تہران کو سمجھانےکیلئے ٹرمپ انتظامیہ چین سے رجوع، سفارتکاری سے مسئلہ حل کرنے کی پیشکش، یورپی یونین بھی پریشان، اسلامی جمہوریہ سےایسا نہ کرنے کی اپیل کی
EPAPER
Updated: June 24, 2025, 12:18 AM IST | Tehran
تہران کو سمجھانےکیلئے ٹرمپ انتظامیہ چین سے رجوع، سفارتکاری سے مسئلہ حل کرنے کی پیشکش، یورپی یونین بھی پریشان، اسلامی جمہوریہ سےایسا نہ کرنے کی اپیل کی
ایران نے سخت تیوروں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے نیوکلیائی ٹھکانوں پر امریکی حملے کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ پوری دنیا کیلئے تیل سپلائی کے حوالے سے شہ رگ کی حیثیت رکھنے والی اس بحری گزرگاہ کو بند کرنے کی ایرانی پارلیمنٹ نے منظوری دید ہے۔اب اس پر صرف سپریم نیشنل سیکوریٹی کونسل کی مہر باقی ہے۔ پوری دنیا کو سپلائی ہونےوالے تیل اور گیس کا ۲۰؍ فیصد اس سمندری راستے سےگزرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بند کرنے یا اس کی ناکہ بندی کے امکان نے ہی پوری دنیا میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ واشنگٹن نے تہران کو اس سے روکنے کیلئے چین سے رجوع کیا ہے جبکہ یورپی یونین نے بھی اسے ’’انتہائی خطرناک‘‘ اقدام قرار دیتے ہوئے ایران سے ایسا نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایران کو سمجھانے کیلئے بیجنگ سے اپیل
ایرانی پارلیمنٹ میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی تجویز منظور ہونے کے بعد امریکہ کے خارجہ سیکریٹری مارکو روبیو نےچین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیلئے سمجھائے۔ روبیو جو ٹرمپ کے نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزر کے طورپر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، نے امریکی ٹی وی سے گفتگوکرتےہوئے کہا ہے کہ ’’میں چینی حکومت سے اپیل کرتاہوں کہ وہ ایران سے بات کرےکیوں کہ وہ خود بھی تیل کیلئے پوری طرح سے آبنائے ہرمز پر ہی منحصر ہیں۔‘‘ اس کےساتھ ہی روبیو نےکہا ہے کہ ’’اگر وہ ایسا کچھ کرتے ہیں تو یہ ان کی ایک اور بڑی غلطی ہوگی، یہ ان کیلئے معاشی خود کشی ہوگی۔ ہمارے پاس اس سے نمٹنے کے متبادل ہیں مگر کئی ممالک ایسے ہیں جو پوری طرح آبنائے ہرمز پر انحصار کرتے ہیں۔‘‘
یورپی یونین بھی پریشان
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کایا کلاس نے بھی ایران کے ذریعہ آبنائے ہرمز کو بند کئے جانے کے امکان پر پریشانی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ کسی کیلئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔‘‘ انہوں نے پیر کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ میٹنگ سے قبل میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ’’جوابی کارروائی اور اس جنگ میں اضافہ کے خدشات بہت زیادہ ہیں، خاص طور پر ایران کی طرف سے آبنائے ہرمز کو بند کرنا ایک ایسا اقدام ہے، جو انتہائی خطرناک اور کسی کیلئے بھی اچھا نہیں ہو گا۔‘‘
بیجنگ کا عالمی برادری کو انتباہ
اس بیچ بیجنگ حکومت نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے خطرے کے پیش نظر ایران کے حوالہ سے بحران کے خاتمے کیلئے کام کرے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین عالمی برادری سے یہ مطالبہ بھی کر رہا ہے کہ وہ خطے میں عدم استحکام کے اثرات عالمی معیشت پر پڑنے سے روکے۔انہوں نے کہا کہ خلیج اور اس کے آس پاس کے سمندری راستے مال برداری کے ساتھ ساتھ توانائی کے لیے ایک اہم بین الاقوامی راستہ ہیں اس لئے خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا بین الاقوامی برادری کے مفاد میں ہے۔