Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا،‘‘ایران میں ایک پنڈت کی تقریر وائرل

Updated: July 05, 2026, 7:03 PM IST | Tehran

ایران میں ایک پنڈت نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، ان کا یہ بیان اس وقت آیا جب وہ امام علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کرنے ایران گئے ہوئے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ایران میں خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کرنے گئے ایک پنڈت نے کہا کہ ایران نے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، ان کا بیان انٹرنیٹ پر وائرل ہے،  واضح رہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی جنازے کی تقریب جاری ہے اور انہیں۹؍ جولائی کو سپردِ خاک کیا جائے گا، جو ۲۸؍ فروری کو امریکہ-اسرائیل کے مشترکہ حملے میں ان کی ہلاکت کے تقریباً چار ماہ بعد ہے۔

بعد ازاں اس تقریب میں ہندوستان سے متعدد افراد ایرانی حکومت کی دعوت پر شریک ہو رہے ہیں۔ ان میں اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج سے تعلق رکھنے والے پنڈت وجے کمار شرما بھی شامل ہیں، جن کی یومِ قدس کی تقریر انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس تقریر میں وہ امریکہ پر سخت تنقید کرتے اور ایران کی طاقت کو سراہتے سنائی دے رہے ہیں۔اس ویڈیو نے انٹرنیٹ، خاص طور پر ہندوستانیوں کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے، جو یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا ایران کی مکمل حمایت ضروری ہے یا ہندوستانیوں کو متوازن رویہ اپنانا چاہیے۔ تقریر میں شرما نے ایرانیوں کے تعلق سے کہا کہ ”یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی امریکہ سے خوف نہیں کھایا، ہمیں ایران کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ برسوں سے ہم انتظار کر رہے تھے، دنیا انتظار کر رہی تھی کہ کوئی امریکہ کو اس کا مقام دکھائے۔ ایران نے امریکہ کو گھٹنوں کے بل لا دیا۔‘‘اس کے بعد انہوں نے ایرانیوں کی ہمت کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’حسینیت کا مطلب ہے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا اور آیت اللہ خامنہ ای ہمیشہ مظلوموں اور غریبوں کے ساتھ کھڑے رہے۔‘‘دراصل ہندوستان کے مختلف شعبوں سے وابستہ کئی افراد نے تہران میں خامنہ ای کی جنازے میں شرکت کی اور مقتول رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان شرکاء میں کانگریس لیڈر اور سابق وزیرِ خارجہ سلمان خورشید، رکنِ پارلیمنٹ پون کھیڑا، سابق جموں و کشمیر وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی، اور جموں و کشمیر انجمنِ شریعیہ شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی پر مشتمل ایک وفد نے۳؍ جولائی کو سب سے پہلے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ۴؍جولائی کو مرکزی وزیرِ مملکت پبترا مارگریٹا اور بہار کے گورنر سید عطا حسین نے جنازے کی تقریب میں شرکت کی اور حکومتِ ہند اور ہندوستانی عوام کی طرف سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھئے: مرحوم خامنہ ای کے جنازے میں ۱۴؍ ماہ کی پوتی کا تابوت مرکز توجہ، سوشل میڈیا غمگین

یاد رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو جنازے کی دعوت دی تھی۔ خامنہ ای کا مرکزی جنازہ۶؍جولائی کو طے ہے۔ اس وقت ان کا تابوت تہران میں امام خمینی عظیم مصلیٰ میں عوام کی دیدار کے لیے رکھا گیا ہے۔ جبکہ ۷؍ جولائی کو مقدس شہر قم میں تقریبات ہوں گی، اور۹؍ جولائی کو خامنہ ای کے آبائی شہر مشہد میں تدفین ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK