Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران پر حملہ کی مذمت، مشرق وسطیٰ کیلئے پروازیں منسوخ

Updated: March 01, 2026, 1:11 AM IST | New Delhi

خلیجی ممالک میں برسرروزگار ہندوستانیوں کےاہل خانہ میں تشویش ، کانگریس نےاُن کے تحفظ کیلئے مودی سرکار سے اقدام کا مطالبہ کیا

Shia Muslims in Jammu and Kashmir on Saturday held a protest against the US and Israel, waving posters of Khamenei, following the attack on Iran.
ایران پر حملے کے بعد سنیچر کو جموں کشمیر میں شیعہ مسلمانوں  نے خامنہ ای کا پوسٹر لہراتے ہوئے امریکہ اوراسرائیل کے خلاف احتجاج کیا

ایران پر اسرائیلی  اور امریکی حملہ کے بعد ایئر انڈیا، انڈیگو اور دیگر  ہندوستانی  ایئرلائنس نے مشرقِ وسطیٰ جانے والی اپنی  تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ  ’ ڈی جی سی اے‘ نے ایئر لائنس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے درمیان عارضی طور پر۱۱؍ممالک کی فضائی حدود سے گریز کریں۔ اس بیچ ہندوستان میں ان خاندانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے  جن کے رشتہ دار اور عزیز خلیجی ممالک میں برسرروزگار ہیں۔ کانگریس نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے  حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران اور خلیجی ممالک  میں برسر روزگار ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری  اقدامات کرے۔ 
 اچانک حملہ کی  بنا پرپروازوںکا رخ موڑنا پڑا
 مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود کے اچانک بند ہونے کی وجہ سے جب ایئرلائنس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی تھیں تو سیکڑوں پروازیں مختلف فضائی حدود میں گردش کرتی ہوئی  نظر آئیں۔ بہت سی پروازوں کا رخ موڑنا پڑا، جن میں ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب جانے والی پرواز بھی شامل   ہے ۔  یہ پرواز  دوپہر کوممبئی واپس آئی۔ ایئر انڈیا، انڈیگو، ایئر انڈیا ایکسپریس، عکاسا ایئر اور اسپائس جیٹ نے مشرق وسطیٰ  کیلئے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ صرف ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر  ہی کم از کم ۵۷؍ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔   
 حملے کی مذمت ، مودی کے دورہ پر سوال
 کانگریس  اور بائیں محاذ کی پارٹیوں  نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے دورہ کیلئے وزیر اعظم مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔  کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم  کے دورہ اسرائیل کا جشن منانے کے صرف ۲؍دن بعد ہی اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر مشترکہ حملہ کردیا۔گزشتہ چند ماہ میں فوجیوں کے جمع  ہونے کو دیکھتے ہوئے پوری طرح سے اس کا اندیشہ تھا۔ جے رام رمیش نے کہا کہ ’’اس کے باوجودوزیر اعظم مودی نے اسرائیل کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ درجہ کی اخلاقی بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور ایسا کہہ کر اپنے لئے ایک ایوارڈ بھی لے لیا۔‘‘
 ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ
 دریں اثناء لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے  ایران پر حملہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور حکومت پر زوردیا کہ مشرق وسطیٰ میں ہر ہندوستانی شہری کی حفاظت اور سلامتی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔راہل گاندھی نے حکومت ہند سے درخواست کہ وہ ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری اور فعال اقدامات کرے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال نے  کہا کہ ایران پر اسرائیل،امریکہ کی مشترکہ فوجی کارروائی اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ہندوستانی شہریوں میں گہری تشویش اور خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔
 ہندوستانی شہریوں میں خوف وہراس
  اس بیچ  دبئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق  راکٹ حملوں، فضائی دفاعی کارروائیوں اور ایئر اسپیس کے بند کئے جانے کی وجہ سے وہاں  مقیم ہندوستانیوں میں خوف و ہراس کا ماحول  ہے۔ یہی صورتحال ان تمام خلیجی ممالک میں ہے جو اسرائیل اور ایران کے حملے کی وجہ سے ایران کی جوابی کارروائی کی زد پر آئے ہیں۔ سنیچر کو ہندوستان سے لوگ خلیجی ممالک میں موجود اپنے عزیزوں  سے فون پر خیر خیریت لیتے رہے۔ 

iran israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK