Updated: October 28, 2026, 9:02 PM IST
| New Delhi
ہندوستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مغربی ایشیا تنازع میں ہندوستان نے۲۲؍ شہری کھو دیے،جن میں۱۴؍ ملاح بھی شامل ہیں، جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز کے اہم راستے میں بحری ناکہ بندی لگا دی ہے اور اہم راستے کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنا رہا ہے۔
وزارت خارجہ (MEA) کے ترجمان رندھیر جیسوال۔ تصویر: آئی این این
وزارت خارجہ (MEA) کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بدھ کو دو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہندوستان نے گزشتہ آٹھ ماہ میں مغربی ایشیا میں جاری جنگ میں اپنے۲۲؍ شہریوں کو کھو دیا ہے، جن میں۱۴؍ ملاح بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خطے میں ہندوستانی سماج کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ ان کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔جیسوال نے وزارت خارجہ کی پریس بریفنگ کے دوران کہا، ’’ہم مغربی ایشیا میں جاری تنازع پر گہری تشویش میں ہیں۔ اب تک، ہم تنازع میں۲۲؍ ہندوستانی شہریوں کو کھو چکے ہیں، جس میں۱۴؍ ملاح شامل ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’ہماری طرف سے، ہم وہاں کی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ ہم ان کی حفاظت اور بہبود کے لیے اپنی بہترین کوشش کر سکیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ٹاٹا کو مجرمانہ طور پرتباہ کیا جا رہا ہے: راہل گاندھی نے مودی شاہ کو نشانہ بنایا
واضح رہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے تجارتی جہازوں سے متعلق واقعات میں کئی ہندوستانی عملے کے ارکان ہلاک، زخمی یا لاپتہ رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز کے اہم راستے میں بحری ناکہ بندی لگا دی ہے اور بلا اجازت گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنا رہا ہے، جس سے جانی نقصان ہو رہا ہے اور توانائی اور دیگر سپلائی بھی مفلوج ہو رہی ہے۔متاثرہ ملاحوں میں سے بہت سے غیر ملکی پرچم والے جہازوں پر کام کر رہے تھے۔تاہم ستمبر میں، وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ عمان کے ساحل پر حملے کے بعد پاناما کے پرچم والے جہاز MT El Gaia پر سوار۱۴؍ ہندوستانی شہریوں میں سے۱۳؍ کو بچا لیا گیا ہے۔
ہندوستان نے تجارتی شپنگ، ملاحوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا
ہندوستان نے تجارتی شپنگ کے تحفظ اور بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کے ذریعے محفوظ آمدورفت کی بحالی کا مطالبہ کیا۔مرکزی حکومت متاثرہ عملے کے ارکان کی مدد کے لیے شپنگ کمپنیوں، جہاز آپریٹرز اور سفارتی مشنوں کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ نے ایران، آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے ارد گرد تصادم میں اضافے کے بعد ہندوستانی پرچم والے جہازوں اور ہندوستانی ملاحوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے حفاظتی ہدایات جاری کی تھی۔ حکومت نے ملاحوں اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر کوئی بھی مدد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کنٹرول روم بھی قائم کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: راجستھان گرام پنچایت الیکشن: انفلوئنسر کے فالوورز۲۰؍لاکھ، ووٹ ملے صرف۳۳
ہندوستان اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا: وزارت خارجہ
اسرائیل کے انتخابات اور دہلی کے ساتھ تعلقات میں ان کے نتائج کے اثرات پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے۔ جیسوال نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کرے گا۔ جیسوال نے کہا، ’’ہندوستان کے اسرائیل کے ساتھ اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں، اور ہم آنے والے دنوں میں ان تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ جہاں تک انتخابی نتائج کا تعلق ہے، آئیے انتظار کریں اور دیکھیں کہ کیا نتائج نکلتے ہیں۔‘‘جبکہ ہندوستان اور اسرائیل کے دفاع، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی اور کئی دیگر شعبوں میں قریبی تعلقات ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے۲۸؍ فروری کو ایران پر بمباری کی اور ان کے سپریم لیڈر اور دیگر اعلیٰ حکام کو قتل کر دیا۔ تہران نے خلیج بھر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا کر اور آبنائے ہرمز جو ایک اہم عالمی شپنگ روٹ ہے، سے ٹریفک کو محدود کر کے جوابی کارروائی کی ۔