ  کرنے اور   حکمرانوں سے جمہوریت کو قائم رکھنے کا مطالبہ کرنے کی اپیل کی۔

  یوم دستور کے موقع پرعیسائی سماج کی جانب سے دیگر سماج سے وابستہ شہریوں کے ہمراہ گوریگاؤں مغرب میںرتنا ہوٹل کے قریب  ریلی نکالی گئی جس میں مقررین نے دستور کی تمہید میں درج انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے اصولوں کو اجاگر کیا ۔انہوں نے  اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی عوام کو ان اصولوں کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سُنّی دعوتِ اسلامی کے اجتماع کے پہلے دن خواتین کاجم غفیر

اس موقع پر سینئر صحافی یوراج موہیتے اور  ایڈوکیٹ ریچل ڈی سلوا  نے کہا کہ’’ شہریوں کو اپنی بے حسی ترک کرکے سماجی اور معاشی مساوات کیلئے   اپنی حصہ داری درج کرانا چاہئے   ساتھ ہی مذہب اور طبقے کی بنیاد پر  امتیازی سلوک اور نفرت انگیز جرائم کے خلاف بھی جدوجہد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت کیلئے محض رسمی تقریبات منانا کافی نہیں بلکہ جمہوری عمل میں زیادہ گہرائی کے ساتھ عوامی شرکت ضروری ہے۔ اس کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے حکومت سے جواب طلب کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا۔

اس موقع پر سنویدھان جاگر سمیتی کے شری دھر شیلار، سماجی کارکن سلیم سابو والا، کرن ساونت اور ممبئی کیتھولک سبھا کے ڈولفی ڈی سلوا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مقررین نے جمہوری حقوق سے متعلق خدشات ظاہر کیا اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ آئینی اقدار، بالخصوص احتجاج   کے حق کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں حیرت انگیز اور قابل ذکر بات یہ کہ اقتدار میں موجود افراد خود یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ دستور اور جمہوریت خطرے میں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK