• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست میں اب ہر قانونی فلیٹ کا الگ ’ورٹیکل پراپرٹی کارڈ‘ بنے گا

Updated: November 28, 2026, 4:12 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

۳۱؍ دسمبر تک تجاویز اور اعتراضات پیش کرنے کی اپیل۔ آئندہ ۲؍ماہ میں اسے نافذ کرنے کاحکومت کا اعلان۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مہاراشٹر حکومت نے منظور شدہ عمارتوں میں ہر فلیٹ کو الگ قانونی شناخت اور ملکیت کا ریکارڈ دینے کیلئے ’ورٹیکل پراپرٹی کارڈ‘ سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر محصولات چندرشیکھر باونکلے نے بتایا کہ اس کا مسودہ جاری کر دیا گیا ہے جس پر ۳۱؍ دسمبر۲۰۲۶ء تک لوگ تجاویز اور اعتراضات پیش کرسکتے ہیں اور آئندہ ۲؍ماہ میں حتمی قوانین نافذ کر دیئے جائیں گے۔ اس فیصلے سے ریاست کے تقریباً ۷؍کروڑ شہریوں کو فائدہ ہوگا۔یہ کارڈ صرف ان ہی عمارتوں کے فلیٹ مالکان کو ملے گا جن کے نقشے منظور شدہ ہوں اور رجسٹری مکمل ہو۔ غیر قانونی تعمیرات کو اس کا فائدہ نہیں ملے گا۔

 کارڈ میں کیا درج ہوگا؟

جس طرح زمین کا سات بارہ(۱۲/۷)یا پراپرٹی کارڈ ہوتا ہے، اسی طرح اب ہر فلیٹ کا اپنا کارڈ ہوگا۔ اس میں مالک کا نام، فلیٹ نمبر، رقبہ، بینک قرض، ٹیکس کے بقایا جات اور سوسائٹی کی ذمہ داروں کی مکمل تفصیل درج ہوگی۔

آن لائن درخواست اور ڈیجیٹل کارڈ

فلیٹ مالک خود یا ہاؤسنگ سوسائٹی مشترکہ طور پر آن لائن درخواست دے سکے گی۔ تصدیق کے بعد مالکان کو ڈیجیٹل دستخط شدہ کارڈ (اور پاکٹ سائز کارڈ) فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: گوریگاؤں: ممبئی کیتھولک سبھا اور سنویدھان جاگر سمیتی کی ’جمہو ریت بچاؤ‘ ریلی

دھوکہ بازی سے حفاظت

تمام سرکاری محکموں (رجسٹریشن، بینک، مہاریرا اور بلدیہ) کا ریکارڈ آپس میں منسلک ہونے سے فلیٹ کی خرید و فروخت اور بینک لون لینا آسان ہوگا اور جائیداد سے متعلق دھوکہ بازی کے معاملات پر روک لگ جائے گی۔

مسودہ دیکھنے اور تجاویزیا اعتراضات بھیجنے کا طریقہ

 آن لائن ویب سائٹس:شہری اس مسودے کی تفصیلات محکمہ محصولات کی ویب سائٹ : rfd.maharashtra.gov.in 

اور لینڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ

bhumiabhilekh.maharashtra.gov.in 

پر دیکھ سکتے ہیں اور وہیں سے اپنی تجاویز یا اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔

نوٹس کہاں کہاں چسپاں کئے جائیں گے؟

عام شہریوں کی سہولت کیلئے اس نوٹس کو مقامی زبان میں تحصیل آفس، سب رجسٹرار آفس، لینڈ ریکارڈز کے دفاتر وغیرہ کے  نوٹس بورڈز پر بھی چسپاں کیا جا رہا ہے  جہاں شہری تحریری طور پر اپنی رائے جمع کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK